Kiya Jawan Nazar Ana Hi Aurat Ki Zindagi Ka Maqsaad Hai - Article No. 2326

Kiya Jawan Nazar Ana Hi Aurat Ki Zindagi Ka Maqsaad Hai

کیا جوان نظر آنا ہی عورت کی زندگی کا مقصد ہے - تحریر نمبر 2326

نہ جانے کیوں آج مرد اور عورت ہمیشہ نوجوان رہنے کی فکر میں ہیں اور دونوں کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہیں

بدھ 8 اپریل 2020

رابعہ گل
نہ جانے کیوں آج مرد اور عورت ہمیشہ نوجوان رہنے کی فکر میں ہیں اور دونوں کسی بھی حد تک جانے کے لئے تیار ہیں کیا ہمیشہ جوانی نے کسی کا ساتھ دیا ہے ؟ جوانی اور خوبصورتی قائم رکھنے کے لئے ہم بے شمار کریمیں استعمال کرنے کے علاوہ دیگر مصنوعات بھی اپنے چہرے پر استعمال کرتے ہیں اور بیوٹی پارلر بھی جاتے ہیں ۔
ہر دوسرے دن وزن پر نظر رکھنے کے لئے مشین پر چڑھتے ہیں ۔اور پھر ہم جو غذا لیتے ہیں اس پر بھی گہری نظر رکھتے ہیں اور سمارٹ رہنے کے لئے ورزش بھی کرتے ہیں ،اور خود کو جوان رکھنے کے لئے کاسمیٹک سر جری بھی کرواتے ہیں ۔اور اب ان سب چیزوں کو ذرا مختلف انداز میں دیکھیں اور ایک نئے تناظر میں ان کا جائزہ لیں تاکہ ہمیں حقیقت سے آگاہی ہو سکے ۔

(جاری ہے)

کیا ہمیشہ خوبصورت اور جوان نظر آنا ہی سب سے اہم ہے ؟کیا ہماری زندگی کا صرف یہی مقصد ہے ؟آج پریس میڈیا اور الیکٹرونک میڈیا پر پبلسٹی کی بھر مار ہے اور بیوٹی پروڈکٹس بنانے والی کمپنیاں یہ دعویٰ کرتی ہیں کہ ہمارے پروڈکٹ کے استعمال سے عمر کی بڑھوتری کی رفتار کم ہو جاتی ہے اور آپ جوان نظر آئیں گے ۔


یہ نام نہاد پروڈکٹس آپ کے چہرے کی شکنوں کو غائب کر دیتی ہیں اور آپ کی عمر کو مخفی رکھتی ہیں ۔اس حوالے سے ہمارا نظر یہ یہ ہے کہ چاہے آپ کچھ بھی کرلیں آپ فطرت کو اپنے قابو میں نہیں کر سکتے ۔جب ایک سپر پاور (اللہ) نے ہر بات کے لئے ایک پروسیس مقرر کر رکھا ہے تو ہم انسانوں کی کیا مجال کہ ہم اس میں مداخلت کریں کیا عمر کا بڑھنا ایک قدرتی اور فطرتی عمل نہیں ہے ؟ ہم چاہے جتنی کوشش کریں اس عمل کو روک نہیں سکتے عمر کی بڑھوتری کو روکنے کی بجائے ہمیں چاہیے کہ ہم اس کی حقیقت کو تسلیم کرلیں اور پر وقار انداز میں زندگی کو آگے کی طرف بڑھاتے رہیں۔

کوئی بھی ہمیشہ کے لئے جوان نہیں رہ سکتاہے تو پھر کیوں نہ فطرت کو اپنا لیا جائے اگر ہم یہاں یہ کہہ رہے ہیں کہ فطرت کو اپنا لیا جاے تو اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ دیگر عوامل کی طرف سے بھی آنکھیں بند کر لی جائیں۔ صحت مند رہنا ضروری ہے وزن پر نظر رکھنی چاہیے تاکہ وزن کے بڑھنے سے جو دیگر بیماریاں لاحق ہو سکتی ہیں ان سے بچا جا سکے اور ہماری بڑھتی ہوئی عمر ہمارے ساتھ ساتھ دوسروں کے لئے بھی وبال نہ بنے ،عمر کا بڑھنا زندگی کی ایک ناگزیر حقیقت ہے بالکل ایسے جیسے کہ ہر کسی کو موت آنی ہے اس سچائی سے لڑنے کے بجائے اچھا ہو گا کہ ہم اسے دل وجان سے تسلیم کرلیں اور پُر وقار انداز میں اسے قبول کریں۔

ذاتی طور پر ہم سمجھتے ہیں کہ اگر ہم ہمیشہ جوان رہ سکتے ہیں تو یہ ایک رحمت کی بجائے زحمت ہوتی ہے ہم یہ کیسے برداشت کرلیں کہ ہم جب محفل میں ہوں تو اپنی بیٹیوں کی بیٹی لگیں،نہ ہی ہم یہ چاہیں گے کہ اپنی ہم عصروں میں ہم ایک فالتو شے نظر آئیں وقت آنے پر ہم اپنی بڑھتی ہوئی عمر کو قبول کریں گے ہم اپنی عمر کے مطابق نظر آنا پسند کریں گے ہم اپنے چہرے کی جھریوں اور سفید بالوں کی لٹوں پر فخر کریں گے اور زندگی جس طرح ہمارے سامنے آتی جائے گی قبول کرتے جائیں گے ۔

اگر ہمارے بالوں میں چند سفید بال جھانکنے لگتے ہیں تو خوف کے مارے ہمیں شور نہیں مچانا چاہیے اور نہ ہی یہ سوچنا چاہیے کہ بس اب زندگی کا اختتام ہونے والا ہے بلکہ ہمیں سفید بالوں کو میچیورٹی کی علامت سمجھنا چاہیے اور یہ سوچنا چاہیے کہ ہم عقل مند ہو گئے ہیں اب ہم سے کوئی حماقت نہیں ہونی چاہیے۔
بجائے اس کے کہ عمر چھپانے کی خاطر چہرے پر دس طرح کی مصنوعات لگا کر خود کو تماشا بنایا جائے بہتر ہو گا کہ اپنی عمر کے مطابق لباس پہن کر لوگوں میں آئیں اور انہیں یہ احساس دلائیں کہ آپ بڑھتی ہوئی عمر کو نہایت پر وقار انداز میں قبول کررہی ہیں اور اس سے آپ کی عزت میں اضافہ ہو گا ۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Kiya Jawan Nazar Ana Hi Aurat Ki Zindagi Ka Maqsaad Hai" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.