Mosaam E Garma Main Soft O Glamorous Look Ka Raaz - Article No. 2104

Mosaam E Garma Main Soft O Glamorous Look Ka Raaz

موسم گرما میں سوفٹ وگلیمرس لک کا راز - تحریر نمبر 2104

موسم گرما کے طویل اورحرارت سے پردنوں میں خوبصورت وشگفتہ نظر آنے کیلئے اور اپنی جلد کی فطری شگفتگی بر قرار رکھنے کیلئے کم سے کم میک اپ کی تکنیک پر عمل کریں موسم گرما کا سورج آپ کی جلد اور بالوں کا بدترین دشمن ہے اور اگر آپ نے ان کے بچاؤ کی کوئی تدبیر نہ کی تویہ ان کے لیے ناقابل تلافی نقصان کا باعث بن سکتا ہے

جمعرات 27 جون 2019

ریحانہ عرفان
موسم گرما حرارت اور زندگی سے بھر پور موج مستی‘ہلے گلے‘پکنک اور پارٹیز کا موسم جو ہر انسان کے اندر ایک نئے جوش اور ولوے کو جگا دیتا ہے۔موسم سرما کے برعکس موسم گرما میں آپ کی جلد قدرتی طور پر بہتر ہو جاتی ہے اور آپ خود کو اچھا محسوس کرتی ہیں لیکن اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں ہے کہ آپ اپنی جلد اور بالوں کی حفاظت کے روٹین سے لاپرواہی اور غفلت برتنا شروع کردیں۔
گرما کے طویل اور گرم ترین دنوں میں آپ کو موسم کی مناسبت سے اپنی جلد اور بالوں کی حفاظت کے مختلف طریقوں پر عمل کرنا چاہیے۔
موسم گرما کا سورج آپ کی جلد اور بالوں کا بدترین دشمن ہے اور اگر آپ ان کے بچاؤ کی کوئی تدبیر نہیں کریں گی تویہ ان کے ناقابل تلافی نقصان کی وجہ بن سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس لیے یہ ضروری ہے کہ اس موسم گرما میں اپنے لیے وقت نکالتے ہوئے بنیادی بیوٹی روٹین پر عمل پیرا ہو جائیں ۔

بالوں کی حفاطت کے مختلف طریقے اپنائیں اور نئے جاندار بال حاصل کریں ‘دمکتی ہوئی سنہری جلد کے لیے جلد کی حفاظت کے نئے طریقے آزمائیں اور ایسے صحت بخش ڈائٹ پلان پر عمل کریں جس میں موسم کے پھل اور سبزیاں شامل ہوں۔ اس موسم گرما میں اپنے لیے وہ بہترین لک تلاش کریں جو صحت مند‘قدرتی اور خوبصورت ہو۔
اس موسم میں آپ کی جلد کو زیادہ نیچرل اور قدرتی طور پر تروتازہ اور شگفتہ نظر آنا چاہیے لیکن ہم میں سے بیشتر خواتین اس کے حصول میں ناکام ہو جاتی ہیں ۔
اس کی ایک وجہ یہ ہوتی ہے کہ موسم کی تبدیلی کے ساتھ ہی ہماری جلد مختلف قسم کی تبدیلیوں کی زد میں آجاتی ہے اور اکثر خواتین جلد کی تبدیلیوں پر غور کیے بغیر اپنے اسی پرانے بیوٹی روٹین پر عمل پیرا رہتی ہیں اور یوں جلد کی صورتحال بد سے بدترین ہو جاتی ہے ‘اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے جلد کی حفاظت کے بنیادی روٹین میں ضرورت کے مطابق تبدیلی لے آئیں ۔
جلد کو خشک ہونے سے بچانے اور جھریوں سے پاک رکھنے کے لیے سورج کی الٹروائلٹ ریز سے بچاؤ بے حد اہم ہے۔مارکیٹ میں ایسے سن اسکرین اور سن بلاک موجود ہیں جنہیں سائنسی طور پر ٹیسٹ کیا گیا ہے اور جو جلد کو سورج سے بچاؤ کی ایک نادیدہ حفاظتی تہہ فراہم کرتے ہیں ۔ان کے استعمال کے بعد آپ پوری خود اعتماد ی کے ساتھ سورج کا سامنا کر سکتی ہیں۔
یہ ایک عام مفروضہ ہے کہ سن اسکرین اور سن بلاک ایک ہی طرح کام کرتے ہیں لیکن ایسا نہیں ہے ۔
سن اسکرین سورج کی ضرررساں شعاعوں کو فلٹر کرتے ہیں اور انہیں جلد تک پہنچنے سے روک دیتے ہیں لیکن سن بلاک جلد کو زیادہ تحفظ فراہم کرتے ہیں ۔سورج کی الٹرا وائیلٹ ریز سے جلد کو محفوظ رکھنے کے لیے گھر سے باہر نکلنے سے 15-20منٹ قبل چہرے اور جسم کے کھلے ہوئے حصوں پر سن بلاک کا استعمال کیجیے۔آپ کو اپنی جلد کی حفاظت اس وقت بھی کرنی چاہیے جب بظاہر آسمان پر بادل چھائے ہوئے ہوں گو کہ بظاہر یہ موسم جلد کے لیے محفوظ دکھائی دیتا ہے لیکن آپ کی جلد اس وقت بھی جھلس جانے کے خطرے کی زد میں ہوتی ہے۔
سورج کی الٹراوائیلٹ ریز بادلوں میں سے گزر کر آپ کی جلد میں جذب ہو سکتی ہیں اور اگر آپ نے جلد پر سن بلاک اپلائی نہیں کیا ہو گا تو جلد سن برن کا شکار ہو سکتی ہے ۔ایک اضافی احتیاط یہ ہے کہ گھر سے باہر نکلنے سے قبل اپنی جلد کو موئسچرائزکیجیے( آپ کے موئسچرائزر کو لازمی طور پر واٹر بیسڈ ہونا چاہیے)ایک پورا دن سمندر کے کنارے یا سورج کے سامنے گزارنے کے بعد اپنی جلد کی دیکھ بھال کرنا اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ جلد کو جھلس جانے سے بچانے کے لیے سن بلاک یا سن اسکرین کا استعمال کرنا اہم ہے حتیٰ کہ اگر آپ کی جلد سوختگی شمس یعنی سورج سے جھلسنے سے محفوظ رہی ہے تب بھی آپ کی جلد کو موئسچرائزکرنے کی ضرورت ہے ۔
موسم گرما کے دوران‘اپنی جلدکو نرم‘ہموار اور نم رکھنے کے لیے آپ کو ہر روز اپنے چہرے اور ہاتھوں پر کسی اچھے موئسچرائزرکا استعمال کرنا چاہیے۔
گلیمرس لک
سرخوشی سے بھر پور موسم گرما کا تصور کرتے ہی آپ کے ذہن میں پگھلتا ہوا میک اپ‘پھیلتا ہوا آئی لائنر اور چپچپاتی ہوئی لپ اسٹک آجاتی ہیں لیکن یہ موسم ان سب کا نام نہیں ہے‘آگ برساتے اس موسم میں تروتازہ اور خوبصورت نظر آنے کے لیے ہم نے ٹاپ میک اپ آرٹسٹ سے ان کی بہترین میک اپ ٹپس کے بارے میں پوچھا ہے تاکہ آپ اس موسم میں بھی دلکش اور تروتازہ نظر آئیں حتیٰ کہ اس وقت بھی جب موسم آپ کے مخالف کام کررہا ہو۔

اپنے میک اپ کو ہلکارکھیں
موسم گرما کے طویل اور حرارت سے پر دنوں میں بھی آپ خوبصورت اور شگفتہ نظر آنا چاہتی ہیں؟آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی جلد دمکتی ہوئی سنہری نظر آئے اور اس کی فطری شگفتگی وتازگی برقراررہے تو اس کے لیے کم سے کم میک اپ کی تکنیک آزمائیں۔
جس طرح گرم موسم میں آپ اپنے قیمتی ریشمی ملبوسات‘سلک‘جارجٹ کو ایک طرف کرکے رکھ دیتی ہیں اور آپ کی وارڈروب میں لان کے ہلکے پھلکے خوش رنگ ملبوسات اپنی بہاریں دکھلانے لگتے ہیں بالکل اسی طرح اپنے چہرے کو بھاری بھرکم میک اپ سے پاک کردیں۔
نیویارک سٹی کی معروف میک اپ آرٹسٹ ٹرائے سوریٹ کہتی ہیں ۔پہلے قدم کے طور پر اپنی فاؤنڈیشن کو رنگدار(Tinted) موئسچرائزر سے بدل ڈالیں۔ اس چھوٹی سی تبدیلی سے آپ اپنی جلد پر زیادہ ہوا لگتی ہوئی محسوس کریں گی ۔ہو سکتا ہے کہ آپ یہ محسوس کرنے لگیں کہ فاؤنڈیشن استعمال نہ کرکے آپ نے کوئی غلطی کی ہے اور آپ کی جلد پر موجودہ داغ دھبے جنہیں آپ چھپانا چاہتی ہیں نمایاں طور پر نظر آنے لگے ہیں۔
اس کے لیے ٹرائے تجویز کرتی ہیں کہ اپنے چہرے پر موجود براؤن اسپاٹس یادھبے جنہیں آپ چھپانے کی ضرورت محسوس کرتی ہیں ان کے لیے اپنے ٹنئڈ موئسچرائزر کے اوپر برش کی مدد سے پاؤڈر فاؤنڈیشن اپلائی کریں اور اپنے چہرے کو تروتازہ ودرخشاں روپ دینے کے لیے میٹ بلشر اور آئی شیڈو ز کا انتخاب کریں۔
برونز پر اعتماد کریں
میک اپ کے لئے شیڈز کا انتخاب کرتے ہوئے برونز پر بھروسہ کریں ۔
برونز آپ کی آنکھوں کی روشن اور دانتوں کو سفید ترکر کے دکھائیں گے۔اپنی جلد پر تھوڑی سی حرارت کا اضافہ کرنے سے ہر کوئی بہتر دکھائی دیتا ہے ۔وہ تجویز کرتی ہیں کہ قدرتی تازگی کے حصول کے لیے اپنے چہرے کے ہائی پوائنٹس پر برونز شیڈ کا استعمال بہتر نتائج دیتا ہے۔ چہرے کے وہ حصے جو سورج کی روشنی میں نمایاں نظر آتے ہیں جیسا کہ پیشانی‘چیک بونز‘تھوڑی اور ناک کو برونز کے لائٹ اینڈ ڈارک شیڈ سے ہائی لائٹ کریں۔
پاؤڈر برونز اپلائی کرنے میں آسان ترین ہیں اور اپنے خدوخال کی مناسبت سے ان کے درست اسٹروک سے آپ یقینی طور پر بہترین نتائج حاصل کر سکیں گی۔(چہرے کے ہر حصے اور ہر کونے کو کور کرنا آپ کے چہرے کو کسی کیک کی طرح سجا سنور امصنوعی لک عطا کردے گا)
پہلے‘پرائمر اپلائی کریں
آپ اپنے میک اپ کو جھٹ پٹ مکمل کر لینا چاہتی ہیں لیکن یقین رکھیں کہ اپنے چند سیکنڈ اضافی خرچ کرنے پر آپ ہر گز پشیمان نہیں ہوں گی۔
پرائمر آپ کی جلد کو ہموار بنانے میں معاونت کرے گا۔اسے موئسچرائزر لگانے کے بعد لیکن چہرے پر میک اپ کرنے سے پہلے استعمال کیا جاتا ہے ۔ہاؤس پینٹ میں استعمال ہونے والے پرائمری کی مانند یہ میک اپ کی ابتداکرنے سے پہلے آپ کو ایک ہموار بنیاد فراہم کردیتا ہے ۔موسم گرما میں پرائمر کا استعمال بے حد ضروری ہے ۔ایک اور معروف میک اپ آرٹسٹ سنتھا شیرف کہتی ہیں‘یہ ناقابل یقین طور پر ہلکے ہوتے ہیں ”یہ کسی طرح سے بھی ایک بھاری اضافی تہہ کا تاثر نہیں دیتے ہیں اور میک اپ کو اپنی جگہ روکے رکھنے کے لیے حقیقتاً مددکرتے ہیں۔

شوخ رنگوں کا ٹچ دیجیے
جس طرح سے آپ اس موسم میں اپنے لیے خوش رنگ ملبوسات کا انتخاب کرتی ہیں یا کسی شوخ وچمکدار رنگ کا بیگ لینا پسند کرتی ہیں بالکل اسی طرح سے یہ پرفیکٹ ٹائم ہے کہ آپ اپنی میک اپ پلیٹ پرنت نئے تجربات کریں ۔ٹرائے کہتی ہیں زندگی سے بھر پور رنگ چہرے کو جگمگادیتے ہیں اور جلد پر نوعمری کی سی چمک واپس لے آتے ہیں لیکن اگر آپ اپنی لُکس کیلئے کوئی خطرہ مول لینے کیلئے تیار نہیں ہیں اور نیوٹرل شیڈ ہی استعمال کرنا چاہتی ہیں تو اپنے چہرے کے صرف ایک حصے پر تجربہ کرکے دیکھیں ۔
گالوں کے سیب پر پیپچ کلر کے بلش آن کا استعمال ابتدا کرنے کیلئے بے حد شاندار ہے۔
چمک نہیں جگمگاہٹ
آپ کا ٹی وزن(T-zone) آپ کے چہرے کا وہ حصہ ہے جو سب سے پہلے موسم کی زد میں آتا ہے اور فوری طور پر یہ پیغام ارسال کرتا ہے کہ ”میں گرما ہو چکا ہوں۔“اس نا خوشگوار چمک کا خاتمہ کرنے کے لیے بلاٹنگ پیپر سے بہتر کوئی اور چیز نہیں‘یہ آسان اور سستے ہوتے ہیں اور حیران کن نتائج دیتے ہیں ‘اگر آپ اپنے میک اپ کو دوبارہ سے تروتازہ کرنا چاہتی ہیں تو اپنے ٹی زون پر نمودار ہو جانے والی چکنائی کی اس نادیدہ سی تہہ کو بلاٹنگ پیپر کی مدد سے جذب کیجیے پھر اس پر فیس پاؤڈر ہلکے سے تھپتھپا کر لگائیے۔
معروف میک اپ آرٹسٹ کا کہنا ہے ۔”آپ اس چمک کو غائب کر دینا چاہتی ہیں لیکن اس کے ساتھ ہی آپ ایک تازگی بھری تمتماہٹ بھی چاہتی ہیں خصوصاً موسم گرما میں۔
بھاری لپ اسٹک لگانے سے گریز کریں
سورج کی روشنی اور حرارت اور ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے اپنے ہونٹوں پر میٹ کلر کی لپ اسٹک کا استعمال کریں۔ایسی لپ اسٹک کا انتخاب کیجیے جو ہلکے اور شفاف رنگوں پر مشتمل ہوں‘جو آپ کے بلشر اور آئی کلر کے ساتھ میچ کرکے آپ کے قدری لک کو ایک نیا نکھار عطا کریں۔
برونز اور رسٹ کے شیڈ آپ کو ایک نیچرل لک دیتے ہیں لیکن چمکدار سرخ‘اورنج کے شیڈز بے حد للچا دینے والے ہوتے ہیں اور آپ کے موڈ میں ایک جوش اور ولولہ لے آتے ہیں ۔یہ چمکدار سورج کی روشنی میں زندگی سے بھر پور دکھائی دیتے ہیں۔ رنگ دار لپ گلوس استعمال کریں یا پھر اپنے پسندیدہ لپ اسٹک کے شیڈ کے اوپر شفاف لپ گلوس لگائیں ۔گرمی میں لپ کلر ہونٹوں سے جلدی غائب ہو جاتے ہیں۔
اس لیے مختصر وقفے کے بعد ہونٹوں پر دوبارہ ان کی ری ٹچنگ ضروری ہے صرف اس لیے نہیں کہ آپ اپنی خوبصورتی میں اضافہ کر سکیں بلکہ اس لیے بھی کہ یہ ہونٹوں کی حفاظت کرتے ہیں۔
لپ اسٹک کی گہری تہہ آپ کے چہرے کے تاثر کو ناخوشگوار بنا دے گی خصو صاً اس وقت جب موسم بے حد گرم ہو ۔بہت سی خواتین اس موسم میں اپنی لپ اسٹک کو چھوڑ کر ٹرانسپیرنٹ بام لگانا پسند کرتی ہیں لیکن محض اس لیے کہ اس گرم موسم میں آپ کیلئے اپنی لپ اسٹک کو مین ٹین کرنا مشکل ہورہا ہے ۔
آپ اپنے خوبصورت نظر آنے کے تصور سے دستبردار ہو جائیں‘کوئی درست فیصلہ نہیں ہے۔اپنے ہونٹوں کو تروتازہ لک دینے کیلئے ٹنئڈلپ بام کا انتخاب کریں۔”یہ آپ کے ہونٹوں کو ہلکا سا کلر دیں گے اور ان میں سے بہت سے اپنے اندرSPF کی اضافی خصوصیت بھی رکھتے ہیں جو ہونٹوں کو سورج کی حدت سے تحفظ فراہم کر یں گے۔“
شفاف چمک کا انتخاب کریں
گہر ے رنگ یقینا اپنا ایک الگ چارم رکھتے ہیں لیکن شدید گرم موسم میں ان کا استعمال نگاہوں کو کچھ بھلا معلوم نہیں دیتا۔
ٹرائے کہتی ہیں ۔میک اپ کے گہرے تاثر کو ہلکا کرنے کیلئے اپنی لپ اسٹک اور آئی شیڈز کے گہرے گہرے رنگوں کو شفاف رنگوں سے تبدیل کردیں۔ اگر آپ اپنے ہونٹوں کی شیپ کو واضح کرنا چاہتی ہیں تو اس کیلئے لپ لائنر کا استعمال کریں لیکن لپ لائنر کیلئے نیوڈشیڈکا انتخاب کیجیے۔یہ آپ کو کسی پریشانی میں مبتلا نہیں کرے گا یا پھر نہ نظر آنے والا لپ لائنر منتخب کیجیے‘اس کی شفاف مومی تہہ لپ اسٹک کو کناروں سے بہنے سے محفوظ رکھے گی ۔
اس کا ایک اضافی فائدہ یہ بھی ہے کہ چونکہ شفاف کلر نازک اور لطیف ہوتے ہیں اس لیے آپ ان سے کبھی بور نہیں ہوں گی۔
واٹر پروف آئی میک اپ استعمال کریں
آپ چاہتی ہیں کہ آپ کا آئی شیڈ دیر تک آپ کی آنکھوں پر قائم رہے تو اپنے پپوٹوں پر کریمی آئی شیڈ لگانے سے گریز کریں۔(یہ آپ کے میک اپ کے تاثر کو خراب بھی کر سکتا ہے )(اس کے بجائے آئی پرائمر کا استعمال آنکھوں کو ہموار لک عطا کر دیتا ہے ۔
یہ شکنوں کے خطرے کو کم کر دے گا اور شیڈ کے پپوٹوں پر لگے رہنے کے لیے ایک بنیاد بنا دے گا اور آپ کا شیڈ بنا تڑخے ہوئے دیر تک آپ کی آنکھوں پر قائم رہ سکے گا ۔میک اپ آرٹسٹ شیرونا تجویز کرتی ہیں’‘آئی شیڈو کو دیر تک آنکھوں پر قائم رکھنے کے لیے کریم کے اوپر پاؤڈر کی ایک تہہ لگائیں ۔لائنر کو ڈبل کرکے لگانا بھی کام دکھاتا ہے ۔اپنی ریگولر پنسل یا کریم لائنر کو آنکھوں پر اپلائی کریں۔
اس کے بعد ایک چھوٹے سائز کے برش سے لائنر سے اوپر گہری لکیر کھینچیں اس طرح سے یہ آنکھوں پر زیادہ دیر تک قائم رہے گا۔
ہو سکتا ہے کہ آپ اس سے پہلے بھی واٹر پروف مسکارا استعمال کر چکی ہوں اور آپ کو شکایت ہو کہ اس سے آپ کو مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے تھے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ آپ اس کو ایک مرتبہ پھر آزما کر دیکھیں۔ممکن ہے کہ اس سے قبل جب آپ نے انہیں اپلائی کیا ہوتو اس کے استعمال سے آپ کی پلکیں سخت‘اکڑی ہوئی ہو گئی ہوں یا پھر مسکارا پر توں کی صورت میں اُتر تا جارہا ہو لیکن آج کے جدید واٹر پروف مسکارے پہلے سے کئی گنا بہتر ہیں اور وہ واقعتاً پانی استعمال کرنے کے بعد بھی آپ کی پلکوں پر جمے رہتے ہیں شرط محض اتنی ہے کہ آپ کسی مستند اور معیاری کمپنی کا واٹر پروف مسکارا استعمال کریں لیکن آپ کا کہنا ہے کہ آپ اپنے فیورٹ مسکارے سے کسی صورت دستبر دار نہیں ہو سکتی ہیں؟انہیں پلکوں پر ریگولر مسکارے کا ایک کوٹ لگانے کے بعد واٹر پروف مسکارے کا ایک کوٹ لگائیں اور اس کے پلکوں پر ٹھہرے رہنے کی طاقت میں اضافہ کریں۔

موسم گرما اور خوشبو !
خوشبو ایک بہترین بیوٹی ایڈ ہے ‘جسے ہزاروں سال سے استعمال کیا جارہا ہے اور ہر عورت کے پاس اس کی پسندیدہ خوشبو کی چند بوتلیں ضرور موجودہوتی ہیں جنہیں وہ وقتاً فوقتاً استعمال کرتی ہے لیکن موسم گرمامیں خوشبو کا استعمال کرنے سے پہلے تھوڑا رکیں او سوچیں گرم موسم پر فیوم کی خوشبوشگو کو تبدیل کر سکتاہے ‘گرم مرطوب موسم گرما میں پر فیوم زیادہ تیزی سے اڑجاتے ہیں بلکہ یہ اعصاب یہ بوجھل بھی محسوس ہوتے ہیں اورئینٹل پر فیوم اور فلورل خوشبو ئیں جیسا کہ وائیلٹ اور جیسمین ’‘گرم موسم میں اعصاب کو بوجھل کر دیتے ہیں گوکہ موسم سرما میں یہ خوشبو ئیں ہمیں معطر و تروتازہ رکھتی ہیں۔

ایسے پر فیوم کا انتخاب کریں جو ہلکا پھلکا ہواور تازگی و ٹھنڈک کے احساس کو اُجاگر کرے اور جو آپ کی جلد اور آپ کے مزاج سے مطابقت رکھتا ہو۔یاد رکھیے کہ پر فیوم ہر انفرادی جلد پرمختلف طریقے سے تعامل کرتے ہیں ‘اس لیے یہ بالکل ضروری نہیں ہے کہ جو خوشبو آپ کی بیسٹ فرینڈ کے لیے بہترین ہو وہ آپ کے لیے بھی موزوں ہو۔اس خوشبو پر انحصار ہر گزنہ کریں جو پرفیوم کی بوتل میں سے آرہی ہو بلکہ ہمیشہ اسے اپنی جلد پر لگا کر ایک گھنٹے کے لیے چھوڑ دیں۔
اس کے بعد اس خوشبو کو سونگھ کر دیکھیں اگر آپ کو خود میں سے اُٹھتی ہوئی یہ مہک پسند ہے تو یقینا یہ پرفیوم آپ ہی کیلئے ہے ۔عام طور پر فلورل اور ہربل خوشبوئیں موسم گرما کیلئے آئیڈیل سمجھی جاتی ہیں لیکن سٹرس خوشبوؤں کے حامل پر فیومز استعمال کرتے ہوئے احتیاط برتیے خصوصاً اس وقت جب آپ سورج کا براہ راست سامنا کر رہی ہوں گو کہ لیمونی پر فیوم سال کے ان دنوں میں خصوصی طور پر بے حد موزوں سمجھے جاتے ہیں۔
ان پر فیومز اور چند دیگر پر فیومزکا ایک اہم جزBergamot oil ہوتاہے اور یہ کسی حد تک خطرناک ثابت ہو سکتا ہے یہ جلد پر گہرے دھبوں کی وجہ بن سکتا ہے جب اس پر فیوم کے استعمال کے بعد جلد کو براہ راست سورج کی الٹراوائیلٹ ریز کا سامنا کرنا پڑے اور جنہیں صرف اسکن پیلنگ(Skin Peeling) سے ہی دور کیا جا سکتا ہے۔
موسم کی حدت پر فیوم کی خوشبو میں ناخوشگوار تبدیلی لانے کا سبب بن سکتی ہے اس لیے زیادہ بہتریہ ہے کہ آپ اس کے استعمال کو اپنی گلیمرس شاموں کے لیے محفوظ کرلیں یا پھر اس وقت جب آپ خود کو زیادہ دلکش انداز دینا چاہتی ہوں۔
سمندر کے کنارے پر جانے سے پہلے یا کسی شدید گرم دن میں خوشبو کے استعمال سے گریز کرنا ہی بہتر ہے۔ آپ چاہے اپنے لیے جس خوشبو کابھی انتخاب کریں ‘چاہے وہ نازک اور لطیف فلورل خوشبو ہو یا بوجھل اسپائسی خوشبو اسے ایسا ہونا چاہیے کہ یہ آپ کی خوبصورتی کو بہترین فنشنگ ٹچ عطا کرے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Mosaam E Garma Main Soft O Glamorous Look Ka Raaz" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.