Phir Naya Saal Nai Subah Nai Umeedain - Article No. 1959

Phir Naya Saal Nai Subah Nai Umeedain

پھر نیا سال نئی صبح نئی اْمیدیں! - تحریر نمبر 1959

نیا سال ایک بار پھر نئی امیدیں لیے ہماری زندگیوں میں قدم رکھ رہا ہے۔دنیا کے مختلف ممالک میں نئے سال کا مختلف طریقوں سے استقبال کیا جاتا ہے،

منگل 8 جنوری 2019


عنبرین فاطمہ
نیا سال ایک بار پھر نئی امیدیں لیے ہماری زندگیوں میں قدم رکھ رہا ہے۔دنیا کے مختلف ممالک میں نئے سال کا مختلف طریقوں سے استقبال کیا جاتا ہے، ہر طرف دکانوں میں نیو ایئر کارڈسزفروخت ہورہے ہیں، کیلنڈر دیواروں سے اتارے جارہے ہیں اور سن عیسوی کے ہندسے بدل جائیں گے، نیا سال شروع ہوجائے گا، نئے سال کی آمد کے موقع پر ہر کوئی جشن کا ماحول بنا رہا ہے، ساری دنیا میں لوگ اس موقع پر اپنے اپنے انداز سے جشن منانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔

لیکن سوال یہ ہے کہ اس سال میں ہم نے کیا کھویا کیا پایا ،ہمیں تھوڑا سا وقت نکال کر اپنا محاسبہ کرنا چاہیے تاکہ جو غلطیاں ہم سے ہوئیں ہم انہیں نہ دہرائیں ۔نئے سال کے حوالے سے ہم نے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین سے پیغامات لئے جو کہ نذر قارئین ہیں ۔

(جاری ہے)

’’خوش بخت شجاعت‘‘ نے کہا کہ ہر نئے آنے والے سال سے بہت ساری امیدیں وابستہ ہوتی ہیں یہ بات سچ ہے کہ 70سال پہلے والا اب یہ پاکستان نہیں ہے اب بہت کچھ تبدیل ہو چکا ہے انفراسٹرکچر میں بہت تبدیلی آچکی ہے ہماری معیشت تبدیل ہو چکی ہے ۔

یہ سب اپنی جگہ لیکن اگر ہم اخلاقی اور سماجی لحاظ سے دیکھیں تو بہت پیچھے جا چکے ہیں ہم قوم نہیں ہجوم بن چکے ہیں ہم نے اپنی اخلاقیات کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ہمارا جو ورثہ تھا ہماری جو تاریخ تھی اس کو ہم بھول چکے ہیں ہم نے اپنی نئی نسل میں وہ سب ٹرانسفر نہیں کیا جو ہم نے اپنے بڑوں سے سیکھا تھا اخلاقیات اور ورثے کو تو جیسے ہم نے دفنا ہی دیا ہے ۔
ہم نے اپنے نوجوانوں کے ذہنوں میں ڈالا ہے کہ پیسہ کمانا ہے لیکن یہ نہیں سمجھایا کہ پیسہ کیسے کمانا اور اس کو کیسے خرچ کرنا ہے ۔ہم نے اپنے نوجوانوں کو ریسرچ اور قرآن مجید سے دور کر دیا ہے ۔ میں اپنے ماضی کو مستقبل میں دیکھنا چاہتی ہوں میں چاہتی ہوں کہ ہمارے والدین نے جو ہمیں ورثہ دیا ،ہم اس نئے سال میں نوجوانوں کو دیں گے انہیں اچھا انسان بنائیں،انہیں ایک باوقار انسان اور مسلمان بنائیں ،اور دعا ہے کہ ہمارے ملک کو اللہ نظر بد سے بچائے ۔
فریحہ الطاف (فیشن آئی کون) نے کہا کہ نیا سال ہے نئی امیدیں ہیں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ نیا پاکستان بھی وجود میں آچکا ہے ۔دعا ہے کہ اس نئے پاکستان میں غریب اور امیر میں فرق نہ رہے لوگ فاقوں کی وجہ سے خودکشی نہ کریں ،امیر غریب کو ملازمت اور تعلیم کے یکساں مواقع میسر آئیں ۔ہم سب کو مل کر ہمیںاپنے ملک کو محفوظ سے محفوظ تر بنانا ہے،اہم بات یہ ہے کہ اس حکومت نے کرپشن کے خاتمے کا وعدہ کیا ہے امید ہے کہ نئے سال میں ہمیں کرپٹ لوگ جیلوں میں سزائیں بھگتتے نظر آئیں گے ۔
جہاں تک میرے لئے اس سال کی بات ہے تو میرے لئے تو یہ سال بہت ہی اچھا رہا میںنے نئے نئے کام کرنے کی کوشش کی اس برس میںنے سوشل ورک کا باقاعدہ آغاز کیا جس میں درخت لگانے کی مہم ہو ،پلاسٹک کی بوتلوں کے استعمال کے حوالے سے مہم ہو یا تعلیم ہو میں نے ایسے کاموں میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی کوشش کی ۔امید اور دعا ہے کہ یہ نیا سال پاکستان کے لئے امن والا اور عوام کے لئے خوشیوں والا ہو ۔
’’مختاراں مائی‘‘ نے کہاکہ ایک سال تو گزر گیا ہے لیکن ہماری فکر بڑھ جانی چاہیے اور ہمیں بہت ہی زیادہ سنجیدگی کے ساتھ اپنی زندگی اور اپنے وقت کا محاسبہ کرنا چاہیے کہ ہمارے اندر کیا کمی ہے کیا کمزوری ہے کونسی بری عادات ہم میں پائی جاتی ہیں اسکو دور کرنے کی کوشش کرنی چاہیے، نیز اچھی عادتیں، عمدہ اخلاق وکردار کا وصف اپنے اندر پیدا کرنے کی مکمل کوشش کرنی چاہیے۔
اس سال کی اگر میں اپنے حوالے سے بات کروں تو میرے لئے خاص اچھا نہیں رہا ،کیونکہ میں ایک ریسورس سنٹر اور موبائل یونٹ چلا رہی تھی فنڈز کی عدم فراہمی کی وجہ سے مجھے یہ بند کرنا پڑے ۔اب صرف میں نے جو سکول بنایا ہوا وہی چلا رہی ہوں امید کرتی ہوں آنے والے سال میں مجھے ایسا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہو گا کہ مجھے سکول بھی بند کرنا پڑے۔ساتھ ہی یہ بھی دعا ہے کہ ہمارے ملک میں ہر ماں ہر بیٹی ہر قسم کے تشدد اور ظلم سے محفوظ رہے ، موجودہ حکومت خواتین کے لئے موئثر قانون سازی کرے اور جو قوانین بن چکے ہیں ان پر عمل درآمد کروانے کے لئے سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور اس حکومت سے جو امیدیں وابستہ ہیں وہ پوری ہوں پاکستان ترقی کی راہوں پر گامزن ہو۔
’’بلقیس ایدھی‘‘ نے کہا کہ اس نئے سال کی خوشیاں منانا تو تب ہی درست ہو گا جب گزرے ہوئے سالوں میں اپنے کاموں کا جائزہ لینے کے بعد خوش ہونے والی کوئی بات دکھائی دے اور یہ امید رکھی جائے کہ اللہ اس نئے سال میں گزرے ہوئے سالوں سے بڑھ کر خیر اور نیکی والے کام کیے جائیں گے ، اگر ہم اپنے گزرے ہوئے وقت میں اپنے اعمال کا کڑا تنقیدی نظر سے جائزہ نہیں لیں گے تو یقین جانیے کہ آنے والے نئے وقت سے بھی ہم کوئی فائدہ حاصل نہ کر سکیں گے ۔
عبد الستار ایدھی کے بعد مجھے یوں لگتا تھا کہ جیسے میری دنیا ہی ختم ہو گئی ہے لیکن میں نے ہمت سے کام لیا یہ سال اس حوالے سے بہت مشکل رہا لیکن اب دل کو سمجھایا ہے کہ مجھے ان لوگوں کے لئے زندہ رہنا ہے جن کے لئے ایدھی صاحب نے اپنی زندگی کی آخری سانس تک کام کیا۔کبھی کبھار اپنے شوہر سے لڑ لیتی تھی اب تو کوئی بات کرنے والا بھی نہیں ہے لیکن وقت گزرتا گزر ہی جاتا ہے امید ہے کہ آنے والا سال نہ صرف میرے لئے عوام اور پاکستان کے لئے بہت ہی خوشیوں بھرا ہو گا اور ہم دنیا میں سر اٹھا کر کہہ سکیں گے کہ ہم پاکستانی ہیں ۔
’’کرشنا کماری‘‘ نے کہا کہ امید کرتی ہوں کہ نیا سال ہماری کمیونٹی اور پاکستان کے لئے خوشیاں لیکر آئے گا ،مجھے اس سال اپنی کمیونٹی کے لئے بہت کچھ کرنے کا موقع میسر آیا اپنی کمیونٹی سے کہنا چاہتی ہوں کہ کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا ہم سب کو مل کر نئے سال میں پاکستان کے لئے کام کرنا ہو گا ۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Phir Naya Saal Nai Subah Nai Umeedain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.