Singhaar K Bunyadi Usool - Article No. 2364

Singhaar K Bunyadi Usool

سنگار کے بنیادی اُصول - تحریر نمبر 2364

یہاں جلد کی نگہداشت کے چند بنیادی قاعدے بیان کیے جاتے ہیں ۔

جمعرات 11 جون 2020

یہاں جلد کی نگہداشت کے چند بنیادی قاعدے بیان کیے جاتے ہیں ۔جن سے سنگار کے روغنوں ،کریموں ،لوشنوں کے صحیح انتخاب واستعمال میں مدد ملے گی اور اس خلجان سے نجات ملے گی جو بازار میں ان چیزوں کا طومار دیکھ کر پیدا ہو جاتا ہے۔
سنگار کی چیزوں کے انتخاب میں احتیاط کی ضرورت ہے ،وہی چیز منتخب کرنی چاہیے جو ذاتی ضروریات کے لحاظ سے مناسب وموزوں ہو ۔
پہلی بات تو یہ ہے کہ وہ بہترین چیز خریدی جائے ۔جس کی آپ کی جیب اجازت دے ،دوئم یہ کہ سنگار کی سب چیزیں ایک ہی ساخت یا کمپنی کی ہوں ۔یہ سب مل کر ایک مجموعی متوازن نتیجہ پیدا کر سکیں گی جو مختلف ساختوں کی مختلف چیزوں کے ملا دینے سے نہیں حاصل ہو سکے گا۔
روزانہ سنگار کی چیزیں تین خاص قسم کی ہوتی ہیں:۔
(1) صافی: جلد کو صاف کرنے والی
(2) تغذیہ بخش: جلد کو غذا پہنچانے اور پرورش کرنے والی۔

(جاری ہے)


(3) متحرک: جلد کو تحریک پہنچانے والی ،چاق وچوبند رکھنے والی
جلد کو صاف کرنے والی چیزیں
یہ دو طرح کی ہوتی ہیں ،خشک جلد کے لئے تری پہنچانے والی نرم کریمیں جو جلد کو گردوغبار سے پاک کر دیتی ہیں اور پہلے کے لگائے ہوئے غازہ کی تہ کو دور کر دیتی ہیں اور ان کو رات کو سوتے وقت ہر قسم کی جلد پر لگانا چاہیے۔
چکنی اور روغنی جلد کے لئے عرق اور لوشن(غسولات) جن کا قوام ہلکا اور سیال ہوتا ہے اور ہر قسم کی جلد کو فی الفور صاف کر دیتے ہیں اور غازہ کو فوراً صاف کرکے جلدکو ہر آلودگی سے پاک وصاف کر دیتے ہیں۔

تغذیہ بخش کریمیں
ان کا قوام زیادہ غلیظ اور گاڑھا ہوتا ہے ۔یہ جلد کو غذا پہنچاتی ہیں ۔اور قدرتی روغنوں کا بدل ہوتی ہیں انہیں رات کو استعمال کرنا چاہیے اور چہرے کے عضلات کو مناسب طریقے سے اتار چڑھاؤ سے حرکت میں لا کر انہیں جلد پر ملنا چاہیے ان کی کئی قسمیں ہوتی ہیں ۔ہلکی کم غلیظ قسم ،نوجوانوں کی گھٹی اور تنی ہوئی بے جھری والی جلد کے لئے ہے اور زیادہ بھاری اور گاڑھی قسم خشک اور جھری دار ڈھیلی جلد کے لئے موزوں ہوتی ہے۔

محرکات
ہلکے یا زیادہ قوی قسم کے لئے ہوتے ہیں ۔خشک اور حساس جلد کے لئے بہت ہلکے قسم کے محرکات استعمال کرنے چاہئیں۔ زیادہ موٹی نا ہموار اور زیادہ روغنی جلد کے لئے تیز اور قوی قسم کے محرکات استعمال کرنے چاہئیں۔ پہلے تغذیہ بخش کریم سے جلد کی مالش کرنی چاہیے (بالخصوص اس وقت جب کہ جلد ڈھیلی اور کھلے مساموں کی ہو) اور پھر اس پر محرک جلد کریم لگانی چاہیے۔
نرم روئی کی گدی کو ٹھنڈے پانی سے بھگو کر اور پھر نچوڑ کر اس پر محرک کریم لیکر جلد پر مسل کر لگانی چاہیے۔
غازہ اور لاکھا
غازہ جلد کی قدرتی رنگت سے ذرا ہی زیادہ گہرے رنگ کا ہونا چاہیے لبوں پر لگانے کی ”لپ اسٹک کا رنگ لباس کے رنگ سے ملتا جلتا ہونا چاہیے اگر لباس کا رنگ ہلکا اور لبوں کا تیز سرخ ہوتو دونوں کی عدم مطابقت بہت بھدی اور بری معلوم ہو گی ۔
لپ اسٹک اور روج (سرخ رنگ جو رخسار پر لگایا جاتا ہے)دونوں ایک ہی گہرائی کے ہونے چاہیے۔
لیکن غازہ کے استعمال سے پہلے جلد پر لگانے کی بنیادی چیزوں کا انتخاب بڑی احتیاط سے کرنا چاہیے ۔یہ بنیادی چیزیں تین قسم کی ہوتی ہیں:۔
(1) عرقیات:لوشن وغیرہ۔سیال غسولات ،چکنی روغنی جلد کیلئے۔
(2) کریمیں: خشک جلد کے لئے
(3) لگدی: زیادہ موٹی ،کھردری اور نا ہموار جلد کے لئے جس میں زیادہ مالش اور رگڑ سے جھلک اور جلد پیدا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Singhaar K Bunyadi Usool" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.