Jild K Liye Arq E Ghulab Ka Istemal - Article No. 2287

Jild K Liye Arq E Ghulab Ka Istemal

جلد کے لئے عرق گلاب کا استعمال - تحریر نمبر 2287

خواتین جلد کی خوبصورتی کو بر قرار رکھنے کے لئے عرق گلاب کو مندرجہ ذیل صورتوں میں استعمال کر سکتی ہیں۔

جمعہ 14 فروری 2020

عرق گلاب کا استعمال عام طور پر آنکھوں کے لئے بہت مفید ثابت ہوتاہے۔ تازہ عرق گلاب آنکھوں میں قطرہ کے طور پر ڈالا جاتاہے۔ اس سے آنکھوں کو ٹھنڈک ملتی ہے اور آنکھوں کی چمک بھی بڑھتی ہے۔ اس کے علاوہ جسم کے کسی حصے میں جلن ہے تو عرقی گلاب جلد کی جلن کے خاتمے کا نہایت عمدہ نسخہ ہے۔ جلد پر لگنے والی زخموں پر عرق گلاب لگانے سے زخم بھی بھر جاتاہے اور زخم کا داغ بھی نمایاں نہیں ہوتا عرق گلاب کی ان ہی خصوصیات کی بناء پر خواتین اپنی جلد کی خوبصورت کے لئے بھی استعمال کرتی آرہی ہیں جلد پر عرق گلاب کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوتے ہیں۔
جلد کے مختلف مسائل میں تو یہ بطور قدرتی دوا کا درجہ رکھتا ہے ۔خواتین جلد کی خوبصورتی کو بر قرار رکھنے کے لئے عرق گلاب کو مندرجہ ذیل صورتوں میں استعمال کر سکتی ہیں۔

(جاری ہے)


عرق گلاب جلد کا محافظ
گلاب کا خواتین سے مضبوط تعلق ہے ۔نسل درنسل گلاب کے پھولوں کو اپنی سجاوٹ کے لئے استعمال کرتی آئی ہیں جبکہ عرق گلاب جلد کے لئے ایک ٹانک کا کام کرتاہے ۔

عرق گلاب کو جلد کی کلینزنگ کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتاہے ۔یہ جلد سے تمام گرد اور جراثیم وغیرہ صاف کرکے جلد کو پر رونق بناتا ہے جلدی امراض سے بھی بچاتاہے ۔یہ جلد کو مہاسوں سے پاک کرتا اور کھلے مسام کو بند کر دیتاہے یعنی یہ آپ کی جلد کو ٹون کرے گا۔عرق گلاب جلد کے لئے بہترین لوشن ہے ۔جس کے کوئی مضر اثرات نہیں ہیں یوں عرق گلاب جلد کے لئے محافظ ثابت ہوتاہے جو جلد کو صاف کرتاہے۔

عرق گلاب اور روغنی جلد
ہماری جلد تین اقسام پر مبنی ہے چکنی خشک اور نارمل‘عرق گلاب میں یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ یہ ہر طرح کی جلد کے لئے موثر ہے ۔روغنی جلد کی مالک خواتین اپنے چہرے کی اضافی چکناہٹ کو ختم کرنے کے لئے عرق گلاب کا استعمال کر سکتی ہیں۔یہ چکنی جلد کے لئے نہایت موزوں ہے اس سے چہرے کی اضافی چکناہٹ بھی کنٹرول ہو جاتی ہے اور چہرے پر مناسب مقدار میں نمی بھی بر قرار رہتی ہے ۔
اسے جلد پر لگانے کے لئے ملتانی مٹی کی تھوڑی مقدار لیں اور اس میں عرق گلاب ملا کر پیسٹ بنا کر 20منٹ چہرے پر لگائیں پھر دھولیں آپ کو اپنی جلد پر فرق نظر آئے گا۔اس سے جلد کے تیل پر قابو پانے اور اسے ہموار کرنے میں مدد ملے گی۔ہفتے میں ایک بار اسے استعمال کریں۔
خشک جلد کے لئے
عرق گلاب خشک جلد کے لئے بھی بہت اچھا ہے۔
عرق گلاب ان کی جلد کے لئے بہترین لوشن ہے۔ جب آپ اپنی جلد پر عرق گلاب لگائیں گی تو آپ خود محسوس کریں گی کہ آپ کی جلد ہموار اور چمکدار ہو گئی ہے ۔تھوڑا سا عرق گلاب لیں اور چہرے پر لگالیں۔اس عمل سے خشک جلد والی خواتین فائدہ اُٹھا سکتی ہیں۔
جلد کے نکھار کے لئے
عرق گلاب میں لیموں کا رس ملائیں اور اسے جلد پر لگائیں یہ جلد کی رنگت کو نکھارنے کے لئے بہت اچھا نسخہ ہے۔
اسے لگانے کے کچھ دیر بعد چہرہ دھولیں۔اسے ہفتے میں دوبار استعمال کریں ۔آپ کو اپنے چہرے پر واضح فرق محسوس ہو گا۔
عرق گلاب کا ماسک
عرق گلاب گھر میں تیار کیے جانے والے بہت سے ماسک میں وسیع پیمانے پر استعمال ہوتاہے ۔عرق گلاب کا یہ ماسک اپنی جلد پر آزمائیں۔کھیرے کا گودا لیں اور اس میں شہد ملا لیں اور پھر عرق گلاب بھی شامل کر لیں۔
یہ پیسٹ کی شکل میں ہو گا اسے اپنی جلد پر لگائیں اور آدھے گھنٹے لگا رہنے دیں پھر منہ دھولیں یہ ماسک جلد کو ٹھنڈک بخشے گا۔گرمیوں کے دنوں میں اپنی جلد کی تازگی سے لطف اُٹھائیں۔
عرق گلاب اور میک اپ
میک اپ ہٹانے کے لئے بھی عرق گلاب استعمال کیا جا سکتاہے ۔اس کے لئے روئی کو گیند کی طرح بنا لیں اور عرق گلاب میں ڈبوئیں اور اس میں چند قطرے ناریل کے تیل کے شامل کرلیں ۔
یہ آپ کو آسانی سے اپنے میک اپ کو دور کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔ ہموار جلد حاصل کرنے کے لئے عرق گلاب کا استعمال اچھا ہے۔
عرق گلاب بالوں کے لئے
عرق گلاب جلد کے علاوہ بالوں کے لئے بھی استعمال کیا جا سکتاہے یہ بالوں کا بہت اچھا کنڈیشنر ہے ۔اپنے بالوں کو شیمپو کرنے کے بعد ایک کپ عرق گلاب لیں اور اسے اپنے بالوں پر استعمال کریں یہ آپ کے بالوں میں چمک پیدا کرے گا اور بالوں کو اچھی حالت میں رکھے گا۔
عرق گلاب مسحور کن خوشبو ہے اور اس کے کنڈیشنر سے بالوں پر خوشبو کا راج ہو گا۔
عرق گلاب سے ہونٹوں کا نکھار
عرق گلاب ہونٹوں کے نکھار کے لئے بھی بہت موثر ہے۔تھوڑے سے شہد میں عرق گلاب شامل کریں اور دودھ کے چند قطرے ڈالیں اسے اچھی طرح سے مکس کرلیں پھر اسے ہونٹوں پر لگائیں ۔یہ ہونٹوں کے لئے ایک اچھا اسکرب ہے جو ہونٹوں کو صاف کرتاہے اور انہیں نرم وملائم بنا کر نکھار پیدا کرتاہے ۔غرض یہ کہ عرق گلاب خواتین کی خوبصورتی کو بر قرار رکھنے میں بہت کار آمد ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Jild K Liye Arq E Ghulab Ka Istemal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.