Smart Banne Ki Khawahish - Article No. 2329

Smart Banne Ki Khawahish

اسمارٹ بننے کی خواہش - تحریر نمبر 2329

ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ خوبصورت نظر آئے اور خوبصورتی کا اہم راز آپ کے اسمارٹ رہنے میں ہے ۔

ہفتہ 11 اپریل 2020

رابعہ گل
ہر خاتون کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ خوبصورت نظر آئے اور خوبصورتی کا اہم راز آپ کے اسمارٹ رہنے میں ہے ۔نسوانی نزاکت ہمیشہ سے صنف مخالف کی پسند رہی ہے ۔امریکی سب سے زیادہ دبلا پن پسند کرتے ہیں لہٰذا امریکی عورتیں اپنے آپ کو پتلا دبلا رکھنے کے لئے بے حد جدوجہد کرتی ہیں۔ حد سے بڑھتی ہوئی نازک اندامی ذہنی دباؤ اور نفسیاتی عوارض میں مبتلا کر دیتی ہے ۔
وقت کے ساتھ جسمانی توانائی جواب دینے لگتی ہے جس کا تدارک محض طاقت ور ادویات یا فوڈ سپلیمنٹ کے ذریعے ممکن نہیں رہتا۔ کھانے پینے میں مصنوعی فولاد اور اضافی حیاتین لینے کے باوجود امریکا میں فولاد کیلشیم کی حیرت انگیز کمی پائی گئی جس کے باعث قبل از وقت پیدائش، بانجھ پن، اسقاط حمل اور اندرون جسم کینسر کے علاوہ ہڈیوں کی کمزوری کے مسائل میں خطر ناک حد تک اضافہ ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

گوکہ طبی تحقیقات کی روشنی میں ان پر قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے تاہم نازک سراپے کا جنون خواتین کو کافی مہنگا پڑا ہے۔
قدرتی طور پر چھر یرا بندن ایک نعمت ہے مخصوص جسمانی عوامل اور ہامونل سسٹم میں تبدل وتغیر کی وجہ سے بیشتر خواتین کی جسمانی ساخت فربہی کی جانب مائل ہوتی ہے ،چونکہ بحیثیت ”عورت“ صنف نازک کی جسمانی وذہنی ذمہ داریاں طبی لحاظ سے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں ایسے میں صرف دبلا پن قرار رکھنے کی خواہش بچگانہ سوچ کی عکاسی ہوتی ہے ۔
مغرب میں کم حراروں والی غذاؤں کا استعمال عام ہے ،جس میں نشاستہ اور پروٹین کی مقدار کم پائی جاتی ہے ہمارے یہاں بھی نکمیات وحیاتین پر مشتمل کم حرارے والی غذاؤں کا استعمال فیشن بنتا جا رہا ہے۔
غذائی ماہرین کہتے ہیں کہ ان غذاؤں کا استعمال فوری طور پر وزن میں کمی کے ساتھ آپ کو سلم بھی کر دیتاہے لیکن مضر اثرات مثلاً اعصابی وعضلاتی کمزوری، امراض قلب اور فشار خون جیسے عوارض کا تحفہ دے جاتاہے جو نہ صرف بیماریوں کا شاخسانہ بنتے ہیں بلکہ ان کے تدارک کے لئے بے تحاشا اینٹی بایوٹک ،طاقت بحال کرنے والی غذائیں اور زیادہ آرام کی لازمی ضرورت دوبارہ وزن میں اضافہ اور جسم کو فربہ کر دیتی ہے ۔
غذائی ماہرین ورزش اور اضافی چکنائی سے مبرا غذائیں ،مچھلی ،مرغی، سبزی پھل وغیرہ کی سفارش کرتے ہیں ۔کم حراروں والی متوازن خوراک ہی توانائی بحال رکھ سکتی ہے اس کے علاوہ تازہ ہوا یعنی بھر پور آکسیجن، مکمل آرام اور خوشگوار مثبت خیالات بھی خوبصورتی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
چہل قدمی کو معمول بنائیں ،کام کے اوقات میں کام ،اور آرام کے وقت با قاعدہ آرام کے ساتھ زندگی کی تمام تر سر گرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔
مایوسی کو قریب نہ پھٹکنے دیں اور خود کو ضرورت سے زیادہ دبلا پتلا رکھنے یا سدا بہار اسمارٹنس کا خیال دل سے نکال دیں ۔شاخ گل کی طرح لچک دار سراپا صنف مخالف کا تخیل ہے اسے عملی جامہ پہنانے کی کوشش میں خود کو ہلکان نہ کریں تاہم اگر پھر بھی آپ چاہتی ہیں کہ آپ اسمارٹ ہوں ،چہرہ پر کشش ہو اور ہر دم تازہ نظر آئیں تو یہ کوئی مشکل بات بھی نہیں ہے بس گھر ،شوہر اور بچوں کے ساتھ ساتھ اپنے آپ پر بھی توجہ دیں ۔
صرف چند ہدایت پر عمل کریں اور پھر نتیجہ دیکھیں۔
اسمارٹ بننے کے لئے خود کو کچھ وقت دیں ،آپ رات بھر میں موٹی نہیں ہوئیں نہ ہی رات بھر میں دبلی ہو سکتی ہیں ۔بہر حال ! آپ دبلی ہوئی یا موٹی ،روزانہ صبح سویرے اور رات کھانے کے بعد آدھ گھنٹہ چہل قدمی کریں ،پیٹ کو کم کرنے کے لئے نہار منہ ورزش ضرور کریں اس کا طریقہ یہ ہے کہ پیٹ اندر کی طرف کرکے ایک سے دس تک گنیں ،پھر گہرا سانس لیں ،بار بار اسی طرح کریں۔

کمر پتلی کرنے کے لئے صبح شام کمر کی ورزش کریں اس کا طریقہ یہ ہے کہ پہلے ایک ہاتھ دوسری جانب اس طرح لے کر جائیں کہ گردن کے جھکاؤ کے ساتھ کمر پر بھی زور پڑے ،اسی طرح دوسرا ہاتھ کمر کی طرف لے جائیں ،یہ عمل پانچ سے دس مرتبہ کریں ۔جتنا زیادہ جھک سکتی ہیں جھکیں تاکہ کمر میں تناؤ پیدا ہو۔ بہت سی خواتین بھوک برداشت نہیں کر سکتیں لیکن یاد رکھیں!اصل بھوک کا احساس صرف دو منٹ تک رہتاہے اگر آپ اس لمحے اپنا دھیان کسی دوسری طرف کر لیں تو چند منٹوں میں ہی بھوک کا احساس ختم ہو جائے گا اگر آپ بھوک کے وقت کھائے بغیر نہیں رہ سکتیں تو پھر پیٹ بھر کر نہ کھائیں ،اتنا کھالیں کہ بھوک ختم ہو جائے آلو ،چاول ،مرغن کھانے ،مٹھائی اور تلی ہوئی چیزوں سے مکمل پر ہیز کریں۔

ڈائٹنگ کر رہی ہیں تو معمولات میں لچک اور تنوع پیدا کریں ،ڈائٹنگ کا منصوبہ جس قدر شدید اور جو شیلا ہو گا وہ اتنی ہی جلد نا کام ہو گا اس لئے اعتدال پسندی اختیار کریں ۔پھر سبزیاں زیادہ کھائیں کھانے سے قبل پھل اور سلاد سے پیٹ بھر لیں تاکہ روٹی کم کھائی جائے اگر پورا ہفتہ کھانے میں احتیاط رکھی ہے تو ویک اینڈ پر آئسکریم ،فش اینڈ چپس یا اپنی پسندیدہ میٹھی ڈش کھائی جا سکتی ہے۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Smart Banne Ki Khawahish" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.