Mang Teeka - Article No. 2282

Mang Teeka

مانگ ٹیکا - تحریر نمبر 2282

حسن بولے نزاکتوں کی زبان

ہفتہ 8 فروری 2020

راحیلہ مغل
مانگ ٹیکا اگر چہ دلہن کے زیور کا خاص حصہ ہے تاہم بدلتے مزاج فیشن اور انداز کے ساتھ اب یہ صرف شادی کے دن تک ہی مخصوص نہیں رہ گیا بلکہ عام تقریبات میں بھی لڑکیاں مانگ ٹیکا لگا سکتی ہیں۔مناسب لباس کے ساتھ دلفریب زیور کا انتخاب ہر موسم میں رنگ وروپ کی بہار لے آتاہے۔ مانگ ٹیکا کا روایتی انداز آج جدت کے ساتھ ڈیزائن کیا جاتا ہے۔
ان میں کندن مانگ ٹیکا،چاند مانگ ٹیکا اور رنگین موتی اور نگینے سے سجا مانگ ٹیکا سب سے خاص ہے جنہیں اپنی پسند کے مطابق ڈیزائن کروایا جا سکتاہے ۔بس اس بات کا خیال رہے کہ وہ آپ کے چہرے کی بناوٹ کے لئے مناسب ہو ۔اگر آج کل کے مقبول ڈیزائنز کی عام تقریبات میں استعمال کی بات کی جائے تو مغل مانگ ٹیکا مغلیہ زیورات کی شان لیے نفاست سے بھر پور انتخاب ہے۔

(جاری ہے)

کشادہ پیشانی کے لئے یہ ڈیزائن بہترین ہے۔مغل مانگ ٹیکا دیکھنے میں کسی چھوٹی طشتری جیسا نظر آتاہے۔اس کا ڈیزائن بھاری بھر کم مگر اس پر کی گئی ڈیزائننگ نفیس اور باریک ہوتی ہے۔گول چہرے پر اس کی سج دھج دیکھنے سے تعلق رکھتی ہے۔
چاند مانگ ٹیکا کا اپنا ایک منفرد شاندار انداز ہے ۔چاند ڈیزائن پر مبنی اس مانگ ٹیکے کو چاند بالی کی طرح مقبولیت حاصل ہورہی ہے اور شادی بیاہ کے موقع پر اسے خاص طور پر اپنایا جاتاہے۔
اس کے علاوہ ہلال مانگ ٹیکا بھی کشادہ پیشانی پر چودھویں کے چاند سا دکھائی دیتاہے۔اسے ماتھے پہ سجا کے یوں محسوس ہوتاہے گویا آسمان کی بہار زمین پر اتر آئی ہو۔کندن کے زیورات ہمیشہ فیشن میں ان رہتے ہیں۔کندن کے مانگ ٹیکے کو چہرے کی مناسبت سے با آسانی اپنایا جا سکتاہے ۔یہ روایتی سفید اور سنہری رنگ میں تیار کیے جاتے ہیں اور ان میں چمک دمک کے بجائے سادگی نمایاں ہوتی ہے۔

ان تمام مانگ ٹیکوں کی سج دھج اپنی جگہ،لیکن اگر آپ فیشن میں نازکی کی قائل ہیں تو نازک سالاکٹ مانگ ٹیکا جو ایک لڑی پر مشتمل ہو آپ کی انفرادیت کو ظاہر کرنے کے لئے بہترین ہے۔یہ نازک سا مانگ ٹیکا سونے سے تیار کیا گیا ہو یا موتی اور نگینے سے اس کی نفیس نازکی اس کی خوبصورتی کو ظاہر کرتی ہے۔اس کے علاوہ دلہن کے زیورات میں ماتھا پٹی اپنی خوبصورتی اور نزاکت کے سبب منفرد اہمیت کی حامل ہے ۔
اگر کہا جائے کہ دلہن کی تیاری اس کے بغیر نا مکمل ہے تو غلط نہ ہو گا۔عام طور پر دلہنیں بارات کے دن کے لئے مانگ ٹیکے کا انتخاب کرتی ہیں، تاہم اب مانگ ٹیکا دلہن کی جیولری کے علاوہ بہنوں اور کزنز کی جیولری کا بھی لازمی جز نظر آتاہے جبکہ دلہنیں بارات کے لئے زیادہ تر ماتھا پٹی کا استعمال کرتی ہیں اور ولیمہ کے لئے مانگ ٹیکے کا انتخاب کرتی ہیں۔
سر پر سجی ماتھا پٹی یا مانگ ٹیکہ کسی بھی دلہن کو شہزادیوں جیسا حسن عطا کرتے ہیں۔ٹرینڈز کی بات کی جائے تو ڈیزائنز ماتھا پٹی کے لئے کندن اور موتیوں کے علاوہ ڈائمنڈ کا بھی اضافہ کر رہے ہیں۔
ان دنوں ون سائیڈ ڈمانگ ٹیکا بھی فیشن میں خاصا مقبول ہے ۔مانگ ٹیکے کا یہ انداز زیورات میں ایک نیا اضافہ ہے۔یہ تین لڑیوں سے جڑا ایک خوبصورت انداز ہے۔فیشن ماہرین کے مطابق عام طور پر ون سائیڈ ڈمانگ ٹیکا لمبا اور بیضوی چہرہ رکھنے والی خواتین پر بے حد سوٹ کر تا ہے جبکہ گول چہرے اور کشادہ پیشانی رکھنے والی خواتین مغلیہ طرز پر بنی مانگ ٹیکا سے جڑی ماتھا پٹی کا انتخاب کر سکتی ہیں،جو ان کی تیاریوں کی رعنائی میں اضافہ کرسکتی ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Mang Teeka" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.