Me Time Nazar Andaz Na Karen - Article No. 3179

Me Time Nazar Andaz Na Karen

”می ٹائم“ نظر انداز نہ کریں - تحریر نمبر 3179

سلام ہے ایسی خواتین کو جو اپنے خاندان کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے خود کو بھولی بیٹھی ہیں

بدھ 2 اگست 2023

مسز فاروق احمد
صبح اُٹھنے سے لے کر رات گئے بستر پر جانے تک ہر روز ایک جیسا معمول اپنائے رکھنا ہماری خواتین کی مجبوری یا ان کی زندگی کا حصہ ہے۔مگر سلام ہے ایسی خواتین کو جو اپنے خاندان کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے خود کو بھولی بیٹھی ہیں اور اپنی ذات کی نفی کر کے اپنا Me ٹائم بھی گھر کو دے دیتی ہیں لیکن پھر بھی ان کے ماتھے پر شکن نہیں آتی۔
ماں،بہن،بیٹی یا بیوی ہونے کے ساتھ خواتین انسان بھی ہیں۔انہیں بھی اسٹریس ہو سکتا ہے،وہ بھی بیمار پڑ سکتی ہیں۔اس کے علاوہ گھر والوں کی ساری ٹینشن بھی وہ اپنے ذہن پر سوار کر لیتی ہیں،جنہیں نکالنا اتنا ہی ضروری ہے،جیسے سانس کیلئے آکسیجن کا ہونا۔بحیثیت خاتون خانہ ان کی عظمت سے انکار نہیں،تاہم دیگر ذمہ داریوں کے ساتھ اپنے لئے بھی وقت نکالنا چاہیے،جس سے نہ صرف انھیں اپنے آپ کو سمجھنے کا موقع ملے گا بلکہ وہ دوسروں کو بھی بہتر انداز سے سمجھ سکیں گی۔

(جاری ہے)

اس طرح انھیں اپنی زندگی کی گاڑی آگے بڑھانے میں اور بھی لطف آئے گا۔اپنا آپ کھوجنے،خود سے ملاقات کرنے اور اپنی ہی ذات سے کوئی بات کرنے کیلئے وقت نکالیں،پھر دیکھیں کیسے آپ اپنی زندگی سے لطف اُٹھاتی ہیں۔
ورکنگ ویمن اپنے اہداف پورے کرنے کیلئے دفتری امور میں مصروف رہتی ہیں جبکہ گھریلو خواتین گھر والوں کو خوش رکھنے کے چکر میں گھن چکر بنی رہتی ہیں۔
اگر وہ خود پر دھیان نہیں دیں گی،اپنے بارے میں نہیں سوچیں گی،مصروفیت میں یا جان بوجھ کر خود کو نظر انداز کرتی رہیں گی تو اس سے ان کی ذہنی صحت کے ساتھ ساتھ جسمانی صحت بھی متاثر ہونے لگے گی اور ایک دن آئے گا کہ وہ تھک ہار کر بیٹھ جائیں گی۔انھیں بہت سے مسائل جیسے ڈراؤنے خواب،توجہ بھٹکنا اور کاموں میں گڑبڑ ہو جانا وغیرہ کا سامنا ہو سکتا ہے۔ان کے دماغ میں منفی سوچیں جنم لینا شروع ہو جاتی ہیں۔اس لئے ضروری ہے کہ آپ اپنے لئے وقت نکالیں اور اپنے سراپے پر توجہ دیں،نہ کہ گھرداری کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے روبوٹ کی طرح زندگی گزارتی چلی جائیں۔اپنے آپ کو نظر انداز کرنا چھوڑیں اور اپنی صحت،خوراک،نیند اور سماجی زندگی پر توجہ دینا شروع کریں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Me Time Nazar Andaz Na Karen" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.