Hina Ke Bina Singhar Udhora - Article No. 2614

Hina Ke Bina Singhar Udhora

حنا کے بنا سنگھار ادھورا - تحریر نمبر 2614

مہندی وہی جو ہو رچنے والی

جمعہ 11 جون 2021

تمثیلہ زاہد
صنف نازک کے سنگھار میں مہندی کا کردار کچھ کم اہمیت نہیں رکھتا۔عید کا تہوار ہو یا شادی کی تقریب،سالگرہ کی خوشی کا موقع ہو یا گھر میں کوئی بڑی تقریب کا اہتمام ہو․․․․مہندی کی شوقین لڑکیاں ہوں یا خواتین انہیں اپنا ہار سنگھار مہندی کے بغیر ادھورا لگتا ہے۔مہندی کے رنگ عید کے تہوار ہی پر نہیں بکھیرے جاتے بلکہ خوشیوں کے ہر موقع پر خاص طور پر خاندان میں شادی کی تقریب کے موقع پر سب ہی لڑکیاں مہندی کے فنکشن سے قبل اپنے ہاتھوں کو حنا کے رنگوں سے سجا کر مکمل کر لیتی ہیں۔
حنا کی اس سرخی نے ماضی سے لے کر اب تک کے سفر میں کئی ادوار دیکھے ہیں ماضی میں مہندی یعنی حنا کا استعمال فطری اور روایتی انداز میں کیا جاتا تھا۔کسی کسی گھر میں مہندی کی باڈھ لگا کرتی تھی۔

(جاری ہے)

اس باڈھ سے پہلے سبز پتیاں توڑ کر سکھائی جاتی تھیں پھر ان سوکھی پتیوں کو سل پر پیسا جاتا تھا۔یہ پسی ہوئی مہندی مٹی کی کٹوریوں میں ڈال دی جاتی تھیں۔


مٹی کی کٹوریوں میں گھول کر ڈالنے کی وجہ یہ تھی کہ اس سے تادیر مہندی تازی رہتی تھی،پہلے بڑی بوڑھی خواتین اور نوجوان لڑکیاں تنکوں کی مدد سے اس حنا کو اپنے ہاتھوں اور پیروں پر گول ٹکیاں بنایا کرتی تھیں۔عین وسط میں گول ٹکیاں بنا کر انگلیوں کی پوروں کو بھی ناخنوں سمیت رنگ لیا جاتا تھا۔بوڑھی خواتین ہتھیلی میں تھوڑی سی مہندی بھر کر مٹھی بند کر لیتی تھیں۔
پوری ہتھیلی اور انگلیاں حنا سے رچ جاتی اور اس کی مہک چہار سو بکھرنے لگتی۔وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ سرخ سرخ مہکتی حنا کے نئے نئے جدید ڈیزائن متعارف کرا دیئے ہیں۔لگانے کے انداز میں بھی دن بدن جدت آتی جا رہی ہے۔مہندی کی کونز اب آسانی سے بازار میں دستیاب ہیں۔جن میں ایمرجنسی کونز بھی شامل ہیں۔فوری طور پر مطلوبہ گہرا رنگ حاصل کرنے کے لئے اکثر لڑکیوں کا انتخاب ایمرجنسی کون ہوتا ہے۔
لڑکیاں اب اپنی پسند اور شوق کو ملحوظ خاطر رکھ کر ڈیزائن کا پہلے پارلر جا کر انتخاب کرتی ہیں۔یا انٹرنیٹ پر ڈیزائن پسند کر لیتی ہیں مثلاً ہاف مون، انڈین ڈیزائن،ڈیپ شیڈڈ،سادہ فلورل، عریبین،سوڈانی،ملائیشین پیٹرن،تھک اینڈ بولڈ اسٹائل اور ٹیٹوز شامل ہیں جو آج کل بے حد مقبول ہیں۔
اپنی خوشیوں کا اظہار اور ہاتھوں کی سجاوٹ کو مکمل کرنے کی خاطر مہندی کا اہتمام ضرور کریں۔
رنگ حنا کے بغیر سنگھار ادھورا لگتا ہے اس کے بغیر خوشی و مسرت کا موقع مکمل نہیں ہوتا۔حنا سے سجے خوبصورت ہاتھوں کا حسن نہ صرف مکمل ہو جاتا ہے بلکہ آپ کی شخصیت میں ساحرانہ رنگ بھر دیتا ہے۔مہندی ہماری سنت محمدی صلی اللہ علیہ وسلم بھی ہے اور مشرقی اقدار کا خاص جز بھی ہے اسے محض عید کے تہوار کے موقعوں تک محدود نہ رکھیں۔جتنا اہتمام حنا کے رنگوں سے خود کو سجا کر عید کے موقعوں پر کیا کرتے ہیں ایسے ہی ہر خوشی اور مسرت کے موقعوں پر اپنے ہاتھوں کو مہندی کی زینت سے آراستہ کرنا نہ بھولیں۔یہ ہماری ثقافت ہے اور اپنی ثقافت کو نسل در نسل اس کی اہمیت سے روشناس کروانا ہم بڑوں کی ذمہ داری ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Hina Ke Bina Singhar Udhora" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.