Badalti Ruton Mein Jild Ki Shaguftagi Barqarar Rakhain - Article No. 3087

Badalti Ruton Mein Jild Ki Shaguftagi Barqarar Rakhain

بدلتی رتوں میں جلد کی شگفتگی برقرار رکھیں - تحریر نمبر 3087

سرد موسم میں جلد کی حفاظت اور نگہداشت کے لئے معیاری موئسچرائز کا استعمال یقینی بنائیں اور ہاتھوں اور پیروں پر بھی خصوصی توجہ دیں

پیر 6 مارچ 2023

نصرت یاسین
جیسے جیسے سردیوں کی خشک اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگتی ہیں گھریلو خواتین چہرے اور ہاتھوں کی خشکی اور پیر پھٹنے کی تکالیف کا شکار ہو جاتی ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنے آپ کو بہت بے آرام اور بے سکون محسوس کرتی ہیں۔ہونٹ پھٹنے‘خارش اور خشکی کی شکایات کے علاوہ اکثر لوگ بالوں کے لئے بھی فکر مند ہو کر نئے نئے (اینٹی ڈینڈرف) خشکی سکری سے بچنے والے شیمپو استعمال کرنے لگتے ہیں جو بالوں کو خشک اور بے جان ہونے سے محفوظ رکھیں اور بال بھی نہ جھڑیں کیونکہ سردیوں میں خشکی ہونا اور بال گرنا ایک بہت ہی عام مسئلہ ہے۔

موسم سرما میں چلنے والی خشک اور ٹھنڈی ہوائیں ہوا میں موجود تمام نمی اپنے اندر کھینچ لیتی ہیں اور ہماری جلد کو مناسب نمی نہ ملنے کی صورت میں جلد خشک ہو جاتی ہے اور پوری جلد میں کھچاؤ اور خارش ہونے لگتی ہے یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی پانی وغیرہ کا کام کرنے کے بعد ہاتھ ایک دم خشک ہو جاتے ہیں اور انہیں موئسچرائز کرنا ضروری ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ہوا میں نمی کی کمی جلد کو خراب کرنے کی بہت بڑی وجہ ہے اور اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ جلد کو نقصان پہنچانے کا آغاز ہیں۔

سردیوں میں ہمیں چاہیے کہ ہم باقاعدگی سے موئسچرائزنگ کریم کا استعمال کریں جو ہماری جلد کو نرم رکھنے میں مددگار ہو،کوئی بھی کام کرنے کے بعد خاص طور پر برتن یا کپڑوں کی دھلائی کے بعد ہاتھ اور پیروں کو اچھی طرح کریم لگا کر موئسچرائز کر لیں تاکہ جلد خشک نہ ہو۔سردیوں میں لوگ بہت تیز گرم پانی سے نہانے کو ترجیح دیتے ہیں جو جلد کی خشکی اور بے آرامی کی وجہ ہے اس لئے اتنا ہی تیز گرم پانی استعمال کریں جس سے آپ کی جلد کو کوئی نقصان نہ ہو،خشک جلد والے لوگ اس بات کا خاص خیال کریں کیونکہ نارمل جلد کے لوگوں کو سردیوں میں زیادہ مشکلات پیش نہیں آتی،اس کے برعکس خشک جلد سردی میں مزید خشک ہو کر کھچنے لگتی ہے۔

ماہرین جلد کے مطابق اپنی جلد کو سردیوں میں خشک ہونے سے بچانے کے لئے دن میں موئسچرائزنگ کریم کا استعمال کریں جبکہ رات میں کولڈ کریم کا استعمال کرنا زیادہ مناسب ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ موئسچرائزر میں تیل اور پانی کی مناسب مقدار شامل ہوتی ہے اور پانی کی مناسب مقدار کی وجہ سے جلد میں جذب ہو جانے کے باعث چکناہٹ محسوس نہیں ہوتی جبکہ کسی بھی قسم کی کریم‘تیل‘ویسلین یا پیٹرولیم جیلی جلد کے لئے فائدہ مند تو ہے لیکن جلد کو چکنا کر دیتی ہے جس کی وجہ سے اسے رات کو سونے سے پہلے استعمال کرنا بہتر طریقہ کار ہے۔

عموماً سردیوں میں نارمل جلد کے لوگوں کو بہت زیادہ خیال یا دیکھ بھال کی ضرورت نہیں ہوتی اس کے برعکس خشک جلد کے مالک افراد جلد کی مختلف تکالیف اور الرجی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ایگزیما کے مرض میں مبتلا لوگ سردیوں میں اپنی جلد میں کافی زیادہ تکلیف محسوس کرتے ہیں کیونکہ سردی کی خشک ہوائیں جلد میں نمی ختم کر دیتی ہے۔
ماہرین جلد کا ایسے لوگوں کے لئے کہنا ہے کہ وہ دن میں صرف ایک بار نہیں بلکہ دو یا تین بار زیادہ مقدار میں موئسچرائزر کا استعمال کریں جبکہ نائٹ کریم بھی کم نہیں بلکہ وافر مقدار میں لگا کر سوئیں،یہ دونوں ہی طریقے بہت موٴثر ہیں۔
اس کے علاوہ ہفتے میں دو بار نہانے سے پہلے آئل کا مساج کریں،نہانے کے فوراً بعد جلد کو پوری طرح موئسچرائز کریں جس کی وجہ سے آپ کی جلد میں نمی برقرار رہے گی۔خشک جلد کے لوگوں کو ایسی کریم کا انتخاب کرنا چاہیے جس میں ہائیڈروسکوپک (Hygroscopic) موجود ہو اور جو جلد میں موجود موئسچرائزر کو محفوظ رکھ سکے۔آج کل مارکیٹ میں جلد کی حفاظت و نگہداشت کے لئے مختلف معیاری مصنوعات باآسانی دستیاب ہیں پراڈکٹ کے پیچھے اس میں شامل تمام اجزاء کی مکمل تفصیل بھی موجود ہوتی ہے جس کے ذریعے باآسانی جلد کی مطابقت سے ان کا انتخاب کیا جا سکتا ہے۔

ہاتھوں اور پیروں کی حفاظت
پیروں کی ایڑھیوں کا پھٹنا ایک بہت ہی عام اور پیچیدہ مسئلہ ہے اکثر و بیشتر ایڑھیاں اس حد تک پھٹ جاتی ہیں کہ ان سے خون بہنے لگتا ہے جس کے باعث وہ مزید تکلیف کا باعث بنتی ہیں۔ماہرین جلد کے مطابق ادویات کے علاوہ بھی بہت سے گھریلو نسخوں کے ذریعے ان کو باآسانی ختم کیا جا سکتا ہے۔ہاتھ اور پیروں کو قدرے گرم پانی میں نمک ڈال کر بھگوئے رکھیں،وافر مقدار میں موئسچرائزر اور کریم کا استعمال کریں،ہاتھوں میں دستانوں کا استعمال کریں اور پیروں کے لئے بھی موزے کا استعمال کریں۔
چکنی یا آئلی جلد کے مالک لوگوں کو سردی کی ہوائیں زیادہ تکلیف نہیں دیتی ہیں،نہ ہی انہیں زیادہ احتیاطی تدابیر استعمال کرنی پڑتی ہیں۔دن میں ایک بار موئسچرائز کرنا بھی ان کے لئے کافی ہوتا ہے۔
سر کی جلد میں موجود خشکی بھی سردی میں ہونے والا ایک اہم مسئلہ ہے جس کی وجہ سے بال روکھے اور بے جان ہو کر جھڑنے لگتے ہیں۔بالوں میں تیل کا مساج کریں،تیل بالوں کی جڑوں اور سروں پر لگائیں بعد میں اچھی طرح شیمپو کر لیں،خشکی سے سر کی جلد میں چھلکے دار پرت جم جاتی ہے جو نہانے کے ایک دن کے بعد ہی سر میں تیل چھوڑ دیتی ہے اسی لئے تیل لگا کر فوراً کسی اچھے اینٹی ڈینڈرف شیمپو سے بال دھو لیں یہ آپ کے مسام کو صاف کر کے ان کو نمی سے دور رکھے گا اور بالوں کو گرنے اور روکھے ہونے سے بچائے گا۔

قدرتی اجزاء کے ذریعے جلد کی حفاظت
قدیم دور میں ابٹن کا استعمال بہت ہی عام تھا اس میں موجود بیسن،کینو کے چھلکے اور دودھ چہرے کی جلد کے لئے بہترین موئسچرائزر ہیں۔خالی بیسن کا روزانہ استعمال جلد کو چکنا اور صحت مند بناتا ہے۔کینو کے چھلکے اور دودھ سے جلد صاف ہو جاتی ہے اور چہرے کو تروتازہ‘چمکدار بناتی ہے۔
چہرے کی جلد کے علاوہ پورے جسم پہ اسے استعمال کیا جا سکتا ہے جو صابن کے مضر اثرات کو زائل کرتا ہے خاص کر خشک جلد والوں کو صابن کافی حد تک نقصان پہنچاتا ہے اس لئے جہاں تک ممکن ہو صابن کم سے کم استعمال کریں۔
پرانے وقتوں میں گھریلو خواتین کچن میں موجود قدرتی اجزاء کو حسن کی نگہداشت کے لئے استعمال کرتی تھیں،تمام سبزیوں کے تیل میں بہترین موئسچرائزر موجود ہوتا ہے اور پہلے زمانے میں نہانے سے پہلے تیل کا مساج کرنے کا رواج تھا اسے ضروری بھی سمجھا جاتا تھا جبکہ موجودہ دور میں گلیسرین یا پیٹرولیم جیلی وغیرہ کو بھی ترجیح دی جاتی ہے۔
یہ بہت اچھا طریقہ کار ہے لیکن صرف پیروں کی ایڑھیوں اور ہونٹوں پہ لگانا ہی مناسب ہوتا ہے ورنہ تو یہ پورے جسم پہ چپ چپ ہونے کا احساس چھوڑ دیتے ہیں جو بے چینی کا باعث بنتا ہے۔
بتائے گئے تمام طریقہ کار کے علاوہ جلد کی خشکی سے بچنے کا ایک اور اہم جز ہے،وہ ہے ایک مکمل صحت مند غذا کا استعمال جو جلد کو نرم اور تروتازہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
ایسی غذا کا استعمال کریں جن میں کافی مقدار میں اینٹی آکسیڈنٹ (Antioxidants) شامل ہو۔تازہ پھلوں اور سبزیوں میں آپ کو اس کی بڑی مقدار حاصل ہو گی مثلاً گاجر اور پالک کا استعمال کریں،خشک میوہ جات کا استعمال بھی فائدہ مند ہے خاص کر بادام اور اخروٹ کا استعمال نہایت مفید ہے۔اب سب باتوں کا خیال کر کے ہی آپ سردیوں کے موسم کا بھرپور مزہ لے سکتے ہیں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Badalti Ruton Mein Jild Ki Shaguftagi Barqarar Rakhain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.