Sehat Mand Tangain - Article No. 2310

Sehat Mand Tangain

صحت مند ٹانگیں - تحریر نمبر 2310

ٹانگیں ہمارے جسم کا اہم حصہ ہیں ،کیونکہ یہی ہمیں ہر جگہ لیے پھرتی ہیں ۔جب ہمیں تھکان محسوس ہوتی ہے تو ٹانگوں میں درد کے ذریعے ہوتی ہے ۔

جمعہ 20 مارچ 2020

نسرین شاہین
ٹانگیں ہمارے جسم کا اہم حصہ ہیں ،کیونکہ یہی ہمیں ہر جگہ لیے پھرتی ہیں ۔جب ہمیں تھکان محسوس ہوتی ہے تو ٹانگوں میں درد کے ذریعے ہوتی ہے ۔پھر یہی تھکان ہمارے چہرے پر دکھائی دینے لگتی ہے ۔کام کاج کرنے اور اِدھر اُدھر جانے میں بھی پریشان محسوس ہوتی ہے ۔ اس کے علاوہ چستی وپھرتی بھی ختم ہو جاتی ہے ،لہٰذا اگر آپ خود کو چست و پھر تیلا رکھنا چاہتی ہیں تو ٹانگوں پر بھر پور توجہ دیں ۔
اس ضمن میں چند آسان ومفید ورزشیں دی جارہی ہیں ۔اگر آپ بہت دیر تک کام میں مصروف رہیں یا بہت پیدل چلیں تو ایسی صورت میں آپ کی ٹانگیں تھک جاتی ہیں اور اگر یہ صورت حال دیر تک بر قرار رہے تو آپ بے سکونی اور بے چینی محسوس کرنے لگتی ہیں اور نڈھال ہو جاتی ہیں ۔

(جاری ہے)

اس تھکن کو دور کرنے کا ایک بہت آسان نسخہ یہ ہے :کرسی پر بیٹھ کر اپنے پیر کسی تسلے میں رکھ لیں اور تھوڑا نیم گرم پانی پیروں پر ڈالیں ۔

پھر تھوڑا ٹھنڈا پانی ڈالیں ۔اسی طرح تھوڑا گرم اور پھر تھوڑا ٹھنڈا پانی پیروں پر ڈالتی رہیں ۔یہ عمل پانچ منٹ تک کریں ،آپ کی ساری تھکنا ختم ہو جائے گی ۔گرم پانی میں تھوڑا سا کھانے کا سوڈا یا نمک ملا لیں ۔اب اس پانی میں چند منٹ تک اپنے دونوں پیر ڈبوئے رکھیں ۔
چند منٹ کے بعد ایک نرم برش سے پیروں پر مساج کرنا شروع کردیں۔ پھر پیروں پر ٹھنڈا پانی ڈال کر اسے تولیے سے اچھی طرح خشک کرلیں ۔
اب سوتی موزے پہن کر کرسی پر بیٹھ جائیں اور میز پر دو یا تین کشن رکھ کر اپنے دونوں پیر کم از کم دس منٹ کے لئے اس پر رکھ لیں ۔اس طرح پیروں میں خون کی روانی بہتر ہو جائے گی اور تھکان میں بھی کمی محسوس ہو گی ۔یہ درست ہے کہ ٹانگوں پر توجہ دینا اور اُن کو خوب صورت بنانا آپ کے نزدیک اتنا اہم نہ ہو ،جتنا آپ کا چہرہ توبہ طلب ہوا کرتاہے ،لیکن یاد رکھیں کہ صحت کے نقطہ نظر سے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ اپنی ٹانگوں پر بھی پوری توجہ دیں۔
اس کے لئے مہینے میں دوبار اپنی ٹانگوں کا مساج ضرور کریں ۔چوتھائی کپ دودھ میں ایک چمچہ لیموں کا عرق اور ایک چمچہ زیتون کا تیل ملا کر ٹانگوں پر مساج کیا کریں ۔یہ عمل دوران خون کو تیز کرکے جلد کو چمک دار بنادے گا۔اس کے علاوہ غسل کے بعد ٹانگوں پر بے بی آئل کی مالش کرنابھی مفید ہوتاہے ،اس سے بھی جلد نرم وملائم رہتی ہے ۔
ٹانگوں پر غیر ضروری بالوں کی موجودگی بہت بُری محسوس ہوتی ہے ۔
ان بالوں کو صاف کرنے کے لئے ویکسنگ(WAXING) کروائی جا سکتی ہے ۔یہ مہینے میں ایک بار ضرور کرالیا کریں،لیکن خود نہیں بلکہ کسی ماہر حسن وآرائش کے ہنر مند ہاتھوں سے اس طرح آپ کو تکلیف کم سے کم ہو گی ۔بعض خواتین ان بالوں کو شیونگ ریزرکے ذریعے صاف کرتی ہیں ،جو بہت غلط طریقہ ہے ۔اس عمل کے بعد جلد پر پہلے سے زیادہ سخت بال نمودار ہو جاتے ہیں،لہٰذا ویکسنگ سب سے بہتر ہوتی ہے ۔
صبح اٹھ کر اگر ممکن ہوتو گیلی گھاس پر ننگے پاؤں چلا کریں ۔اس سے نہ صرف آپ کی ٹانگوں کے عضلات مضبوط ہوں گے،بلکہ آپ کی نگاہ بھی تیز ہو جائے گی۔اپنی ٹانگوں کو بالکل متناسب رکھنے کے لئے ہمیشہ معیاری اور صحیح سائز کے جوتے پہنیں ،جو بہت آرام دہ ہوں ۔جوتے نہ بہت اونچی ایڑی کے ہوں اور نہ بہت تنگ ہوں ،بلکہ بالکل مناسب ہوں ۔کرسی پر اس طرح بیٹھ جائیں کہ آپ کی ایڑیاں تو فرش کو چھورہی ہوں،لیکن نیچے اوپر کی طرف ہوں ۔
اب گھٹنوں کو آگے پیچھے اور دائیں بائیں حرکت دیں۔
یہ ایسی آسان ورزش ہے ،جو آپ کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ بیٹھے بیٹھے کر سکتی ہیں،چاہے آپ گھر پر ہوں یا دفتر کی کرسی پر بیٹھی ہوں ۔یہ ورزش آپ کو بہت آرام پہنچائے گی ،خاص طور پر ٹانگوں کی تھکن اُتارنے میں بھی یہ ورزش بہت کار آمد ہے ۔دونوں ٹانگوں کو ملا کر کھڑی ہو جائیں ۔پھر آہستہ آہستہ پنجوں کے بل اس طرح کھڑی ہونا شروع کردیں کہ آپ کے جسم کا پورا وزن آپ کے پنجوں پر آجائے ۔
اب پہلی پوزیشن میں واپس آجائیں،یعنی اسی طرح کھڑی ہو جائیں ،جیسے پہلے کھڑی تھی۔یہ بہت آسان ومفید ورزش ہے ۔فرش پر بالکل سیدھی لیٹ جائیں ۔ہاتھوں کو موڑ کر پیر کے نیچے رکھ لیں ۔اس طرح لیٹیں کہ دونوں ٹانگیں ایک دوسرے سے ملی ہوئی ہوں ۔اب دائیں ٹانگ کو آہستہ آہستہ اوپر اٹھائیں ،اس طرح کی پنڈلی ،گھٹنا اور پنجہ بالکل ایک سیدھ میں آجائیں اور سخت حالت میں ہوں ۔
اب اس پیر کو گول گول گھمانا شروع کردیں ۔یہی عمل بائیں ٹانگ کے ساتھ کریں ۔یہ عمل دس دفعہ دہرائیں ۔اس ورزش سے گھٹنوں پر جمی ہوئی چربی ختم ہونے لگے گی ۔اس کے علاوہ گھٹنوں پر گول گول دائروں میں تیل کی مالش بھی گھٹنوں کے مٹاپے کو ختم کرنے میں بہت مفید ثابت ہوگی اور اس کا مثبت اثر ٹانگوں پر بھی پڑے گا۔ ٹانگوں کو ایک دوسرے سے ملا کر بیٹھ جائیں ۔
اپنے ہاتھوں کو موڑ کر سینے پر رکھ لیں ۔اب ایڑیوں کے بل کھڑی ہو جائیں ۔گھٹنوں کومو ڑ لیں اور آہستہ آہستہ اس وقت تک بیٹھتی جائیں ،جب تک آپ مکمل طور پر بیٹھ نہ جائیں ۔اب ہاتھ کھول کر سامنے کی جانب کرلیں ۔پھر دوبارہ ہاتھوں کو موڑ کر سینے پر رکھ لیں اور اپنی ایڑیوں پر بیٹھ جائیں ۔اب دایاں ہاتھ اور دائیں ٹانگ کو سامنے پھیلالیں اور تین تک گنتی گنیں۔

پھر پہلی پوزیشن پر واپس آکر یہی عمل بائیں ٹانگ سے کریں ۔یہ ورزش دس دفعہ دہرائیں ۔فرش پر اس طرح بیٹھ جائیں کہ ٹانگیں آگے کی طرف پھیلی اور ملی ہوئی ہوں۔پھر دونوں ہاتھوں سے پنجوں کو چھوئیں اور پہلی پوزیشن میں واپس آجائیں ۔یہ ورزش دس بارکریں ۔کرسی کے کنارے بیٹھ کرٹانگیں پھیلا لیں ،اس طرح کہ آپ کی ایڑیاں فرش کو چھور ہی ہوں ۔اب فرش کو پنجوں سے چھوئیں ۔
پھر ایڑیوں سے چھوئیں ۔پھر پنجوں سے چھوئیں اور پھر ایڑیوں سے چھوئیں ۔یہ عمل کئی بار دہرائیں۔ٹانگوں کے لئے یہ بہت مفید ورزش ہے ۔کروٹ کے بل لیٹ جائیں اور اپنی بائیں ٹانگ کو نوانچ تک اوپر اٹھالیں ۔چار تک گنتی گنیں ۔پھر آہستہ آہستہ پہلی پوزیشن پر واپس آجائیں ۔کچھ دیر توقف کے بعد یہ عمل دوبارہ کریں ۔اس کے بعد دوسری کروٹ لے کر دائیں ٹانگ سے یہی ورزش کریں۔
اس ورزش سے ٹانگوں کو بہت آرام ملے گا۔ سیدھی کھڑی ہو جائیں ،اس طرح کہ آپ کی دونوں ٹانگیں ایک دوسرے سے ملی ہوئی ہوں اور دونوں ہاتھ پہلوؤں میں لٹک رہے ہوں ۔اس کے بعد دائیں گھٹنے کو جہاں تک ممکن ہو ،اوپر اٹھائیں ۔
اس کے بعد بایاں گھٹنہ اوپر اٹھائیں اور یہی عمل دہرائیں ۔یہ ورزش دس بار کریں ۔سیدھی کھڑی ہو جائیں ،ٹانگیں ایک دوسرے سے ملی ہوئی ہوں ۔
اب ایڑیوں پر کھڑی ہو جائیں اور قدرے تیز چلنا شروع کردیں۔چلتے ہوئے آپ کا پاؤں چھے انچ تک اوپر اٹھنا چاہیے۔ تیس سیکنڈ تک چلنے کے بعد کچھ دیر آرام کریں اور پھر اس طرح چلیں۔مندرجہ بالا ورزشوں کے علاوہ جہاں تک ممکن ہو ،پیدل چلیں ۔گھر کے کام کاج خود کرنے کی کوشش کریں ۔اگر آپ دن بھر بیٹھی رہیں گی تو آپ کی ٹانگیں موٹی ہوتی چلی جائیں گی۔گھریلو کام کرتے رہنا بہت اچھی ورزش ہے۔یہ ٹانگوں کو صحت مند بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے ۔ٹانگوں کی صحت کے لئے پیدل چلنا بہت مفید ہے ۔یہ عمل عضلات کو بھی مضبوط کرتاہے ۔خواتین کو چاہیے کہ وہ روزانہ کافی دیر تک پیدل چلیں ،یعنی چہل قدمی ضرور کریں ۔یہ آسان ورزش آپ کی ٹانگوں کو انتہائی متناسب ،مضبوط اور خوب صورت بنادے گی۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Sehat Mand Tangain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.