Aik Anda Bacha Lain To - Article No. 2875

Aik Anda Bacha Lain To

ایک انڈا بچا لیں تو - تحریر نمبر 2875

آج ماسک لگا لیں گے

جمعرات 12 مئی 2022

اب تک آپ انڈے کی افادیت سے واقف ہو چکے ہوں گے۔یہ قدرتی اور اعلیٰ ترین پروٹین ہی نہیں بلکہ وٹامن D,B,A اور دیگر متعدد معدنی ذرات اور عناصر پر مشتمل ہیں۔انڈے جہاں جسم کو بھرپور غذا اور توانائی فراہم کرتے ہیں وہیں یہ جلد کے علاج اور چہرے کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں۔انڈے کی سفیدی مختلف کھانوں میں استعمال ہو جاتی ہے اور زردی میں کولیسٹرول کی موجودگی کے باعث اکثر لوگ اسے علیحدہ کر دیتے ہیں حالانکہ گزشتہ دنوں کی جانے والی ایک تحقیق کے مطابق زردی بھی مضر صحت نہیں ہوتی بہرحال اگر آپ زردی الگ ہی کر رہی ہیں تو اسے بجائے ضائع کرنے کے ماسک کے لئے محفوظ کر لیجئے۔

بلیک ہیڈز کو ختم کرنے میں زردی کا استعمال مفید اور بہتر نتائج بھی دیتا ہے۔ایک برش کے ذریعے انڈے کی زردی کو چہرے پر لگائیں۔

(جاری ہے)

اس کے بعد چہرے پر ٹشو پیپر رکھ کر اس پر بھی انڈے کی زردی لگائیں۔جب یہ خشک ہونے لگے تو ٹشو پیپر کو کھینچ کر نکال دیں اور چپکی ہوئی زردی کو رگڑ کر نکال دیں۔اس کے بعد نیم گرم پانی سے چہرہ دھو لیں۔اس عمل سے سیاہ دھبوں کی شکایت بہت جلد جاتی رہتی ہے۔


نارمل جلد کے لئے انڈے کی سفیدی کے ساتھ گاجر کے جوس میں تھوڑی سی مقدار تازہ دودھ کی شامل کر لی جائے اور چہرے پر خشک ہونے تک لگا رہنے دیں۔اس طرح چہرے کی جلد میں نکھار آ سکتا ہے۔
خشک جلد کی شکایت کرنے والی خواتین بھی گھر ہی میں انڈے کا ماسک تیار کر سکتی ہیں۔اس کے لئے انڈے کی سفیدی میں اتنی ہی مقدار میں آواکادو اچھی طرح کچل کر آمیزہ بنا لیں اور اس کو 20 منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں۔
اس طرح خشک جلد کی شکایت دور ہو جائے گی۔
روغنی اور کیل مہاسوں والی جلد کے لئے بھی انڈے کا ماسک بہت مفید ہے۔ایک انڈے کی سفیدی میں ایک کھانے کا چمچ لیموں کا عرق اور ایک چائے کا چمچ شہد ملا کر اچھی طرح ملا لیں پھر چہرے پر لگائیں۔
حساس جلد کی مالک خواتین انڈے کی سفیدی میں شہد یا دہی ملا کر چہرے پر 20 منٹ تک لگا رہنے دیں۔داغوں سے متعلق کئی شکایات یقینا دور ہوں گی۔تاہم حساس جلد رکھنے والی خواتین ماہر امراض جلد کے مشورے سے ماسک لگائیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Aik Anda Bacha Lain To" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.