Daagh Dhabbon Or Chayyun Se Nijaat K Sadiyon Purane Tariqe - Article No. 2328

Daagh Dhabbon Or Chayyun Se Nijaat K Sadiyon Purane Tariqe

داغ دھبوں اور چھائیوں سے نجات کے صدیوں پُرانے طریقے - تحریر نمبر 2328

ایسی لا تعداد اور قدرتی جڑی بوٹیاں ،تیل اور نباتات موجود ہیں جن کا خواتین کی صحت وخوبصورتی سے گہرا تعلق ہے اور آج بھی لاکھوں خواتین ان سے فائدہ اٹھا رہی ہیں ۔

جمعہ 10 اپریل 2020

رابعہ گل
سائنس نے زندگی کے ہر شعبے میں بے مثال ترقی کی ہے ۔بناؤ سنگھار اور میک اپ کی دنیا میں بھی ایک انقلاب آچکا ہے ،چہرے کو روشن اور تابندہ رکھنے کے لئے آئے روز جدید سے جدید اشیاء اور آلات مارکیٹ میں آرہے ہیں لیکن اس کے باوجود ایک بات طے ہے کہ ہزاروں سال پرانے قدرتی اور روایتی طریقے آج بھی اپنی ایک الگ شناخت رکھتے ہیں اور ان کی افادیت میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں آتی۔
ایسی لا تعداد اور قدرتی جڑی بوٹیاں ،تیل اور نباتات موجود ہیں جن کا خواتین کی صحت وخوبصورتی سے گہرا تعلق ہے اور آج بھی لاکھوں خواتین ان سے فائدہ اٹھا رہی ہیں ۔اس وقت ہم آپ کو ایسی ہی چیزوں کے بارے میں بتانے جارہے ہیں جن سے یقینا آپ کی رنگت بہتر ہو گی اور زیادہ پیسے بھی خرچ نہیں ہوں گے ۔

(جاری ہے)


Oil massage
جدید سائنس اس بات کو تسلیم کرتی ہے کہ مختلف قسم کی نباتات ،بیجوں اور جڑی بوٹیوں کا استعمال نہ صرف مخصوص امراض میں فائدہ مند ثابت ہوتاہے بلکہ یہ نباتات اور ان سے نکالے ہوئے تیل جلد کی خوبصورتی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔

جیسے صندل، مہندی ،برہمی بوٹی ،سیکا کائی ،آملہ، ریٹھا ،ناریل اور سرسوں وغیرہ کو کئی شیمپو میں کسی نہ کسی شکل میں شامل ضرور کیا جاتاہے اور آج بھی ان کا استعمال روکھے پھیکے بالوں کو نئی صحت بخشنے اور انہیں چمک دار بنانے میں آپ اپنی مثال سمجھا جاتاہے ۔ان کی افادیت اور مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتاہے کہ اس وقت مختلف بیوٹی پارلرز، ہیئر کٹ اینڈ بیوٹی سیلون وغیرہ میں ان کا استعمال عام ہے۔

مالش کیوں کی جاتی ہے
مساج یا مالش سے عضلات مضبوط ہوتے ہیں اور جلد کی عمر بڑھتی ہے۔
جلد پر موجود مضر اجزاء کا صفایا ہونے کے ساتھ خون کی گردش کا نظام بھی بہتر ہوتا ہے۔
نہ صرف بال جلد بڑھتے ہیں بلکہ ان کی چمک دمک میں بھی اضافہ ہو تاہے۔
تناؤ اور دباؤ کم ہوتاہے ،ذہنی سکون ملتاہے اور نیند بہتر ہوتی ہے۔

آنکھوں کی تھکاوٹ دور ہوتی ہے۔
ارتکاز کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے ۔یاد داشت بہتر ہوتی ہے۔
مختلف تیل اور ان کے فائدے
تلوں کا تیل:
تلوں کا تیل جسمانی عضلات کو مضبوط بنانے کے علاوہ جلد کو نمی فراہم کرتاہے ،جس سے جلد خشک ہونے سے محفوظ رہتی ہے ۔بالخصوص خشک جلد کے لئے کا تیل بہترین سمجھا جاتا ہے۔
سرسوں کا تیل:
یہ جسم کو گرمی بخشتاہے ،جلد کی صفائی کرتاہے ،چونکہ یہ جسمانی حرارت میں اضافہ کرتاہے اسی لئے اس کی مالش سردیوں میں کی جاتی ہے ۔

زیتون کا تیل:
زیتون کا تیل عموماً حساس اور نازک جلد کے لئے استعمال کیا جاتاہے اور اُسے تل کے تیل کا بہترین نعم البدل ہونے کی صلاحیت بھی حاصل ہے ۔
بادام کا تیل (روغن بادام):
روغن بادام بالوں کو بڑھانے اور انہیں صحت مند رکھنے میں معاونت کا باعث ہے۔
ناریل کا تیل:
ناریل کا تیل سوکھی اور روکھی پھیکی جلد کو نرم وملائم اور چمک دار بناتاہے ۔
اسے بہترین موئسچرائزر کی حیثیت حاصل ہے ۔یہ بالوں کے لئے بھی بہت مفید ہوتاہے ۔اس سے بال جلد بڑھتے اور صحت مند رہتے ہیں ۔یہ جسم کو متوازن رکھتاہے ۔اس کی مالش موسم بہار یعنی مارچ اپریل میں کی جاتی ہے۔
خوشبو سے علاج(Aromatherapy):
خوشبو سے علاج میں بھی مختلف پتوں ،پھولوں اور جڑی بوٹیوں کو خاص اہمیت حاصل ہے ۔یہ مریضوں کو نہ صرف سنگھائے جاتے ہیں بلکہ ان کی مالش بھی کی جاتی ہے اور یہ بات تصدیق شدہ ہے کہ مختلف قسم کے تیلوں کی مالش سے درد دور کرنے کے ساتھ ساتھ اور بھی کئی فوائد حاصل ہو رہے ہیں۔

جلد کی صفائی(Exfoliation):
تیل ،ہلدی اور بیسن وغیرہ کو ملا کر ابٹن تیار کیا جاتا ہے ۔جسے بالخصوص شادی بیاہ کے موقع پر لڑکیاں چہرے ،گردن ،ہاتھوں اور بازوؤں وغیرہ پر کریم کی طرح لگاتی ہیں ،جس سے جلد نرم اور صاف وشفاف ہو جاتی ہے ،اسی طرح بعض گھرانوں میں شادی کے موقع پر لڑکیاں جیسمین کا تیل ،روغن بادام ،مونگ پھلی کے تیل ،لیموں کے چھلکے اور چٹکی بھر صندل کا پاؤڈر وغیرہ ملا کر پیسٹ بناتی ہیں جسے پورے جسم پر لگانے سے جلد روشن اور صاف ہو جاتی ہے۔

جلد کو صفائی کی ضرورت کیوں؟:
قدرتی طور پر ہر 14روز بعد جلد میں تبدیلی آتی ہے ،یعنی جلد کے پرانے خلیات مردہ ہو جاتے ہیں اور ان کی جگہ نئے خلیات لے لیتے ہیں ۔اس لحاظ سے جلد کو ہر دو ہفتے بعد صفائی کی ضرورت ہوتی ہے تاکہ جلد کے مردہ خلیات کو جسم سے دور کیا جا سکے ۔چکنی یا Oilyجلد کو تو ہفتے میں دو سے تین بار صفائی کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ کمبی نیشن( Combination)جلد کے لئے ہفتے میں ایک یا دو دفعہ صفائی کرنا ہی کافی رہتاہے ۔
فی الوقت ایسی کئی کریمیں ،ماسک اور موئسچرائزر موجود ہیں جو قدرتی اشیاء سے بنائی گئی ہیں اور ان کا جلد کی صفائی میں اہم کردار ہے ۔جیسے خوبانی وغیرہ کے ماسک بہت معروف ہیں ۔اب ہم آپ کو چند اہم گھریلو ٹوٹکے اور کھانے پینے کے معمولات بتاتے ہیں جو حسن و صحت کے حوالے سے صدیوں سے مستعمل ہیں اور آپ کے لئے بھی انتہائی کار آمد ثابت ہو سکتے ہیں۔

نہار منہ پانی پیجئے:
اپنی رنگت نکھارنے کے لئے صبح نہار منہ دو تین گلاس پانی پینا اپنا معمول بنا لیجئے۔ شروع میں ایک آدھ گلاس پیجئے۔ آہستہ آہستہ آپ کی عادت بن جائے گی ۔اس سے قبض نہیں ہو گی ،خون پتلا اور صاف ہو گا ۔دوران خون ٹھیک رہے گا ،آنکھوں کی چمک بڑھے گی ۔چہرے کی تازگی اور دلکشی میں اضافہ ہو گا۔
صبح کی سیر:
صبح کی سیر کی اہمیت سے آپ یقینا آگاہ ہوں گی ۔
اگر ممکن ہو تو صبح کی سیر ضرور کریں ۔کھلی اور صاف ہوا میں لمبے لمبے سانس لیں ۔ہلکی پھلکی ورزش کریں ۔چہل قدمی کی اہمیت سے بھی انکار نہیں کیا جا سکتا۔
آنکھوں کے گرد سیاہ حلقوں کا خاتمہ:
رات کو پانچ عدد بادام کی گریاں پانی میں بھگو دیں ۔صبح چھلکا اتار کر نہار منہ ایک ایک بادام چبا کر اس طرح کھائیں کہ لعاب دہن، (تھوک) کے ساتھ مل جائے ۔
اس کے بعد ایک کپ دودھ بالائی اتار کر پی لیں ۔رنگت نکھرے گی اور آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے بھی آہستہ آہستہ دور نہ سہی لیکن کافی حد تک کم ضرور ہو جائیں گے ۔
دوپہر کا کھانا:
دس بجے ایک سیب کھائیں یا موسم کے اعتبار سے تازہ پھلوں کا ایک گلا س جوس پیجئے۔ دوپہر کے کھانے میں ایک چپاتی اور حسب پسند سالن کے ساتھ ،ایک کھیرا ،ایک ٹماٹر اور تھوڑی سی بند گوبھی کی سلاد کھائیں ۔
اگر آپ شام کو چائے پینا چاہیں تو اس کے ساتھ دو عدد بسکٹ کھا لیں۔
رات کا کھانا:
ساڑھے آٹھ یا نو بجے رات کا کھانا کھالیں لیکن پیٹ بھر کر نہیں بلکہ تھوڑی سی بھوک رکھ کر کھائیں اور سونے سے پہلے ایک کپ دودھ (بالائی اتار کر) پی لیں اور کسی اچھی سی کتاب کا مطالعہ ضرور کریں۔یہ تو متوازن غذا اور صحت مند سر گرمیوں کی باتیں تھیں ۔
اب ہم آپ کو چند ایسے ٹوٹکے بتاتے ہیں جو آپ کی رنگت نکھارنے اور آپ کو جاذب نظر بنانے میں اپنی مثال آپ ہیں ۔
بیسن لے کر رکھ لیں ۔صبح سویرے کچے دودھ کی آدھی پیالی میں بیسن یا ابٹن ڈال کر گاڑھا پیسٹ بنالیں اور چہرے پر لیپ کریں ۔دو منٹ کے بعد انگلیوں کی پوروں سے نیچے سے اوپر کی جانب آہستہ آہستہ ملیں ۔ابٹن نیچے گرتا جائے ،یہاں تک کہ چہرہ صاف ہو جائے۔
اب چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھولیں ۔آنکھوں میں ٹھنڈے پانی کے چھینٹے ماریں پھر کسی صاف ستھرے تو لئے یا ٹشو پیپر سے چہرہ صاف کرلیں ۔دودھ کی خوشبو دور کرنے کے لئے ٹالکم پاؤڈر ہتھیلیوں پر مل کر چہرے کو ہاتھوں سے آہستہ آہستہ تھپتھپائیں ۔چہرے کی جلد نرم بلکہ مخملیں سفید ہوجائے گی۔
بعض خواتین یا نوجوان لڑکیوں کے چہرے پر جھائیاں سی پڑ جاتی ہیں ۔
جگر کی گرمی بھی اس کا باعث ہو سکتی ہے ۔جگر کی گرمی دور کرنے کے لئے دس گیارہ دانے عناب لے لیں اور رات کو کسی مٹی کے پیالے میں بھگو دیں ۔صبح نہار منہ ان دانوں کو مسل کر موٹی ململ کے کپڑے سے چھان کر شکر ملا کر پی لیں ۔اکیس بائیس دنوں بعد نتائج سامنے آنے شروع ہو جائیں گے ۔اس کے ساتھ ساتھ زیادہ چکنائی اور گرم تاثیر کی چیزوں بالخصوص گڑ،تیل ،بینگن، مسور کی دال وغیرہ سے گریز کریں۔

آدھے لیموں کا رس ،ہلدی آدھا چائے کا چمچ، بیسن دو کھانے کے چمچ ملا کر پیسٹ بنا لیں اور اس کا ماسک چہرے پر لگائیں ۔جھائیاں کافی حد تک ختم ہو جائیں گی۔
سفید تل لیجئے اور بھینس کے دودھ میں ڈال کر پیس لیں اور رات سوتے وقت چہرے پر ملیں ۔صبح اٹھ کر کسی اچھے صابن سے منہ دھولیں۔ جھائیاں دور ہو جائیں گی اور چہرہ کھل جائے گا۔ دن میں بھی چہرے کی صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
روزانہ 3بار کسی اچھے صابن سے منہ دھوئیں۔
بادام تھوڑے پانی میں بھگو کر رکھ دیں پھر اسی پانی میں بادام پیس لیں اور یہ آمیزہ رات کو چہرے پر لگائیں اور صبح کسی معیاری صابن سے منہ دھولیں۔
عمر بڑھنے کے ساتھ ساتھ چہرے پر جھریاں نمودار ہو جاتی ہیں ۔انہیں دور کرنے کے لئے روزانہ 10منٹ تک چہرے اور گردن پر زیتون یا روغن بادام کا مساج کریں پھر جلد کی مناسبت سے اچھے صابن سے منہ دھولیں ۔
جھریوں کے ساتھ ساتھ یہ ٹوٹکہ جھائیوں کے لئے بھی مفید ہے۔
ایک انڈے کی سفیدی کو اچھی طرح پھینٹ لیں ۔جب خوب جھاگ بن جائے تو اس میں ایک چمچ شہد ملالیں اور چہرے پر ماسک لگائیں ۔پندرہ منٹ بعد منہ دھولیں۔ ہفتے میں دوبار یہ عمل کریں ۔جھریاں دور ہو جائیں گی اور چہرے کی رنگت میں نکھار آجائے گا۔
دس تولہ شہد میں ایک لیموں کا رس ملا کر چہرے پر لیپ کریں اور پندرہ منٹ بعد دھو لیں ۔
جھریاں ختم ہونے کے زیادہ کھلے مسام بند بھی بند ہو جائیں گے۔
چہرے کی رنگت کو نکھارنے کے لئے تھوڑا سا خشک پودینہ ایک گلاس پانی میں ابال کر بوتل میں بھر لیں اور فریج میں رکھ دیں پھر روزانہ صبح نہار منہ باقاعدگی کے ساتھ ایک چوتھائی چائے کا کپ پئیں۔ چہرے کی رنگت میں بہتری آنا شروع ہو جائے گی۔
تھوڑا سا خشک دودھ لے کر انڈے کی سفیدی میں پھینٹ کر پانچ سے دس منٹ چہرے پر لیپ کریں ۔
اس کے بعد چہرہ دھولیں۔رنگت نکھری نکھری نظر آئے گی۔
لیموں پانی میں ملا کر پئیں ،چھلکے سے چہرے پر مساج کریں ۔چاہیں تو چھلکے پر شہد بھی لگالیں ۔پندرہ منٹ بعد منہ دھولیں اس کے علاوہ دن میں تین مرتبہ خاصے ٹھنڈے پانی سے منہ دھوئیں ۔چہرہ تروتازہ رہے گا۔
میک اپ:
میک اپ ہمیشہ اپنی عمر کی مناسبت سے کریں ۔فیشل کریں، مساج کریں ،ماسک لگائیں ،اچھی کمپنی کا کا سمیٹک استعمال کریں۔
دھوپ میں نکلنے سے پہلے سن بلاک کریم چہرے ،بازوؤں ،ہاتھوں اور پاؤں پر استعمال کریں ۔صبح وشام چہرے کی صفائی کے بعد موئسچرائزر لگائیں ۔تولیہ ،برش ،صابن ،اور دیگر چیزوں کو استعمال کرتے ہوئے خود سے نرمی کا سلوک کریں اور سب سے اہم بات یہ کہ خوش رہیں ۔خوشی آپ کے چہرے کی رونق کو بڑھا دیتی ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Daagh Dhabbon Or Chayyun Se Nijaat K Sadiyon Purane Tariqe" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.