Zewar Main Zewar Hai Jhumka - Article No. 2237

Zewar Main Zewar Hai Jhumka

زیور میں زیور ہے جھمکا - تحریر نمبر 2237

کانوں میں جگمگائے

منگل 17 دسمبر 2019

زیورات میں جھمکے صدیوں سے پہنے جارہے ہیں،تقسیم ہند سے پہلے اور بعد میں حتیٰ کہ ان دنوں بھی یہ زیور نوجوانوں میں مقبول ہے۔جب گرانی نہیں بڑھی تھی تو سونے اور ہیروں کے جڑاؤ جھمکے پہنے جاتے تھے پھر مختلف دھاتوں سے تیار کردہ جھمکے ہر خاص وعام پہننے لگا۔کبھی یہ راجہ مہاراجاؤں کی بیگمات اور شہزادیوں کا من بھاتازیور تھا جس میں قیمتی پتھر،اصلی موتی اور ہیرے جڑائے جاتے تھے۔
وقت کے ساتھ ساتھ رہن سہن اور تہذیب بدل گئی۔سونے کے جھمکے شادی بیاہ کے زیور میں اب بھی شامل کئے جاتے ہیں۔دلہنوں پر یہ خوب جچتے ہیں گوکہ ماڈرن لڑکیاں لاکھ جدید طرز کی مصری ،ترکی یا پاکستانی جیولری خریدیں اور خاص دن کے موقع پر اسے پہنیں لیکن دیکھا جارہا ہے کہ ایک آدھ جھمکوں کی جوڑی بھی لیتی ضرور ہیں۔

(جاری ہے)


بہت سے گھرانوں میں نانیوں ،دادیوں یا ماں کے زیور اس خاص دن کے لئے رکھے جاتے ہیں اور پوتی یا نواسی کی شادی ہو یا پہلے پوتے کی دلہن کو منہ دکھائی کی رسم میں دینا ہوں یہ جھمکے کا سیٹ بہت کام آتاہے۔

پرانے زیور پر نئی پالش کرائی جائے تو وہ نیا معلوم ہوتاہے اور زیورات کے لئے بھی یہی چلن دیکھا گیا ہے کہ فیشن لوٹ کے آتاہے۔کوئی ڈیزائن کچھ عرصے کے لئے پس پشت ضرور چلاجاتاہے مگر پھرلوٹ کے آتاہے اور اسے نئی نسل ایک بار پھر اپنا کر مشہور کر دیتی ہے۔جھمکے بھی اسی طرح کبھی فیشن سے باہر یا متروک نہیں سمجھے گئے بلکہ اب تو نئی نئی اختراعات کے ساتھ مقبول ہورہے ہیں۔

ٹیرا کوٹا،گوٹا اور سلک کے جھمکے
گوٹا کچھ عرصے کے لئے ماضی کا حصہ ضرور بنا تھا مگر اب سوتی کپڑے پر بھی گوٹے کناری کے دلکش ڈیزائنز مارکیٹ میں دیکھے جارہے ہیں۔نوجوان ڈیزائنرز گوٹے کی شاندار پھل کاریاں اور بیلیں متعارف کرارہے ہیں۔اسی طرح جھمکے بھی گوٹے کے بن رہے ہیں۔گوٹے کی مدد سے ہی بالی بنائی جاتی ہے اس کے ساتھ نچلے حصے میں جھمکے لگائے جارہے ہیں۔
مہندی اور مایوں کی تقریب میں اسی طرح اہتمام سے دلہنیں اور اس کی رشتہ دار بہنیں ،سہیلیاں اور دوسری خواتین تیار ہوتی ہیں۔سلک کے دھاگے سے تیار ہونے والے جھمکوں کو تھریڈ جھمکے ،کہا جاتاہے۔اسی انداز میں ٹسلز بھی ان دنوں بے حد مقبول ہیں ٹیراکوٹا جھمکوں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ مختلف رنگوں میں دستیاب ہیں اور آپ اپنے کپڑوں کی میچنگ جیولری پہننا چاہیں تو پہن سکتی ہیں۔
یہ سائز میں چھوٹی ہوتی ہیں اور کام کی جگہ پر کوئی تقریب ہو تو پہن سکتی ہیں ورنہ ملنے ملانے کے لئے کسی جگہ جانا ہوتو بھی بری نہیں لگتیں۔
حیدر آبادی جھمکے ،موتیوں بھرے
ان میں سفید موتی جڑے ہوتے ہیں اور یہ دیکھنے میں نہایت دلکش معلوم ہوتے ہیں۔کچھ جھمکوں میں ایک موتی لٹکایا جاتاہے اور کسی ڈیزائن میں ایک سے زائد چھوٹے موتی لگادئیے جاتے ہیں۔
ان جھمکوں کو انار کلی فراکس،میکسی،شلوار قمیض یا شرارے وغیرہ کے ساتھ بھی پہنا جا سکتا ہے ۔یہ زیور تو کپڑوں کی بھی چھب بڑھا دے گا۔
Oxidizalجھمکیاں
یہ بھی ان دنوں بہت پسند کی جارہی ہیں۔چاندی اور دوسری دھاتوں میں یہ قدرے وزنی محسوس ہوں گی۔ان میں تھوڑی سی سیاہی مائل رنگت اصل میں ان کی جاذبیت بڑھاتی ہے۔یہ سلور رنگ میں ہوتی ہیں اور اسے سیفائر،روبی یا زمرد کے رنگ کے نگینوں سے بھی آراستہ کیا جاتاہے۔
بہت سے لباس کے ساتھ ہم آہنگ ہوتا یہ روایتی زیور آپ کو پر اعتماد ظاہر کرتاہے اور آپ کی شخصیت نکھری نکھری سی نظر آتی ہے۔
ہماری گلوکارہ فریدہ خانم نے کیا خوبصورت گیت گایا تھا
لادے موہے جھمکا چاندی کا
اور پڑوسی ملک کی گلوکارہ نے بھی جھمکوں کی شان اپنی گائیکی کے فن سے بڑھا دی تھی۔کیا خوبصورت بول تھے
جھمکا گرارے بریلی کے بازار میں
آج کل ہیروں جواہرات اور سونے کے قیمتی جھمکے تو خال خال ہی بن رہے ہیں جب پہننے والی باکمال ہوتودوسری دھاتوں کے زیور بھی بہت خاص ہوجاتے ہیں۔

Browse More Special Articles for Women

Special Special Articles for Women article for women, read "Zewar Main Zewar Hai Jhumka" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.