Nikhri Shadab Jild - Article No. 3072

Nikhri Shadab Jild

نکھری شاداب جلد - تحریر نمبر 3072

آپ کے کچن میں موجود کئی اشیاء آپ کی جلد کو چمکا کر کندن جیسا بنا سکتی ہیں

پیر 13 فروری 2023

کشور کنول
صحت مند،ہموار،خوبصورت اور شفاف جلد کی خواہش ہر ایک کو ہوتی ہے۔صحت مند،شفاف جلد آپ کی دسترس میں ہے۔آپ کے کچن میں موجود کئی اشیاء آپ کی جلد کو چمکا کر کندن جیسا بنا سکتی ہیں۔سب سے پہلی بات جو ذہن میں رکھنی ہے وہ یہ کہ اپنے چہرے کو دھونے کے لئے ہمیشہ صاف اور تازہ پانی استعمال کیا کریں۔جس پانی سے آپ چہرہ دھو رہی ہیں اسے ہلکا سا گرم ہونا چاہیے۔
چاہے موسم شدید گرمی کا ہی کیوں نہ ہو اس کی وجہ یہ ہے کہ گرم پانی سے مسامات کھل جاتے ہیں اور جلد میں خون کی روانی تیز ہو جاتی ہے۔اس کے بعد آخر میں آپ ٹھنڈے پانی سے منہ دھو لیں۔اس سے کھلے ہوئے مسامات دوبارہ بند ہو جاتے ہیں۔
نہاتے وقت ہفتے میں ایک مرتبہ اپنے چہرے پر کھانے کے سوڈے سے مالش کریں۔

(جاری ہے)

اس سے آپ کی جلد نرم ہو جائے گی آپ یہ عمل سیاہ دھبے دور کرنے کے لئے بھی کر سکتی ہیں۔

چہرے پر آٹے یا پھلوں کے چھلکے وغیرہ کے مساج کے نتائج بھی بہت مفید ہوتے ہیں۔
خوبصورت اور صاف جلد کے لئے دودھ میں ہلدی اور آٹا ملا کر لیپ کرنے کا مشورہ بھی دیا جاتا ہے۔اس عمل سے جلد بہت خوبصورت ہو جاتی ہے۔آپ کے چہرے کے چکنے حصوں کے لئے تازہ ٹماٹر کا استعمال بھی بہت زبردست ہے۔لیکن ٹماٹر کے رس کو استعمال کرنے سے پہلے اسے اپنے ہاتھوں پر مل کر دیکھ لیں۔
ہو سکتا ہے کہ آپ کی جلد حساس ہو اور الرجی کا امکان ہو تو ایسی صورت میں چہرے پر نہ لگائیں۔
خشک جلد کے لئے
خشک جلد کی حامل خواتین مالش کے لئے روغن زیتون استعمال کریں۔اس کی مالش آپ کی جلد کو چمکدار کر دے گی۔اس روغن کا استعمال دھوپ کے اثرات کو کم یا ختم کرنے کے لئے بھی کیا جاتا ہے۔جن خواتین کے پسینے میں بُو آتی ہے تو اس کے سدباب کے لئے سرکہ جادوئی اثر رکھتا ہے۔
آدھا پانی اور آدھا سرکہ ملا کر بُو کی جگہ استعمال کریں،جس طرح قیمتی ڈیوڈرنٹ استعمال کیا جاتا ہے۔
انڈے کی زردی اور شہد ملا کر اپنے چہرے پر لگائیں۔یہ ماسک حساس جلد کے لئے بہترین ہے۔اس ماسک کو اپنے چہرے پر پندرہ بیس منٹ تک لگا رہنے دیں،اس کے بعد دھو ڈالیں۔
بعض اقسام کی جلد کے لئے شہد مناسب نہیں ہوتا۔شہد لگانے سے اس میں ہلکی ہلکی خارش ہونے لگتی ہے۔
ایسی صورت میں انڈے کی زردی میں شہد نہ ملائیں،بلکہ صرف انڈے کی زردی کا لیپ کر لیں۔انڈے کی زردی کا ایک اور استعمال بھی ہے۔اگر آپ کو ایگزیما ہے تو صابن کے بجائے انڈے کی زردی استعمال کریں۔ہلکی سی بُو تو ضرور آئے گی اور آپ الجھن بھی محسوس کریں گی لیکن یہ آپ کے لئے حیرت انگیز نتائج بھی سامنے لائے گی۔خشک جلد کے لئے ایک اور چیز ایواکاڈو ہے۔
اسے مسلیں اور اپنے چہرے پر اس کا لیپ کر کے بیس منٹ کے بعد چہرہ دھو ڈالیں۔
جلد کو شفاف رکھنے کے لئے آپ روزانہ کم از کم آٹھ سے دس گلاس پانی ضرور پیا کریں۔آپ کی جلد پر اس کے اثرات انتہائی حیرت انگیز ہوں گے۔سردیوں میں زیادہ پیاس نہیں لگتی لیکن سردیوں میں بھی پانی پینے کا اہتمام کرتی رہیں۔ایک بات ہمیشہ دھیان میں رکھیں کہ تازہ ہوا،اچھی خوراک اور بہتر صحت مند لائف اسٹائل کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔
اس کے علاوہ ذہنی سکون بھی بہت ضروری ہے۔یہ عوامل ہر قسم کی مصنوعات سے بہتر اور اثر انگیز ہیں۔لہٰذا جب آپ اپنی جلد کا خیال رکھ رہی ہیں تو اپنی مجموعی صحت کا بھی خیال رکھیں۔جلد کی دلکشی کے لئے چند قدرتی اشیاء سے تیار کردہ فیس ماسک دیے جا رہے ہیں جو کہ آپ کی جلد کے لئے مفید ہو سکتے ہیں۔
رس بھری فیس ماسک
رس بھری فیس ماسک تیار کرنے کے لئے آپ کو آدھا کپ تازہ رس بھری دو کھانے کے چمچ شہد اور آدھا کپ جئی کی ضرورت ہو گی۔
تمام اشیاء کو بلینڈر کرکے ہموار پیسٹ تیار کر لیں۔چہرے اور گردن کو دھو کر صاف کر کے پیسٹ لگا لیں۔پندرہ منٹ کے بعد نیم گرم پانی سے چہرے اور گردن کو دھو کر صاف کر لیں۔اس ماسک میں موجود غذائی اجزاء جلد کے لئے فائدہ بخش ہیں۔
بلیوبیری فیس ماسک
بلیوبیری فیس ماسک تیار کرنے کے لئے دس عدد تازہ بلیوبیریز،ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس،ایک کھانے کا چمچ دہی اور چار سے پانچ بادام لے کر تمام اشیاء بلینڈر میں ڈال کر بلینڈ کر لیں۔
چہرے کو دھو کر خشک کرنے کے بعد یہ فیس ماسک چہرے پر لگائیں پندرہ سے بیس منٹ کے بعد چہرہ دھو کر صاف کر لیں۔یہ ماسک آپ کی جلد کی تروتازگی بحال کر کے چہرے پر موجود شکنوں اور لکیروں سے نجات بھی دے گا۔ایک چائے کا چمچ لیموں کا رس،دو کھانے کے چمچ جئی اور کچھ تازہ بلیوبیریز کو بلینڈر میں ڈال کر کریمی پیسٹ تیار کر لیں۔اس پیسٹ کو چہرے پر لگائیں۔
دس منٹ کے بعد چہرہ دھو کر صاف کر لیں۔ہفتے میں دو مرتبہ اس ماسک کا استعمال عمر رسیدگی کے اثرات کا خاتمہ کرکے جلد کو نرم و ہموار بنا سکتا ہے۔
کھیرے اور دہی کا ماسک
آدھا کھیرا لے کر اسے کدوکش کریں اور دو کھانے کے چمچ دہی کے ساتھ ملا کر بلینڈ کر لیں۔اس مکسچر کو چہرے پر لگائیں۔پندرہ منٹ کے بعد چہرے کو ٹھنڈے پانی سے دھو کر صاف کر لیں۔
کھیرے کے چند ٹکڑے،ایک سے دو کھانے کے چمچ اورنج جوس،ایک اسٹرابیری ،ایک کھانے کا چمچ شہد اور ایک کھانے کا چمچ کریم (اگر آپ کی جلد چکنی ہے اور آپ کو کیل مہاسوں کے مسائل کا سامنا ہے تو کریم کے متبادل کے طور پر دہی استعمال کریں) لے کر بلینڈ کر لیں۔اس پیسٹ کو چہرے اور گردن پر لگائیں۔پندرہ منٹ کے بعد ٹھنڈے پانی سے چہرہ دھو کر صاف کر لیں۔شیشے کے سامنے کھڑے ہو کر اپنی جلد کی تروتازگی کو محسوس کریں اور اپنی محنت کے خوبصورت ثمر کا نظارہ کریں۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Nikhri Shadab Jild" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.