Jild Ki Hifazat O Negehdasht - Article No. 2370

Jild Ki Hifazat O Negehdasht

جلد کی حفاظت و نگہداشت - تحریر نمبر 2370

چکنی جلد کی حامل خواتین کے لئے دن میں دو تین بار منہ دھونا بے حد ضروری ہو جاتا ہے ورنہ چہرے پر چکنائی کی باریک تہ نظر آنے لگتی ہے

جمعرات 18 جون 2020

گرمیوں میں آپ کی جلد خاص توجہ اور نگہداشت چاہتی ہے۔چکنی جلد اس موسم میں حساس ترین ہو جاتی ہے۔چکنی جلد کی حامل خواتین کے لئے دن میں دو تین بار منہ دھونا بے حد ضروری ہو جاتا ہے ورنہ چہرے پر چکنائی کی باریک تہ نظر آنے لگتی ہے جو کہ دیکھنے میں ناگوار معلوم ہوتی ہے۔کیل مہاسے،داغ دھبے اورBlackheadsجیسے فوری حل طلب مسائل بھی موسم گرما کی دین ہیں۔

یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ آپ کی جلد چکنی ہو یا خشک یا پھر نارمل،صابن کا زیادہ استعمال آپ کی جلد کے لئے زہر قاتل کا درجہ رکھتا ہے۔ صابن چہرے سے نمی کھینچ لیتا ہے جس کے باعث جلد روکھی اور بے رونق لگتی ہے اور چھوٹی عمر میں ہی جھریاں ظاہر ہو جاتی ہیں۔صابن کا نعم البدل بیسن ہے ۔ایک پیالی بیسن میں ایک چائے کا چمچہ ہلدی اور چند گلاب کی پتیاں ملالیں۔

(جاری ہے)

اسے بوتل میں بھرلیں۔روزانہ صبح منہ دھوتے وقت حسب ضرورت بیسن ہتھیلی پر نکالیں اور چند قطرے پانی شامل کرکے اس سے منہ دھوئیے۔بیسن کے روزانہ استعمال سے زائد چکنائی کا خاتمہ ہو گا اور رنگ بھی نکھرے گا۔ہر پندرہ روز بعد نہانے سے قبل ایک پیالی میں حسب ضرورت بیسن اور دودھ ملا کر گاڑھا آمیزہ بنا لیں اور پورے جسم پر ملیں اس سے جسم میں گدازپن اور ملائمت پیدا ہو جائے گی۔

ابٹن کا استعمال گزشتہ کئی برسوں سے حسن نکھارنے اور چہرے پر شادابی پیدا کرنے کے لئے کیا جارہا ہے ۔بازار سے مہنگی اور غیر معیاری کریم اور لوشن خرید کر انہیں اپنے چہرے پر بطور Experiment استعمال نہ کریں بلکہ اپنے حسن کو نکھارنے اور اسے مزید تا بناک بنانے کے لئے گھریلو نسخوں پر عمل کریں۔کیونکہ ان نسخوں کا کوئی منفی پہلو یا Side Effect نہیں ہوتا ہے لہٰذا یہ ہر دور میں بے حد مفید سمجھے گئے ہیں۔
ہم آپ کو ابٹن بنانے کا ایک نہایت آسان طریقہ بتا رہے ہیں اسے ہر قسم کی جلد کی حامل خواتین وحضرات استعمال کر سکتے ہیں۔ خربوزے کے بیج ،سنگترے کے چھلکے،سونف اور جوکا آٹا،چاروں چیزیں ہم وزن لیں اور انہیں باریک پیس کر چہرے پر لیپ کریں۔ آدھے گھنٹے بعد منہ دھولیں۔گرمیوں میں جھلس جانے والی جلد کے لئے یہ ابٹن اکسیر کا درجہ رکھتا ہے۔
اگر آپ ورکنگ ویمن ہیں تو آپ کی جلد کو حفاظت کی زیادہ ضرورت ہے کیونکہ سورج کی تپش اور دھوپ کی شدت کے باعث جلد کملا جاتی ہے اور بے رونق نظر آتی ہے ۔
یہ تھکاوٹ اور بے رونقی میک اپ کرنے کے باوجود نظر آتی ہے لہٰذا جلد کی مناسب نگہداشت کے لئے چوتھائی چمچہ کلونجی، دو چمچے دہی اور دو چمچے دودھ کو ملا کر آمیزہ تیار کرلیں اور اسے بیس (20) منٹ تک چہرے پر لگائے رکھیں۔یہ عمل آپ کی جلد کو نرم وملائم بنائے گا۔دھوپ سے متاثر جلد کے لئے بھی یہ نسخہ بے حد مفید ہے۔
چوتھائی پیالی دودھ میں ایک چائے کا چمچہ شہد اور دس پسے ہوئے بادام ملالیں۔
اب یہ لیپ چہرے پر لگائیں کم از کم آدھ گھنٹے بعد منہ دھولیں۔ورکنگ ویمن اور طالب علم لڑکیاں ہفتے میں دو مرتبہ یہ عمل کریں۔اس سے مرجھایا ہوا چہرہ تروتازہ ہو جائے گا۔اگر آپ کی جلد حساس ہے اور آ پ دھوپ میں نکلنے سے قبل سن بلاک چہرے،گردن اور بازوؤں پر استعمال کرنے سے قاصر ہیں تب بھی ہر گز پریشان نہ ہوں کہ ہم آپ کو ایک ایسی ترکیب بتا رہے ہیں جو کہ بازار میں ملنے والے سن بلاک سے کئی زیادہ فائدہ مند ہے ۔
عرق گلاب اور گلیسرین ہم وزن لیں اور اس میں چند قطرے لیموں کا رس ملا کر بوتل میں بھرلیں۔دن میں گھر سے باہر نکلنے سے قبل روئی کی مدد سے یہ آمیزہ چہرے پر لگائیں ۔10منٹ بعد منہ دھو لیں، پھر میک اپ کریں۔بوتل کو استعمال کے بعد فریج میں رکھیں۔یہ عمل گرمیوں میں متواتر کے ساتھ اپنائیے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Jild Ki Hifazat O Negehdasht" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.