Gharelu Totkay - Article No. 2904

Gharelu Totkay

گھریلو ٹوٹکے - تحریر نمبر 2904

گھریلو مسائل کا آسان حل

بدھ 15 جون 2022

مہندی کا رنگ تیز کرنا
املی کو پانی میں بھگو دیں۔تقریباً بیس منٹ بعد پانی چھان لیں۔اس پانی میں مہندی گھول لیں۔یہ مہندی اپنے ہاتھوں پر لگائیں۔تقریباً ڈیڑھ گھنٹے لگا رہنے دیں۔مہندی کا رنگ بہت تیز ہو جائے گا۔
دیواروں اور دروازوں پر پنسلوں کے نشان
عام طور پر چھوٹے بچے پنسلوں اور قلموں سے دیواروں اور دروازوں پر تصویریں وغیرہ بناتے رہتے ہیں۔
انہیں صاف کرنے کے لئے ایک صاف کپڑے کو پانی میں بھگو کر نچوڑ لیں۔اس کپڑے پر سہاگہ (بورکس) چھڑک کر دیواروں اور دروازوں کے دھبوں پر رگڑیں۔دھبے صاف ہو جائیں گے۔
واش بیسن کی صفائی
واش بیسن کی پیلاہٹ دور کرنے کے لئے تارپین کے تیل اور نمک کا مکسچر بنا کر واش بیسن کو صاف کر لیں اور تقریباً آدھے گھنٹے بعد واش بیسن کو گرم پانی سے دھو لیں۔

(جاری ہے)


فریج کی صفائی
نیم گرم پانی میں نمک اور میٹھا سوڈا برابر مقدار میں ملا کر سوتی کپڑے سے فریج کے خانوں میں دروازوں کی صفائی کی جائے تو فریج بالکل نیا معلوم ہوتا ہے۔
قالین کی صفائی
سوتی کپڑے یا روئی کو تارپین کے تیل اور گرم پانی میں بھگو کر قالین کو صاف کر لیں۔ایک برش لے کر اس سے روئی یا کپڑے کے ریشوں کو صاف کر دیں تو قالین ایک دم صاف ہو جائے گا۔

شیشے کی بوتلیں
نمک اور سرکہ ملا کر اس آمیزے کو اچھی طرح شیشے کی بوتلوں میں لگائیں۔دو گھنٹے بعد بوتلوں کو دھو لیں اس سے شیشے کی بوتلیں چمک جائیں گی۔
کشیدہ کاری والے کپڑے
ان کپڑوں کے رنگ اکثر کچے ہوتے ہیں۔سب سے پہلے نمک کے پانی میں کپڑا بھگوئیں پھر واشنگ پاؤڈر سے دھو کر کھنگال لیں۔جب قمیض پھیلانی ہو تو موٹا کپڑا اندر یا تولیہ رکھ کر پھیلا دیں۔
تارپر لٹکانی ہو تو بڑا پلاسٹک کا لفافہ سیفٹی پن سے لگا دیں تاکہ دوسری طرف رنگ نہ آ سکے۔اسی طرح میز پوش،ٹی کوزی کو دھوئیں۔
اچار کو محفوظ رکھنا
ایک چھوٹی سی پلاسٹک کی تھیلی میں تھوڑی سی ہینگ اچھی طرح بند کرکے اچار کے جار میں ڈال دیں اس طرح اچار تادیر خراب نہیں ہو گا۔
فرائی سبزی سے زائد تیل نکالیں
فرائی سبزی میں اگر تیل بہت زیادہ نظر آ رہا ہو تو اس کے اوپر تھوڑا سا بیسن چھڑک دیں۔
گھی یا تیل جذب ہو جائے گا اور مزے پر بھی کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
میٹھے آلو
آلو کی مٹھاس دور کرنے کے لئے انہیں کاٹ کر پکانے سے پہلے لہسن،نمک اور سرکہ لگا کر رکھ دیں۔پینتالیس منٹ کے بعد سالن پکائیں۔یہ سالن اتنا مزے کا ہو گا کہ لوگ انگلیاں چاٹتے رہ جائیں گے۔
چاول لمبے اور کھلے کھلے رہیں
چاول اُبالتے وقت اس میں استعمال شدہ لیموں چھلکے سمیت ڈال دیں تو چاول لمبے اور کھلے کھلے رہیں گے۔

کریلوں کی کڑواہٹ دور کرنا
کریلوں کی کڑواہٹ دور کرنے کے لئے پکانے سے پہلے کریلوں کو املی کے پانی میں پانچ منٹ اُبال لیں،کڑواہٹ دور ہو جائے گی۔
سرسوں کے تیل کی سطح پر جھاگ ختم کرنا
اکثر لوگ جب سرسوں کے تیل میں کوئی چیز فرائی کرتے ہیں تو اس پر بہت سا جھاگ آ جاتا ہے۔اس جھاگ کو ختم کرنے کے لئے سرسوں کے تیل کو اچھی طرح گرم کر لیں۔فرائی کرنے سے پہلے لہسن کے پانچ یا چھ جوئے تیل میں ڈال کر انہیں اچھی طرح سے جلا کر نکال دیں۔اب اس میں کچھ بھی فرائی کر لیں۔بار بار کے استعمال کے باوجود بھی تیل پر جھاگ نہیں آئے گا۔

Browse More Gharelu Totkay

Special Gharelu Totkay article for women, read "Gharelu Totkay" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.