Sola Singhar Bhi Jadu Bhi - Article No. 2694

Sola Singhar Bhi Jadu Bhi

سولہ سنگھار بھی جادو بھی - تحریر نمبر 2694

دھوپ سے جلد کو محفوظ رکھنے کا ایک طریقہ میک اپ بھی ہے

ہفتہ 25 ستمبر 2021

راحیلہ مغل
میک اپ کرنا ایک غیر معمولی فن ہے،زیادہ تر خواتین میک اپ کی دلدادہ ہوتی ہیں اور فیشن کی مناسبت سے نت نئے تجربات بھی کرتی رہتی ہیں۔کچھ خواتین تو میک اپ کرنے میں اتنی ماہر ہو جاتی ہیں کہ انہیں پھر کسی تربیت کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔اسی طرح کچھ خواتین کی معلومات میک اپ کے بارے میں نہ ہونے کے برابر ہوتی ہے اور وہ میک اپ کرتے وقت توازن نہیں رکھتیں،جس کی وجہ سے وہ خوبصورت لگنے کے بجائے بھدی نظر آتی ہیں۔
چاہے کوئی بھی موقع ہو،خواتین میک اپ کرنا کبھی نہیں بھولتیں،اسی طرح ہر خاتون جب میک اپ کرتی ہے تو اس کی وجہ بھی مختلف ہوتی ہے۔کچھ کے مطابق میک اپ کرکے وہ خود کو زیادہ پُراعتماد محسوس کرتی ہیں اور کچھ کہیں گی کہ وہ Looks کے ساتھ تجربات کرنا پسند کرتی ہیں،وغیرہ۔

(جاری ہے)

آج ہم یہ جاننے کی کوشش کریں گے کہ خواتین کے لئے میک اپ کیوں اہمیت رکھتا ہے۔


دھوپ سے جلد کی حفاظت
شاید کم ہی خواتین جانتی ہوں گی کہ دھوپ سے جلد کو محفوظ رکھنے کا ایک طریقہ میک اپ بھی ہے۔جی ہاں،میک اپ خواتین کی جلد کو سورج کی دھوپ کی خطرناک الٹراوائلٹ (UV) شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے۔اس لئے اگر کوئی بھی خاتون میک اپ اس مقصد کے لئے کرنا چاہتی ہے کہ وہ اپنی جلد کو دھوپ سے محفوظ رکھنا چاہتی ہے تو اسے SPF فارمولے والے میک اپ کا انتخاب کرنا چاہیے۔
خواتین اس سلسلے میں CreamBB یا فاؤنڈیشن کا انتخاب بھی کر سکتی ہیں،جو SPF فارمولا کے ساتھ آتی ہے،یہ ناصرف جلد کو دھوپ سے محفوظ رکھتی ہے بلکہ جلد میں چمک اور نکھار بھی پیدا کرتی ہے۔
فطری شکل کی بحالی
شاید کوئی یہ سوچ رہا ہو گا کہ جلد پر میک اپ کی تہہ چڑھا کر کوئی فطری شکل کیسے حاصل کر سکتا ہے؟تاہم،ہم آپ کو بتانا چاہتے ہیں کہ میک اپ کرنے کا قطعی یہ مقصد نہیں ہوتا کہ خواتین اپنی فطری شکل چھپانا چاہتی ہیں۔
دراصل،میک اپ کا مقصد ہی فطری شکل کی نوک پلک سنوار کر اسے بہتر اور پُرکشش انداز میں گروم کرنا ہوتا ہے،تاکہ آپ تروتازہ نظر آئیں۔
خود اعتمادی میں اضافہ
بلاشبہ میک اپ کرنے کی ایک بڑی اور اہم وجہ خود اعتمادی حاصل کرنا ہوتی ہے۔میک اپ آپ کی جلد کی ہر خامی کو چھپا دیتا ہے اور یہ خود اعتمادی میں اضافے کیلئے بڑی اہم بات ہے۔
میک اپ کے ذریعے چہرے پر موجود تمام نشانات،دھبے اور آنکھوں کے گرد کالے ہلکے باآسانی چھپائے جا سکتے ہیں،اس طرح درحقیقت آپ کے چہرے کی فطری شکل سامنے آجاتی ہے۔کیونکہ بہرحال،نشانات،کالے سفید دھبے یا دانے جلد کا حقیقی حصہ نہیں ہوتے۔اکثر خواتین اپنے چہرے میں پیدا ہونے والے نقائص کی وجہ سے پریشان ہوتی ہیں،تاہم میک اپ کرکے وہ خود کو آرام دہ اور بااعتماد محسوس کرتی ہیں۔

فطری خوبصورتی میں اضافہ
میک اپ،فطری خوبصورتی میں اضافہ کرنے کا سب سے بہترین طریقہ ہے۔تاہم ہر وقت حد سے زیادہ میک اپ کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی۔آپ ہلکے میک اپ کا انتخاب کر سکتی ہیں،جو آپ کی خوبصورتی میں اضافے کا باعث بننے کے علاوہ آپ کی فطری شکل بھی بحال کرتا ہے۔اس کے لئے آپ کو بس ایک بات کا خیال رکھنا ہو گا اور وہ یہ کہ،آپ کو اپنی جلد کی ٹون کے مطابق درست میک اپ کا انتخاب کرنا ہو گا۔
درست میک اپ کا انتخاب کرکے آپ ناصرف اپنی قدرتی خوبصورتی میں اضافہ کر سکتی ہیں بلکہ اپنے چہرے کے ہر حصے کو نمایاں بھی کر سکتی ہیں۔
کیریئر میں مددگار ثابت
ماہرین سماجیات اس بات پر متفق ہیں کہ جو خواتین اپنے لباس اور میک اپ کا خیال رکھتی ہیں،کیریئر میں ان کی ترقی کے امکانات دیگر خواتین کے مقابلے میں 20 فیصد بڑھ جاتے ہیں۔
اس کا مطلب یہ بھی ہوا کہ ایسی خواتین تنخواہ کے معاملے میں بھی دیگر خواتین کے مقابلے میں زیادہ خوش قسمت ثابت ہوتی ہیں۔کارپوریٹ کلچر میں بھی آپ کو جو رجحان نظر آئے گا،وہ بھی درج بالا تصور اور ماہرین سماجیات کی رائے کو مضبوط کرتا نظر آئے گا۔اچھے میک اپ کے لئے ضروری ہے کہ خواتین اپنی جلد کا اچھی طرح خیال رکھیں۔
دوسروں کا خیال رکھنا
میک اپ کے ذریعے خواتین ناصرف اپنا خیال رکھتی ہیں بلکہ دراصل دوسروں کا خیال رکھنا بھی اسی کی مرہون منت ہی ہے۔جب آپ کو کسی پروگرام یا تقریب میں مدعو کیا جاتا ہے،تو آپ پر لازم ہے کہ آپ وہاں اچھی ڈریسنگ اور موقع کی مناسبت سے میک اپ کرکے بن سنور کر جائیں،کیونکہ اس میں ناصرف آپ کی بلکہ میزبان کی عزت بھی ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Sola Singhar Bhi Jadu Bhi" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.