Ghar Badalna Aik Kathin Marhala - Article No. 2019

Ghar Badalna Aik Kathin Marhala

گھر بدلنا ایک کٹھن مرحلہ - تحریر نمبر 2019

سامان کی پیکنگ لوڈنگ اور ان لوڈنگ کے مفید اور کار آمد مشورے گھر کے مکمل سازوسامان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ بحفاظت اور صحیح سلامت پہنچانا ایک ہنر ہے

بدھ 27 مارچ 2019

مسافر ت یہ ایک ایسا لفظ اور ایساتجربہ ہے جو ہم میں سے ہر ایک کے ساتھ پیش آسکتا ہے ۔
ملازمت کے سلسلے میں ‘کاروبار کے سلسلے میں ‘شادی اور تعلیم وغیرہ کے سلسلے میں ۔ہم میں سے بہت سے لوگ ایسے ہوتے ہیں جو ملازمت کے سلسلے میں ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ کرتے رہتے ہیں ۔
میراتعلق اسی کیٹیگری سے ہے ۔یعنی ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ ہونے والی۔

اسی لئے ہم سب کی زندگی مسافرت کی زندگی رہی ہے ۔اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رہا جب تک میرے شوہر ریٹائر نہیں ہو گئے ۔
ایسی مسافرتوں کے درمیان ہم نے شفٹ ہونے کے اتنے وسیع تجربات حاصل کرلئے جو شاید بہت کم لوگوں کو حاصل ہوئے ہوں گے ۔ہمارے ساتھ تو یہ بھی ہوتا تھا کہ ہم اکثرایک شہر سے دوسرے شہر ہی منتقل نہیں ہوتے بلکہ بعض اوقات ایک ہی شہر میں کئی کئی مکان بھی تبدیل کرنے پڑتے تھے ۔

(جاری ہے)

ایک محلے سے دوسر امحلہ ۔دوسرے سے تیسرا اور اس کی مختلف وجوہات بھی تھیں۔
ہر جگہ رہنے کے لئے کوارٹر بھی نہیں ہوا کرتے تھے ۔خاص طور پر چھوٹے شہروں اور قصبوں میں تو یہ دشواری اور بھی زیادہ تھی ۔اس زمانے میں سامان کو پیک کرنے اور کھول کر لگانے والے ادارے بھی نہیں ہوا کرتے تھے جو آج کل عام طور پر شہروں میں ہوا کرتے ہیں ۔اسی لئے سارا کام خود ہی کرنا پڑتا تھا۔

اور اگر ایسے لوگ ہوتے بھی تو شاید میں انہیں اس بات کی اجازت نہیں دیتی کہ اجنبی لوگ میرے سامان کو کھول بند کریں ۔اس لئے ہم سب مل جل کر یہ کام انجام دیا کرتے ۔شروع شروع میں تو بہت کوفت ہوا کرتی تھی ۔پھر رفتہ رفتہ ہم سب کو سامان کی پیکنگ اور انہیں کھولنے لگانے میں لطف آنے لگا ۔ہم اس دشوار کام کو ایک تفریح سمجھ کر کیا کرتے تھے ۔
اس مضمون کو لکھنے کا مقصد یہ ہے کہ آپ بھی اگر ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ ہونے کے مرحلے میں ہوں تو میرے تجربات سے فائدہ اٹھائیں اور شفٹ ہوتے ہوئے مندرجہ ذیل باتوں کو دھیان میں رکھیں۔

نگرانی کے لئے موجود رہیں
بہت سے لوگوں کی یہ عادت ہوتی ہے کہ وہ اپنے سامان کو پیکنگ کا کام شاہانہ انداز سے مزدوروں کے سپرد کرکے ایک طرف ہو جاتے ہیں ۔آپ ہر گز ایسا نہ کریں ۔
میرا مشورہ یہ ہے کہ گھر کا کم از کم ایک آدمی ایسا ضرور ہو جو سامان کے اتارنے اور چڑھانے کے وقت مزدوروں کے پاس رہے ۔ورنہ نقصان کا اندیشہ ہے اور یہ بات ہمیں تجربے کے ذریعے معلوم ہو سکتی ہے ۔

میری بیٹی کو ایک باوقار کا لج میں لیکچرشپ کے انٹرویو کے لئے بلایا گیا تھا۔یہ بہت شارٹ نوٹس تھا ۔ہمیں فوراً روانہ ہونا تھا۔
اس لئے جلدی جلدی سامان کی پیکنگ وغیرہ شروع ہو گئی۔
جلد بازی کی وجہ سے ہم نے لوڈنگ ان لوڈنگ کی ذمہ داری مزدوروں کے سپرد کردی اور اس کا وہی انجام ہوا جو ہوا کرتا ہے ۔جب ہماراسامان منزل پر اتار ا گیا تو وہ تباہ ہو چکا تھا۔

نہ جانے کتنے قیمتی اور خوبصورت برتن ٹوٹ چکے تھے ۔خاص طور پر کھانے کی میز تو بالکل تباہ ہو گئی تھی ۔
بس اس دن کے بعد سے یہ ہمارا تجربہ ہے کہ ساما ن کے اتار چڑھاؤ کے وقت گھر کا کوئی فرد ضرور ساتھ ہونا چاہئے تا کہ وہ اپنی نگرانی میں یہ کام کرواسکے ۔مزدوروں کو آپ کے سامان سے کیا دلچسپی ہو سکتی ہے ؟
سامان کی تقسیم
سامان کی پیکنگ کرتے ہوئے یا اسے لوڈ ان لوڈ کرتے ہوئے آپ کو ان کی اہمیت اور فوری ضرورت کو ضرور پیش نظر رکھنا چاہئے اور سامان اتارتے ہی سب سے پہلے انہیں فوری طور پر کھول لینا چاہئے۔

مثال کے طور پر رات سونے کے لئے بستر اور چادریں وغیرہ اور کھانا اور چائے وغیرہ پکانے اور بنانے کے سامان اور برتن۔
اس طرح ہر سامان کی ضرورت اور اہمیت کو اس کے پیش نظر رکھیں ۔یہ دیکھیں کہ کس چیز کی ضرورت آپ کو فوری طور پر ہو سکتی ہے اور کس چیز کی ضرورت دو چار دنوں کے بعد ۔یعنی اس کے بغیر بھی کام چل سکتا ہے ۔
پیکنگ کرتے اور کھولتے وقت اس اہمیت اور ضرورت کو ضرور سامنے رکھیں۔

یہ بات تو طے ہے کہ آپ اپنے پورے گھر کو صرف ایک ہی دن میں سیٹ نہیں کرسکتیں ۔اس لئے آپ کو جلد بازی یا گھبراہٹ کی ضرورت نہیں ہے ۔
جب آپ کچن کا سامان سمیٹنے لگیں تو یقینا چھوٹے برتنوں کو بڑے برتنوں کے اندر رکھتی چلی جائیں گی۔
جب یہ مرحلہ ہوتو ہر برتن کے درمیان کا غذ یا کپڑے کا ٹکڑا ضرور رکھا کریں تاکہ برتنوں میں خراچ نہ آئے ۔

بوتلوں اور کراکری کو الگ ڈبوں میں بند کریں اور ان کو خوب مضبوطی سے پیک کریں اور ٹوٹ پھوٹ سے محفوظ رکھنے کے لئے ان کے درمیان کپڑے خوب اچھی طرح ٹھونس دیں ۔پیکنگ کے ڈبے کی تہ میں کاغذ یا کپڑا ضرور بچھادیں۔
یاد رکھیں کہ اگر آپ نے ڈبے کے اوپر احتیاط سے کام لیں بھی لکھ دیا تو بھی کوئی ضروری نہیں ہے کہ مزدوری کو آپ کے اس لکھے سے کوئی دلچسپی ہو۔

کتابوں کی پیکنگ
بہت سے لوگوں کے پاس ڈھیرسی کتابیں ہوا کرتی ہیں اور وہ جہاں جاتے ہیں کتابیں ان کے ساتھ ساتھ چلتی ہیں ۔اس لئے انہیں بھی یہ معلوم ہونا چاہئے کہ کتابیں کس طرح خوش اسلوبی کے ساتھ پیک ہو سکتی ہیں ۔
بہتر یہی ہے کہ اس سلسلے میں بھی آپ کیٹیگری بناتے جائیں ۔
ہوسکتا ہے کہ آپ نے کتابیں لکڑی یا لوہے وغیرہ کے شیلف میں رکھ کر اوپر سے مضبوط پیکنگ کردی ہو ۔
تو بھی اس بات کی کوئی ضمانت نہیں ہے کہ اس طرح آپ کی کتابیں محفوظ رہیں گی ۔
اگر کتابوں کو اندر خوب اچھی طرح باندھ کر نہ رکھاگیا تو وہ برباد ہو سکتی ہیں ۔کیونکہ شیلف کو اتارتے اور چڑھاتے ہوئے کتابیں اندر سے الٹ پلٹ سکتی ہیں ۔
گھر میں بچے ہیں جو کالج اور اسکول وغیرہ جاتے ہیں اپنی کتابوں کو ان کی کتابوں میں مکس نہ کریں بلکہ علیحدہ کارٹن میں پیک کرلیں ۔
پھر کتابوں کو ان کی نوعیت کے لحاظ سے بھی پیک کریں ۔جیسے مذہبی کتابیں ‘جنرل کتابیں ‘دکشنری ‘کہانیوں اور شاعری کی کتابیں۔ ناول اور میگزین وغیرہ۔
ان باتوں کا انحصار اس ڈبے کے سائز اور کتابوں کی تعداد پر ہوا کرتا ہے ۔
کارٹن پر ہمیشہ موٹے مار کر سے لکھیں ۔جیسے اس ڈبے میں کون کون سی کتابیں ہیں ۔اور اس ڈبے میں کون سے موضوعات ہیں ۔
اتنا ہی نہیں بلکہ مزید آسانی کے لئے آپ ڈبے پر یہ بھی تحریر کر سکتی ہیں کہ یہ ڈبہ کس کمرے میں جائے گا۔
مثال کے طور پر ڈبے میں بچوں کی کتابیں ہیں۔ان پر یہ لکھا جا سکتا ہے بچوں کا کمرہ یا اسٹڈی روم ۔یا جیسا آپ مناسب سمجھیں ۔اس سے آسانی یہ ہو گی کہ اگر سامان اتارتے وقت آپ نہ بھی ہوں تو بھی سامان اتارنے والا ڈبے پڑھ پڑھ کر تحریر کردہ کمروں میں ڈبوں کو پہنچا تا رہے گا۔

اور اس سے یہ فائدہ ہو گا کہ آپ غیر ضروری طور پرڈبو کو ایک کمر ے سے دوسرے کمرے میں لے جانے سے بچ جائیں گے۔
فرنیچرز
فرنیچر کو منتقل کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ کپڑوں کی درازوں ‘کتابوں کے شیلف اور میز کی درازوں وغیرہ کو بالکل خالی کرلیں اور ان چیزوں کو بکسوں یا ڈبوں میں بند کرلیں۔
اس طرح آپ کا فرنیچر ہلکا ہو جائے گا اور ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے میں آسانی ہو گی۔

اگر آپ نے ان سب کو ایک ساتھ اسی طرح چھوڑ دیا تو پھر سب چیزیں ایک دوسرے سے خلط ملط ہو جائیں گی ۔اگر ممکن ہوتو میزوں وغیرہ سے شیشے اتار کر انہیں علیحدہ علیحدہ پیک کرلیں۔
ہم قسم کے فرنیچر کو خوب اچھی طرح کپڑوں سے ڈھانک دیاکریں۔ اس طرح شفٹنگ کے وقت آپ کے فرنیچر ز خراشوں سے محفوظ رہیں گے ۔
درازوں وغیرہ کو خوب اچھی طرح باندھ دیں کیونکہ ہمارا تجربہ ہے کہ لمبے سفر کے دوران یہ درازیں وغیرہ کھل جایا کرتی ہیں ۔
کشن اور پوشش والے فرنیچرز کو کپڑوں سے ڈھانک کر باندھا کریں۔
قیمتی اور الیکٹرانک کے سامان
قیمتی چیزوں کو سفر کے دوران ہمیشہ اپنے پاس رکھیں ۔جیسے جیولری وغیرہ۔ آپ نے الیکٹرانک کا سامان خریدا ہے تو یہ سامان جس ڈبے میں آتا ہے ۔اس میں ایک خاص انداز کی پیکنگ ہوتی ہے ۔اس کے اندر تھر موپور وغیرہ ہوتا ہے ۔آپ ان ڈبوں کو سنبھال کر رکھا کریں ۔
پھر جب آپ ایک جگہ سے دوسری جگہ شفٹ ہوں گی تو پیکنگ میں آپ کو بے انتہا آسانی ہو جائے گی ۔ان کو ڈبوں میں اس طرح پیک کریں جس طرح وہ آئے تھے۔
ٹرک پر لوڈ کرتے وقت انہیں بہت احتیاط سے اس طرح رکھیں کہ یہ لڑھک نہ سکیں ۔اور رسی کے ساتھ مضبوطی سے بند ھو الیں۔
چھوٹی چھوٹی ایسی بے شمار چیزیں ہوتی ہیں ۔جن کے لئے توجہ اور احتیاط کی ضرورت ہوتی ہے ۔
مثال کے طور پر آپ کی سلائی مشین ۔اگر آپ نے پیکنگ کے وقت اس کی بیلٹ نہیں اتاری تو اس کا پہیہ چلتا رہے گا ۔اور اس کی سوئی ٹوٹ جائے گی۔
کارٹن کو بند کرنے کے لئے پیکنگ ٹیپ استعمال کریں ۔اگر ٹیپ کی بجائے آپ نے رسی استعمال کی تو پھر اس بات کا بھی دھیان رکھیں کہ انہیں اٹھانے والے رسیاں پکڑ کر نہ اٹھایا کریں بلکہ پورے ڈبے کو اٹھائیں۔
پودے
آپ اگر اپنے ساتھ پودے بھی لے جانا چاہتی ہیں توآپ کو چند اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔
یا تو ان کو بو کے اور ڈبوں میں رکھیں یا پھر پولی تھین کی تھیلی میں لپیٹ لیں ۔
آپ مکان خالی کرتے وقت یہ سوچ کر نہ چھوڑدیں کہ اس کی صفائی ستھرائی آنے والوں کا کام ہے یہ ان کی ذمہ داری ہے ۔یہ کوئی اچھی بات نہیں ۔مکان چھوڑ کر جاتے وقت صفائی کے ذریعے آپ اپنی شخصیت کا تاثر بھی چھوڑ جائیں ۔
ٹرک میں دیکھیں کہ تار پولین سامان کو ڈھکنے کے لئے موجود ہے یا نہیں ۔
خاص طور پر جب سامان دور
دراز لے جایا جارہا ہو۔کیونکہ آپ کویہ اندازہ نہیں ہو سکتا کہ راستے میں کہاں بارش ہو جائے اور آپ کا سامان بھیگ کر خراب ہو جائے۔
اگر آپ نے اپنا سارا سامان پیک کر لیا ہے تو اس کی فہرست بنالیں اور ٹرک کے روانہ ہونے سے پہلے ایک دفعہ چیک بھی کرلیں ۔اور جب سامان اترنے لگے تو فہرست سے ملالیں ۔اس کے علاوہ بھی خوب اچھی طرح ٹرک کو دیکھ لیں کہ آپ کی کوئی چیز رہ تو نہیں گئی ۔
لہٰذا سامان کو ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچانا ایک آرٹ ہے ۔اور امید ہے کہ میرے تجربے اس ہنر میں آپ کے کام آئیں گے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Ghar Badalna Aik Kathin Marhala" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.