Husn Aur Dilkashi Mein Izafa - Article No. 2735

Husn Aur Dilkashi Mein Izafa

حسن اور دلکشی میں اضافہ - تحریر نمبر 2735

چند گھریلو نسخے

پیر 15 نومبر 2021

اکثر خواتین حسن و صحت کو قائم رکھنے کے لئے نت نئے ٹانک،وٹامنز کی گولیوں کا استعمال کرتی ہیں یا پھر رنگ روپ نکھارنے کے لئے مہنگے اور جدید میک اپ کا سہارا لیتی ہیں۔کئی خواتین ایک اہم حقیقت کو فراموش کر جاتی ہیں وہ ہے متوازن غذا کا صحیح استعمال۔ بہت سی غذائیں جو ہمیں مرغوب ہوتی ہیں،دراصل وہی صحت کی خرابی اور حسن کے زوال کا سبب ہوتی ہیں جب کہ بعض غذائیں حسن کو دوام اور صحت کو تازگی بخشنے کا سبب بنتی ہیں۔
چائے،کافی اور تمباکو کا زیادہ استعمال صحت کے لئے مضر ہے اسی طرح گھی، مکھن روغنی غذائیں بھی کم کم کھانی چاہئیں ۔شکر،مٹھائیاں اور پیسٹری وغیرہ کا استعمال بھی زیادہ نہیں کرنا چاہیے۔جو لوگ ان چیزوں کا خیال رکھتے ہیں ان کے چہرے شگفتہ ہوتے ہیں اور وہ چاق و چوبند نظر آتے ہیں۔

(جاری ہے)


جو لوگ پھل،سبزیاں زیادہ کھانے کے عادی ہوتے ہیں۔زیادہ سے زیادہ وقت کھلی ہوا میں گزارتے ہیں۔

ورزش کرنا ان کے روٹین میں شامل ہوتا ہے،غسل کی عادت ہوتی ہے،دودھ کا استعمال کرتے ہیں وہ اچھی صحت اور متوازن جسم کے حامل ہوتے ہیں۔غذا میں سلاد اور سبزیوں کا استعمال بڑھا دیا جائے،خاص طور پر ٹماٹر اور پالک جو کہ جگر کے لئے بھی مفید ہیں۔اس سے رنگ و روپ میں نکھار اور شگفتگی آتی ہے۔پھل یوں تو سب مفید ہیں مگر لیموں اور سنگترہ رنگ و روپ کے لئے بہتر بتایا جاتا ہے۔

رنگ گورا کرنے کا اچھا اور سستا نسخہ یہ ہے کہ گاجر کا رس نکال کر اس کو کسی ٹھنڈی جگہ یا فریج میں رکھ دیا جائے اور روئی کی مدد سے چہرے پر روزانہ دن میں تین یا چار مرتبہ لگائیں۔اس سے رنگ گورا ہوتا ہے۔اکثر لڑکیاں اس بات پر پریشان رہتی ہیں کہ ان کی پلکیں لمبی اور گھنی کیوں نہیں ہیں۔اس کا حل بھی آسان ہے۔زیتون کا تیل اور شہد مناسب مقدار میں ملا کر پلکوں کا روزانہ مساج کرنے سے پلکیں لمبی اور گھنی ہو جاتی ہیں۔
بعض اوقات چہرے کی جلد مرجھائی سی دکھائی دیتی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ چہرے کی صفائی کی طرف توجہ نہیں دی جاتی ۔اس کا ایک حل یہ ہے کہ دو چمچ آٹا اور آدھا چمچ ہلدی لے کر اس کو دودھ میں ملا کر پیسٹ بنا لیا جائے۔ اس پیسٹ کو چہرے پر لگا کر چہرے کی جلد کو اچھی طرح سے صاف کریں۔اس سے جلد کے مسام کھل جائیں گے اور چہرے کی جلد میں تروتازگی آئے گی۔چہرے کے داغ دھبے بھی خوبصورتی میں رکاوٹ بن جاتے ہیں۔
ان سے نجات حاصل کرنے کے لئے نیم گرم دودھ کا چہرے پر استعمال مفید ہے۔نیم گرم دودھ کو روئی کی مدد سے چہرے پر لگایا جائے۔بعض خواتین لپ اسٹک کا استعمال زیادہ کرتی ہیں جس کی وجہ سے ان کے ہونٹوں کا رنگ سیاہ پڑ جاتا ہے۔لپ اسٹک کے کیمیائی اجزاء کے اثرات سے محفوظ رہنے کے لئے لپ اسٹک استعمال کرنے سے پہلے ہونٹوں پر کریم یا پاؤڈر لگانا چاہیے۔

ہاتھوں کی خوبصورتی
ہاتھ خوبصورت اور نرم و ملائم نظر آئیں۔اس کے لئے دو چمچ عرق گلاب،ایک چمچ گلیسرین اور ایک عدد لیموں کے رس کا محلول بنا کر اسے شیشی میں محفوظ کر لیا جائے۔کام کاج ختم کرنے کے بعد ہاتھوں کو اچھی طرح سے دھو کر اور خشک کرکے اس لوشن کو ہاتھوں پر مل لیا جائے۔کچھ ہی دنوں میں ہاتھوں کا کھردرا پن ختم ہو جائے گا۔
دن میں تین چار مرتبہ یہ عمل کرنا چاہیے۔بازوؤں اور ہاتھوں کا خیال اس لئے بھی رکھنا چاہیے کہ یہ کام کاج میں زیادہ استعمال ہوتے ہیں اور زیادہ تر کھلے رہتے ہیں۔ان پر باہر جاتے ہوئے اکثر براہ راست دھوپ پڑتی ہے جس کی وجہ سے ان کا رنگ جھلس جاتا ہے۔بازوؤں کو دھوپ سے حتیٰ الامکان بچانا چاہیے۔ہفتے میں ایک مرتبہ بازوؤں پر اُبٹن بھی لگانا چاہیے۔

پاؤں توجہ چاہتے ہیں
پاؤں بھی ہماری خصوصی توجہ کے طالب ہیں۔نیم گرم پانی میں لیموں،بے بی آئل اور شیمپو ڈال کر اس میں کچھ دیر پیروں کو ڈبوئے رکھنے سے پیروں کو آرام ملتا ہے۔اس پانی میں کچھ دیر پاؤں ڈبوئے رکھنے کے بعد مساجر یا جھانویں سے پاؤں کا اچھی طرح سے مساج کرنا چاہیے۔ یہ عمل شدید مشکل لگے لیکن سارے دن میں سے صرف آدھا گھنٹہ اپنے لئے نکال لیا کریں اور اوپر بتائی گئی باتوں میں سے چند ایک کو بھی اپنی روٹین کا معمول بنا لیں تو صحت بھی اچھی ہو گی اور اس کا اظہار چہرے سے بھی بخوبی ہو رہا ہو گا۔

Browse More Gharelu Totkay

Special Gharelu Totkay article for women, read "Husn Aur Dilkashi Mein Izafa" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.