Girte Balon Se Na Hoon Pareshaan - Article No. 2726

Girte Balon Se Na Hoon Pareshaan

گرتے بالوں سے نہ ہوں پریشان - تحریر نمبر 2726

دو مونہے اور جھڑتے بالوں کا کریں قدرتی علاج

جمعرات 4 نومبر 2021

ایک بھی بال آپ کے سامنے گرے تو بڑا صدمہ ہوتا ہے۔دنیا کی کوئی خاتون کبھی نہیں چاہے گی کہ اس کے بال گرتے رہیں۔پچھلے وقتوں میں بھی بالوں کو حسن کا پیمانہ اور شخصیت کا معیار قرار دیا جاتا تھا آج بھی ہماری فکر کے زاویئے وہی ہیں۔دراصل بال شخصیت کا ایسا حصہ ہیں جو کبھی بھی فیشن یا ماحول سے الگ نہیں کئے جا سکتے۔
بال گرنے لگیں،دو منہ کے ہونے لگیں یا بڑھنا رک جائیں تو پس منظر میں کئی وجوہات ہو سکتی ہیں اور ابتدائی اسباب کی نشاندہی کرنا بہت مشکل ہوتا ہے جس کی وجہ سے بالوں کے گرنے کے مسئلے کو دواؤں کے ذریعے حل کرنے میں دشواری ہوتی ہے۔

سر کی جلد پر جراثیم یا پھپوند کا حملہ بھی ایک اہم وجہ ہو سکتی ہے اور جسم میں کسی جگہ انفیکشن کی صورت میں بھی بال گرنا شروع ہو سکتے ہیں تا ہم ذرا اپنے روزمرہ کے معمولات پر بھی دھیان دیں۔

(جاری ہے)

کیا آپ خود تو اپنے بالوں کو نقصان نہیں پہنچا رہیں یعنی کہیں آپ اشتہاروں سے متاثر ہو کر کبھی بھی،کوئی بھی شیمپو استعمال کرنے لگتی ہیں؟یا بالوں کو بار بار ڈائی کروا رہی ہیں؟پانی کم پیتی ہیں اور سبزیاں پھل نہیں کھاتیں بہرحال زیر نظر مضمون میں آسان،سادہ اور قابل عمل مشورے دیئے جا رہے ہیں پڑھیئے․․․
سکری اور خشکی کے علاج کے لئے
تین یا چار لیموں کا رس نکال لیں اور بالوں کی جڑوں تک اس رس سے مساج کریں۔

آدھے گھنٹے بعد سرسوں کے تیل سے اسی طرح مالش کریں۔بعد ازاں باریک کنگھی سے سر صاف کر لیں سکری اور خشکی جھڑ جائے گی۔اگر بال دو مونہے ہوں تو انہیں بھی ہاتھ میں لے کر اسی طرح مالش کی جائے۔خشکی دور کرنے کی یہ سادہ اور آسان تجویز ہر ایک کے لئے قابل عمل ہے۔اس سے اندرونی جلد میں موجود خون کی باریک شریانوں میں قوت اور سرعت پیدا ہو گی جس سے سر کے تمام بالوں کو خون کی فراہمی بھی شروع ہو جائے گی۔
تازہ خون بالوں کی جڑوں تک پہنچے گا تو ان میں جان بھی پیدا ہو گی اور بال ٹوٹنے کا سلسلہ بھی رکے گا۔
بال سادگی سے دھونا بھی سیکھ لیں:
دیسی انڈے 2 عدد
روغن بادام 5 ملی لیٹر
لیموں کا رس 5 ملی لیٹر
آملہ 2 عدد
آملہ پیس کر ان تمام اشیاء میں ملا لیں۔ایک پیسٹ بنا کر 5 منٹ تک بالوں کی جڑوں اور سروں تک لگائے رکھیں۔ہلکے ہاتھوں سے بالوں کو ملیں اور نیم گرم پانی سے بال دھو لیں۔
یہ بھی ایک سستا اور قابل عمل علاج ہے۔لیموں میل کاٹتا ہے‘آملہ بالوں کی قدرتی غذا ہے۔روغن بادام بالوں میں چمک دمک لائے گا اور یہ سادہ سا ایگ شیمپو ہر طرح کے کیمیائی اثرات سے بھی مبرا ہے۔ہر روز نہ سہی بالوں کے مسائل میں ضرور استعمال کریں۔
بالوں کی کمزوری دور کرنے کے لئے
بالوں کی کمزوری کی ایک اہم وجہ متوازن غذا اور لڑکیوں میں بڑھتا ہوا ڈائننگ کا رجحان ہے۔
اپنی غذا میں مچھلی‘سبزیاں‘پھل‘دالیں‘سرخ گوشت‘خشک میوہ جات اور دودھ یا دہی کو توازن کے ساتھ شامل کر لیں اور بھوکا رہنے کی عادت ترک کر دیں۔
ورزش میں یوگا آسن کا بہتر انتخاب کیا جا سکتا ہے کیونکہ یوگا تو سونے کے کمرے میں بھی کیا جا سکتا ہے اور اس کے لئے چہل قدمی کرنے کے لئے دریا‘سمندر کنارے یا پارکوں میں جانے کا اہتمام بھی نہیں کرنا پڑتا۔
بس یہ دھیان رہے کہ جس جگہ ورزش کر رہے ہوں وہاں تازہ ہوا کا گزر ہونا لازمی ہے تا کہ نظام تنفس کو آکسیجن مل سکے۔
گھریلو ترکیب بھی آزمائیے:
دال ماش 200 گرام
مہندی کے پتے 100 گرام
کلونجی 50 گرام
ان تمام اشیاء کو باریک پیس کر دہی میں ملا لیں۔اس پیسٹ کو بالوں میں لگا لیں اور دو گھنٹے بعد بال دھو لیں۔بے بی شیمپو استعمال کرنا قدرے بہتر ہے کیونکہ یہ نسبتاً ہلکا اور تیز خوشبو دار نہیں ہوتا۔

چند تیلوں کو ملا کر لگانے سے بال بہتر ہو جاتے ہیں مثلاً روغن ارنڈ 100 ملی لیٹر روغن بادام 100 ملی لیٹر‘روغن ناریل 100 ملی لیٹر اور روغن تارا میرا بھی 100 ملی لیٹر اسی طرح سرسوں کا تیل بھی اسی وزن میں ملا کر شیشے کی بوتل میں محفوظ کر لیں۔ہفتے میں دو بار بھی استعمال کر لیا جائے تو بالوں کا روکھا پن بھی دور ہوتا ہے اور قدرتی چمک پیدا ہو جاتی ہے۔چند ہی ہفتوں میں بال گھنے‘سیاہ اور مضبوط ہو جاتے ہیں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Girte Balon Se Na Hoon Pareshaan" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.