Ice Facial - Article No. 2431

Ice Facial

آئس فیشل - تحریر نمبر 2431

یہ کھلے مساموں کی گرد صاف کرتا ہے

بدھ 30 ستمبر 2020

برف کے استعمال کا مطلب یہ نہیں کہ جب چاہا آئس کیوب کو چہرے پر مل لیا اور نتائج کے منتظر ہو گئے۔ گو کہ اس طرح بھی چہرے کے دوران خون میں اضافہ ہو گا اور جلد ملائم ہو گی لیکن اگر مناسب طریقے سے آئس فیشل لیا جائے تو نتائج دیرپا رہتے ہیں آپ نے دیکھا ہو گا کہ اکثر چہرے کے پورز Poresکھل جاتے ہیں۔جس کے لئے ماہرین حسن کیمیائی اجزاء سے بنے لوشنز کی مدد سے یہ مسام بند کرتی ہیں۔
آئس فیشل سہل،سادہ اور مضر بھی نہیں ہے۔اسے آپ گھر پر کبھی بھی کسی بھی وقت با آسانی کر سکتی ہیں۔
ایک بڑے شیشے کے پیالے میں فریج کا ٹھنڈا پانی ڈالیں۔ پیالہ اگر گہرا ہوتو آپ کا چہرہ ڈپ کر سکے گا۔چند ٹکڑے آئس کیوبز ،کھیرے کو میش کرکے یا سلائسز کی شکل میں شامل کر لیں ۔لیموں کا رس حسب ضرورت ،پودینے کے پتوں کو بھی ہاتھ سے کچل کے باریک کر لیں اور تھوڑا سا الائچی پاؤڈر اور عرق گلاب ملا لیں۔

(جاری ہے)

چمچ کی مدد سے اسے یکجان کر لیں۔
چہرہ دھولیں(اس کے لئے سادہ پانی ہی کافی ہے)اب جس طرح بھاپ لی جاتی ہے۔ چہرہ سے قریب تر کرلیں قابل برداشت ٹھنڈک ہو تو چہرہ ڈبو دیں۔سانس لینے میں دشواری ہو گی۔چہرہ باہر نکال کے سانس درست کریں اور پھر چہرہ ڈبوئیں۔ تین سے چار منٹ تک آئس کیوبز بھی پگھل جائیں گی۔ اس طرح فیشل کا دورانیہ حسب منشاء بڑھاتی گھٹاتی رہیں۔
پانی شروع میں بہت ٹھنڈا لگے گا۔وقفہ وقفہ سے یہ عمل دہراتی جائیں گی تو با آسانی چہرہ صاف ہو جائے گا ۔دوران خون تیز ہو گا،چہرے پر نکھار اور شگفتگی محسوس ہو گی ۔بچے ہوئے پانی کے چھینٹے مار کے پیالہ ہٹا دیں اور ٹشو پیپر سے چہرہ صاف کر لیں ۔فوری طور پر آپ کو کسی بیوٹی سوپ یا فیس واش کی ضرورت نہیں ۔آپ نے قدرتی غذاؤں مثلاً لیموں کے رس،پودینے،الائچی پاؤڈر اور کھیرے کا استعمال کیا تھا ان تمام اشیاء میں چکناہٹ نہیں ہوتی اس لئے چہرے کو قدرتی ہوا میں بھی سکھا سکتی ہیں ۔
اس طرح چہرے کے مساموں میں چھپی گرد بھی صاف ہو گی اور جلد کو غذائیت ملے گی۔
جس روز آپ نے کسی شادی یا کسی اور تقریب میں جانا ہو۔اگر یہ ترکیب میک اپ سے پہلے آزمالیں تو کاسمیٹکس جلد پر اچھی طرح جذب ہوتی ہیں اور اس فیشل سے جلد کو نقصان نہیں پہنچتا۔نزلے،زکام یا حساس جلد کی حامل خواتین اسے نہ آزمائیں۔وہ چہرے کی صفائی بھاپ (اسیٹم) لے کر کر سکتی ہیں۔اسیٹم لینے کے بعد روغن زیتون (Olive Oil) سے چہرے کا مساج کر لیا جائے تو جلد شفاف اور تروتازہ ہو جاتی ہے۔
ہر قسم کی جلد کی حامل خواتین میک اپ سے پہلے ایک عدد آئس کیوب کی مدد سے چہرے کا مساج بھی کر لیں تو چہرہ کھل سا اٹھتا ہے اور میک اپ اچھا ہو جاتا ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Ice Facial" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.