Mah E Ramzan Ka Gharelu Budget - Article No. 3101

Mah E Ramzan Ka Gharelu Budget

ماہِ رمضان کا گھریلو بجٹ - تحریر نمبر 3101

خواتین رمضان آنے سے پہلے ہی گھر میں سموسے،رول،کٹلس وغیرہ فریز کر لیتی ہیں

پیر 27 مارچ 2023

مریم شفیق فاطمہ جناح کالج
رمضان کے مہینہ میں اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی رحمت میں ڈھانپ لیتا ہے۔رمضان کی آمد پر اس کا پُرجوش استقبال اللہ تعالیٰ کو بے حد پسند ہے۔اللہ تعالیٰ سے دعا کرنی چاہئے کہ اللہ ہمیں رمضان میں صحت و عافیت عطا کرے تاہم پوری دلجمعی کے ساتھ رمضان کے فرائض پورے کر سکیں۔
رمضان جہاں جنت کی نوید اور ایمان اضافے کا باعث بنتا ہے وہی خواتین کی ذمہ داریوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔
وقت پر سحری اور افطاری تیار کرنا،گھر کے تمام افراد کے لئے ان کی پسندیدگی کا کھانے میں خاص خیال رکھنا اور خاص کر صحت کے معاملے میں بھی دھیان دینا۔یہ سب خواتین کی پہلی ترجیح ہوتی ہیں لیکن معاملہ بجٹ کا شروع ہوتا ہے جب سب کی پسند کو مدنظر رکھنا اور صحت مند خوراک فراہم کرنا ہو تو بجٹ اسی لحاظ سے زیادہ بنتا ہے۔

(جاری ہے)


اس میں کوئی شبہ نہیں کہ ایک سمجھدار خاتون بجٹ کو رمضان میں بھی اپنے کنٹرول میں رکھتی ہے اسی لئے بہت سی خواتین رمضان آنے سے پہلے ہی گھر میں سموسے،رول،کٹلس وغیرہ کو فریز کر کے رکھ لیتی ہیں جس سے وہ رمضان میں بڑھتی ہوئی مہنگائی میں بھی بجٹ کو قابو میں رکھنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں جبکہ دوسری خواتین جو ان باتوں کی طرف دھیان نہیں دیتیں وہ رمضان میں مہنگائی کا شکوہ کرتی نظر آتی ہیں۔


اس کے علاوہ سب سے زیادہ مسئلہ پیشہ ور ملازمت کرنے والی خواتین کو ہوتا ہے انہیں باہر سے اشیاء منگوانا پڑتی ہیں جس سے بجٹ کے ساتھ صحت خراب ہونے کا خدشہ رہتا ہے ایسی عورتوں کو چاہئے کہ وہ چھٹی کے روز خاص وقت نکال کر کچھ چیزیں بنا کر فریز کر کے رکھ لیں۔اس کے علاوہ چھوٹی موٹی ضرورت کی چیزیں جسے انڈے،دالیں،پیاز،چکن،گوشت وغیرہ کو ذخیرہ کر کے رکھ لیں تاکہ بروقت کام آ سکیں اور بجٹ مہنگائی کے دنوں میں متاثر نہ ہو سکے۔

بجٹ کے خراب ہونے کی بڑی وجہ میانہ روی کا راستہ نہ اپنانا بھی ہے بعض گھروں میں ایک ہی دن میں پانچ سات اقسام کی چیزیں بنتی ہیں وہ بھی زیادہ تعداد میں لیکن افطاری کے بعد پیٹ میں اتنی زیادہ گنجائش نہ ہونے سے وہ سب بیکار جاتا ہے اور اکثر زیادہ تعداد میں بنائی چیزیں بچ کر ضائع ہو جاتی ہیں اس لئے روز ایسی چیزیں اور اتنی ہی تعداد میں بنائیں جنہیں کھا کر ختم کیا جا سکے۔
کسی دن کوئی چیز بنا لیں اور کسی دن اور کچھ اس سے بجٹ کو توازن میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔اب تو حکومت کی جانب سے رمضان مبارک میں سستے بازار بھی لگائے جانے لگے ہیں جہاں چیزیں دکانوں کی نسبت کم ریٹ میں ملتی ہیں اس کا مقصد یہی ہے کہ آپ رمضان میں بھی اپنے بجٹ کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے اس موقع کا فائدہ اٹھائیں اور اپنا رمضان خوشگوار گزاریں۔

رمضان چونکہ رحمتوں کا مہینہ ہے ایسے میں صرف کھانے پینے پر ہی دھیان دے کر ضائع نہیں کرنا چاہئے رمضان میں بھوکا رہنے کی پریکٹس کا مقصد ہی ہمیں مادہ پرستی سے باہر نکالنا ہے اپنے نفس کو قابو میں رکھنا تقویٰ قربانی اور محبت کے اصل معنوں کا احساس دلاتا ہے اس لئے کھانے پینے کی اشیاء میں اعتدال کا راستہ اپنائیں جس سے بجٹ بھی متاثر نہ ہو اور رمضان کا اصل مقصد بھی پورا ہو جائے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Mah E Ramzan Ka Gharelu Budget" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.