Barsaat Main Baloon Or Jild Ki Hifazat - Article No. 2387

Barsaat Main Baloon Or Jild Ki Hifazat

برسات میں بالوں اور جلد کی حفاظت - تحریر نمبر 2387

ان دنوں میں خود کو لائٹ میک اپ تک محدود رکھیں

بدھ 15 جولائی 2020

راحیلہ مغل
بارش کا خوبصورت موسم ہر کسی کو پسند ہے،سورج کا بادلوں کے ساتھ آنکھ مچولی کھیلنا کبھی دھوپ کبھی چھاؤں،قوس وقزح کے رنگوں کا افق پہ بکھرنا کبھی نرم نرم بوندوں کا مٹی کو مہکانا تو کبھی موسلادھار بارش کا دن رات برسنا،کبھی بادلوں کا گرجنا اور کبھی بجلی کا چمکنا۔بارش کا موسم کتنا حسین خوشگوار،دلکش اور سُہانا ہوتا ہے جب ہر چیز نکھری ،نکھری اور دھلی دھلی نظر آتی ہے اور سبز و آنکھوں کو ٹھنڈک بخشتا ہے۔
لیکن اس موسم کو مسائل کا موسم بھی کہا جاتا ہے کیونکہ اس موسم میں جلد کے مسائل،بالوں کے مسائل خواتین کو پریشان کر دیتے ہیں لہٰذا اس آرٹیکل میں موسم کی مناسبت سے خواتین کے جلد اور بالوں کے مسائل کے بارے میں بات کریں گے اور ان کا حل بھی بتائیں گے۔

(جاری ہے)


جلد کے مسائل
بارش کا موسم خواتین کو پسند تو ہوتا ہے لیکن اس موسم میں کچھ مسائل بھی درپیش ہوتے ہیں جن سے وہ متاثر ہوتی ہیں مگر خود کو تروتازہ اور پر سکون رکھنے کے لئے مزید دیکھ بھال کی طرف توجہ دیتی ہیں۔

بارش کے دنوں میں جلد کے حوالے سے جو سب سے بڑی پریشانی ہوتی ہے وہ ہے فنگس انفیکشن یہ عموماً گیلی جلد پر اپنا وار کرتا ہے۔گیلی جلد بھیگ بھیگ کر یا مسلسل بھیگنے سے نرم ہو جاتی ہے اور ایسے میں فنگس کا آسان ہدف بن جاتی ہے۔بارش کے دنوں میں اگر جلد خشک ہونے لگے تو عرق گلاب اور گلیسرین کا مکسچر رات کو سونے سے قبل چہرے پر لگائیں یا بادام اور شہد کا پیسٹ بھی بنا سکتی ہیں اسے بیس منٹ تک چہرے پر لگا رہنے دیں۔
اس سے چہرے کی جلد نرم ہو جائے گی۔بارش کے موسم میں زیادہ متاثر چکنی جلد ہوتی ہے۔واٹر بیسڈ موئسچرائزر کا استعمال مناسب ہوتا ہے۔دن میں تین بار اپنے چہرے کو دھوئیں۔بیسن کو عرق گلاب یا دودھ میں ملا کر چہرے پر لگائیں۔
اس سے آپ کی جلد کی صفائی بھی ہو گی اور زائد تیل کا خاتمہ بھی ہو گا۔جلد کی چپچپاہٹ کا احساس ہوتو اس سے بچنے کے لئے ایک کھانے کا چمچہ صندل کی لکڑی کے پاؤڈر کو عرق گلاب میں مکس کریں اور اسے چہرے‘ہاتھوں‘بازوؤں اور پاؤں پر لگائیں۔
مردہ سیل اور جلد کو صاف کے لئے موٹا پسا ہوا آٹا لے کر غسل کے دوران جلد پر یعنی جسم پر صابن کی طرح لگائیں۔خشک اور مردہ جلد میں زندگی لانے کے لئے شہد اور دہی کی یکساں مقدار لے کر مکس کرلیں۔اسے چہرے اور گردن پر لگائیں اور پندرہ منٹ کے بعد چہرہ دھوئیں۔آپ کی جلد خشک ہے تو ایک کھانے کا چمچہ ملک کریم میں عرق گلاب ملالیں اور اسے چہرے پر لگائیں۔
پندرہ منٹ کے بعد چہرہ دھولیں۔جب بھی چہرہ دھوئیں‘ہر بار ٹونر لگائیں تاکہ مسام کے منہ بند ہو جائیں اور آپ کی جلد کی اپنی نمی اندر ہی جمع ہو جائے۔کیمیکل پیل ایسا ٹریٹمنٹ ہے‘جو ماہر جلد استعمال کرتے ہیں۔تاہم آپ چاہیں تو خود بھی یہ گھر پر کر سکتی ہیں۔
اس سے جلد میں تازگی پیدا ہوتی ہے اور مردہ جلدبھی اٹھتی ہے اور اس کے بہترین استعمال کا وقت مون سون کا موسم ہے۔
اس ٹریٹمنٹ کے بعد دھوپ سے جلد کو نقصان نہیں پہنچتا ہے اور حساسیت پر بھی فرق نہیں پڑتا ہے۔بارشوں کے دنوں میں رات کے وقت جلد کی ٹوننگ بہت ضروری ہوتی ہے۔انفیکشن سے بچنے کے لئے کوئی بھی اچھا سا اینٹی انفیکشن ٹونر استعمال کریں۔اس کو گھر میں بھی آپ تیار کر سکتی ہیں۔ایک چائے کا چمچہ دودھ میں پانچ قطرے چنبیلی کا تیل مکس کریں۔اگر جلد چکنی ہے تو لیونڈر آئل میں تھوڑا پانی ملا کر پتلا کرلیں اور پھر چہرے پر لگائیں۔
چکنی جلد کو موئسچرائزر کرنے کے لئے 2چائے کے چمچے عرق گلاب‘چار قطرے اسٹرابیری آئل اور چار قطرے اورنج آئل اسینشل آپس میں مکس کرلیں۔اسے چہرے پر‘ہاتھوں اور پیروں پر لگائیں اور 15منٹ کے بعد دھولیں اور پھر کمال دیکھیں ‘آپ کی جلد دمک اُٹھے گی۔کھیرا کچل کر اس میں صندل کی لکڑی کا پاؤڈر مکس کرلیں اور پورے جسم پر لگائیں۔اس سے جلد کو تازگی اور خوشبو ملے گی۔
آزما کر ضرور دیکھیں۔بارشوں کے دنوں میں اکثر ہونٹ خشک ہو کر پھٹنے لگتے ہیں‘اگر آپ کے ساتھ بھی یہی مسئلہ ہے تو پھر خشک اور پھٹے ہوئے ہونٹوں پر ناریل کا تیل لگائیں‘اگر ایڑیاں پھٹنے لگیں تو ان پر کیسز آئل لگائیں۔بارشوں کے دنوں میں بھاری موئسچرائزنگ کریم‘آئلی فاؤنڈیشن اور کریم بیسڈ کلر میک اپ سے دور رہیں۔لائٹ موس یا مینالک کمپیکٹ کا استعمال کریں یا پھر کیلا مائن لوشن کے چند قطرے بطور میک اپ بیس استعمال کریں۔
ان دنوں میں خود کو لائٹ میک اپ تک محدود رکھیں۔
بارش کے موسم میں بالوں کے مسائل
بارش کے موسم میں نمی کی زیادتی بالوں کی سب سے بڑی دشمن ہے۔یہ اس وقت بھی آپ کے بالوں کو متاثر کرتی ہے۔جب آپ سارا دن گھر میں رہتی ہیں۔ایسا اُن دنوں میں زیادہ ہوتا ہے جب ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ جاتا ہے۔آپ کے بال اُلجھا ؤکا شکار ہوتے ہیں یا پھیکے پھیکے نظر آتے ہیں۔
اس کا انحصار آپ کے بالوں کی قسم پر ہے۔باریک اور موٹے بال بے رونق ہو جاتے ہیں‘جبکہ لہرئیے دار اور گھنگھر یا لے بال اُلجھاؤ کا شکار ہو جاتے ہیں۔اس کا بہترین حل یہ ہے کہ بالوں کو انداز یا اسٹائل دینے کے لئے اسٹائلنگ جل کا استعمال کیا جائے۔اس جل کی وجہ سے بالوں کے اوپر ایک باریک سی تہہ جم جاتی ہے جس سے بالوں کی نمی سے تحفظ ملتا ہے۔
مزید تحفظ کے لئے آپ ایسا ہیئر اسپرے استعمال کر سکتی ہیں‘جس میں چپچپاہٹ نہ ہو۔اچھا ہو گا کہ آپ ایروسول استعمال کریں۔
یہ شاندار اسپرے ہے اگر اسپرے کا نوزل باریک ہے تو اس کے استعمال سے پروڈکٹ ایک ہی جگہ زیادہ مقدار میں جمع ہو جائے گی‘جس سے بال آپس میں چپک جائیں گے اور پورا دن آپ کے لئے مسئلہ بنا رہیں گے۔بارش میں بھیگنے کے بعد اس سے اچھی اور کوئی بات نہیں ہو سکتی ہے کہ آپ ایک بھر پور شاور لے لیں۔
تاہم بالوں کو کثرت سے دھونا یعنی روز دھونا آپ کے اُن مسائل میں اضافہ کردے گا جن سے آپ پہلے ہی پریشان ہیں۔ہفتہ میں 3-2بار بالوں کو دھوئیں۔اس سے آپ کے بال صاف بھی رہیں گے اور دیکھنے میں بھی اچھے لگیں گے ۔ساتھ ہی ساتھ آپ کے بالوں کی قدرتی چمک اور لچک میں فرق نہیں آتا ہے اور بال الجھاؤ کا کم سے کم شکار ہوتے ہیں۔بالوں کو دھونے کے بعد ان کی کنڈیشننگ کر ناہر گز نہ بھولیں۔

خشک بالوں کو قابو میں رکھنے کے لئے آپ ”نیوان کنڈیشنر“کا استعمال کر سکتی ہیں۔بارش اور نمی سے بوجھل دنوں میں اپنے بالوں کو زبردستی وہ اسٹائل دینے کی کوشش نہ کریں جس میں آپ خود کو درست نہ محسوس کرتی ہوں۔مثال کے طور پر بال اگر گھنگھریالے ہیں تو پھر ان کو سیدھا نہ کریں اور اگر سیدھے ہیں تو گھنگھریالے نہ کریں۔ایسا اس لئے کہا جا رہا ہے کہ بال اگر نمی کی تھوڑی سی مقدار بھی اپنے اندر جذب کرلیں گے تو بال واپس اپنی قدرتی حالت میں آجائیں گے اور آپ کی کوشش رائیگاں چلی جائے گی۔
اس کے بجائے بالوں کو ان کی قدرتی حالت میں رہنے دیں اور ایسا ہیئر اسٹائل اپنائیں جو آپ پر سوٹ کرتا ہو۔باریک اور سیدھے بالوں کے لئے بالوں کو پیچھے کی طرف کھینچ کر پونی نیل بنالیں یا پھر بالوں کو سیٹ کر جوڑا بنالیں۔یہ گرمی میں زیادہ مناسب رہتاہے۔الجھے ہوئے بالوں کو سلجھانے کیلئے عموماً ہیئر کریم یا اسی طرح کی پروڈکٹس کا سہارا لیا جاتا ہے‘مگر ان کے اُلٹے اثرات ہو سکتے ہیں کیونکہ ان کے ذریعے بالوں میں اور زیادہ نمی داخل ہو گی اور بال مزید چکنے اور چپچپے ہو جائیں گے۔

مون سون کے دنوں میں اچھا ہو گاکہ الکحل بیسڈ کریم اور جل کا استعمال زیادہ کیا جائے کیونکہ یہ بالوں میں خشک اثرات پیدا کرتے ہیں اور موئسچرائزنگ پروڈکٹس کو موسم سرما کے لئے اُٹھا رکھیں اور اگر آپ بالوں میں جل لگاتی ہیں مگر اس کے باوجود بال قابو میں نہیں آتے ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔درست لوازمات کے ذریعے نہ صرف اس پر قابو پایا جا سکتا ہے بلکہ ایک فیشن کو رواج بھی دیا جا سکتا ہے۔
چونکہ بارشوں کے دوران ہوا میں نمی کی زیادتی ہوتی ہے۔اس لئے اس موسم میں بال ایکسٹرا یا زیادہ توجہ مانگتے ہیں نمی کی زیادتی کی وجہ سے بال چکنے اور پھیکے پھیکے لگنے لگتے ہیں اور بالوں کی ساخت متاثر ہو کر بے جان ہو جاتی ہے۔کھوپڑی پر مسلسل پسینہ آتا رہتا ہے جس کی وجہ سے سر میں کھجلی ہوتی ہے‘بے چینی ہوتی ہے اور بال گرنے بھی لگتے ہیں۔

موسم کی سختی کی وجہ سے جو بال گرتے ہیں۔اس کے لئے کسی علاج کی ضرورت نہیں ہوتی ہے کیونکہ موسم کے گزرتے ہی بال دوبارہ اگ آتے ہیں۔موس جل اور کنڈیشنر سے جس قدر ممکن ہو دور رہا جائے۔اس کے علاوہ اس موسم کے دوران بالوں میں کوئی کیمیاوی ٹریٹمنٹ نہ کروائیں۔مثلاً بالوں کو رنگوانا گھنگھریالے بنواتا یا گھنگھریالے بالوں کو سیدھا کروانا۔بالوں میں آئرننگ تو بالکل نہ کروائیں کیونکہ اس سے بالوں پر مسلسل گرم ہوا پڑتی ہے ‘جس سے بال کمزور ہو کر ٹوٹنے لگتے ہیں اور دو منہ والے بن جاتے ہیں۔بالوں میں موجود تیل کی زیادتی اور موئسچرائزر کو ختم کرنے کا بہترین طریقہ مہندی کا استعمال ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Barsaat Main Baloon Or Jild Ki Hifazat" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.