Halki Phulki Nazuk Jewellery - Article No. 3150

Halki Phulki Nazuk Jewellery

ہلکی پھلکی نازک جیولری - تحریر نمبر 3150

گرمیوں کے موسم میں یہ دلکشی میں اضافہ کرتی ہے

منگل 6 جون 2023

زینب مغل
خواتین کی زیب و زینت میں زیورات کو اول مقام حاصل ہے۔البتہ وقت کی تبدیلی کے ساتھ زیورات کی دھات اور ان کی بناوٹ کے علاوہ اسٹائل میں بھی فرق آنے لگا ہے تاہم خواتین خوبصورت نظر آنے کیلئے زیورات پہنتی ضرور ہیں خواہ وہ سونے،چاندی کے ہوں یا پھر پلاسٹک،ہاتھی دانت یا پھر مصنوعی جیولری ہی کیوں نہ ہو۔جیولری کے انتخاب میں آپ کے ذوق کو بھی بہت زیادہ اہمیت حاصل ہے،موقع محل کی مناسبت سے زیور کا انتخاب کرنا ہی اصل فن ہے۔
گرمیوں میں تو اس بات کی اہمیت اور بھی زیادہ بڑھ جاتی ہے۔اگر ایسے موسم میں آپ کسی تقریب میں شرکت کر رہی ہیں اور چمک دمک والے کپڑے پہن رکھے ہیں اور سب سے بڑھ کر جھلملاتی جیولری آپ کی شخصیت کو بجائے اُجاگر کرنے کے ماند کر دیتی ہے۔

(جاری ہے)

کیونکہ اگر گرم موسم کی شادی بیاہ کی تقریبات میں موسم کی مناسبت سے ہلکی پھلکی جیولری کا استعمال کیا جائے تو یقینا اس سے آپ کی شخصیت کا حسن نمایاں ہو گا،جب ہر طرف جھلملاتی جیولری سے آنکھیں خیرہ ہو رہی ہوتی ہیں تو ایسے میں آپ کی نفاست سے استعمال کی ہوئی جیولری یقینا ماحول پر ایک اچھا اثر ڈالے گی اور اس سے آپ کے ذوق کا بھی اندازہ ہو گا کہ آپ فیشن کے ساتھ ساتھ موسم کا بھی خاص خیال رکھتی ہیں۔


نازک ٹاپس یا چھوٹی موٹی بالیاں یقینا دیکھنے والوں پر اچھا تاثر ڈالتی ہیں،نوجوان لڑکیوں کی شخصیت پر چھوٹی سی چین یا ٹاپس خوبصورت معلوم ہوتے ہیں۔گولڈ کے علاوہ آج کل مارکیٹ میں بہت سی خوبصورت امیٹیشن جیولری بھی باآسانی دستیاب ہے جو بہت زیادہ مہنگی بھی نہیں ہوتی اور دیکھنے میں خوبصورت بھی معلوم ہوتی ہے۔اس سے آپ کی شخصیت میں نزاکت کا تاثر اُجاگر ہوتا ہے۔
گرمیوں میں ہلکی پھلکی جیولری کا انتخاب آپ کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھتا ہے۔نازک جیولری آپ کی شخصیت کو پُرکشش بناتی ہے اور اس سے آپ میں وقار پیدا ہوتا ہے بشرطیکہ آپ نے جیولری کا انتخاب اپنی شخصیت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہو۔
بڑی عمر کی خواتین کے ہاتھوں میں گولڈ کی چوڑیاں خوبصورت معلوم ہوتی ہیں۔اسی طرح نوجوان لڑکیاں اگر ہاتھ میں کانچ کی چوڑیاں یا کوئی خوبصورت کڑا،بریسلٹ استعمال کریں تو وہ زیادہ خوبصورت معلوم ہوں گی۔
اسی طرح عام گھریلو تقریب میں نازک خوبصورت امیٹیشن جیولری سے بھی کام چلایا جا سکتا ہے۔گولڈ کا استعمال قریبی رشتہ داروں کی شادی بیاہ کی تقریبات میں کیا جائے تو وہ زیادہ خوبصورت معلوم ہو گا۔
بہت سی خواتین کی عادت ہوتی ہے کہ وہ ہر وقت گلے،کانوں اور ہاتھوں میں کچھ نہ کچھ پہن کر رکھتی ہیں اس سے انہیں خود تو کوئی پریشانی نہیں ہوتی لیکن دیکھنے والوں کو ضرور الجھن ہوتی ہے۔
ایسی خواتین جو ہر وقت کچھ پہننے کی عادی ہوں انہیں چاہیے موقع محل کی مناسبت سے زیور کا انتخاب کریں۔زیور ہر عورت کی کمزوری ہے،ہر عورت خود کو زیور کے بغیر ادھورا محسوس کرتی ہے۔ہمارے معاشرے میں زیور کا استعمال خواتین کی حیثیت کو متعین کرتا ہے۔کسی بھی تقریب میں جو خاتون زیادہ سونا پہن کر بیٹھی ہو،لوگ یہ سوچ لیتے ہیں کہ یہ بہت امیر ہے حالانکہ یہ درست نہیں صرف امارت دکھانے کیلئے سونا لاد لینا آپ کی امارت ظاہر کر دیتا ہے لیکن اس سے آپ کے ذوق کا بھی پتہ چل جاتا ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Halki Phulki Nazuk Jewellery" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.