Zara Si Koshish Se Jild Aur Balon Ko Dilkash Banaye - Article No. 2713

Zara Si Koshish Se Jild Aur Balon Ko Dilkash Banaye

ذرا سی کوشش سے جلد اور بالوں کو دلکش بنائے - تحریر نمبر 2713

مضبوط،گھنے،چمک دار بال اور چہرے کی صاف شفاف جلد سے شخصیت میں نکھار آتا ہے

بدھ 20 اکتوبر 2021

مضبوط،گھنے،چمک دار بال اور چہرے کی صاف شفاف جلد سے شخصیت میں نکھار آتا ہے۔چہرے اور بالوں کی حفاظت میں کئی مشکلات آسکتی ہیں خاص طور پر چکنی جلد والوں کو خاص توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔جب چکناہٹ بڑھتی ہے تو نا صرف جلد بلکہ بال بھی بُری طرح متاثر ہونے لگتے ہیں۔ان میں گرد و غبار بھی جمع ہونے لگتا ہے۔
چند احتیاطی تدابیر
موسم گرما میں ہمیں اپنی جلد اور بالوں کا زیادہ خیال رکھنا چاہیے۔
خاص طور پر یہ چکنی جلد والی خواتین اپنا چہرہ دھونے کے بعد فیشل اسکرب کا استعمال کرتی رہیں۔اپنی جلد کو تازگی پہنچانے اور صاف کرنے کیلئے ایک اچھے اسکن ٹانک کا ہونا بہت ضروری ہے۔اس کام کے لئے عرق گلاب کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔جلد خشک ہو تو ہلکا موئسچرائزنگ لوشن استعمال کیا جائے دن میں بھی اور میک اپ سے پہلے بھی رات کو بستر میں جانے سے قبل میک اپ صاف کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

زیادہ دھوپ میں رہنے کی وجہ سے بال خشک ہو سکتے ہیں۔انہیں اچھی حالت میں رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ شیمپو کرنے کے بعد کنڈیشنر ضرور استعمال کیا جائے۔بالوں کو روزانہ دھونے کے لئے معیاری ہربل شیمپو کا زیادہ استعمال مفید ہے۔مہندی کے استعمال سے بھی بالوں کی صفائی کی جا سکتی ہے اور ان کی چمک میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
گھریلو نسخے
یہاں جلد اور بالوں کی حفاظت کے لئے چند گھریلو نسخے بھی دیے جا رہے ہیں۔

ایکسفولیڈر (اسکرب)
تین چمچ بادام پیس کر دہی میں ملا لیں۔بیس منٹ کے لئے چھوڑ دیں پھر اسے پانی سے گیلا کر لیں اور آہستہ آہستہ اپنے چہرے پر مسلیں۔اس کے بعد پانی سے اسے دھو لیں۔خشک جلد کے لئے یہ عمل ہفتے میں ایک بار کریں جبکہ چکنی جلد کے لئے ہفتہ میں تین بار یہ عمل کرنا چاہیے۔ کیل مہاسوں پر اس کی مالش سے گریز کیا جائے۔

کولنگ کلینزر
کھیرے کے جوس کو دو چمچ پاؤڈر ملک میں بھگو لیں۔اس میں ایک انڈے کی سفیدی ملا لیں۔ان تمام چیزوں کو بلینڈ کرکے ایک پیسٹ بنا لیں۔اس پیسٹ کو چہرے اور گردن پر لگائیں۔آدھے گھنٹہ بعد اسے سادہ پانی سے دھو لیں۔
کلینزنگ پپیتا یا ماسک
پپیتے کو بھی جلد پر ماسک کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے۔
بیس منٹ بعد اسے اچھی طرح دھو لیں پپیتے میں ایسا خمیر شامل ہوتا ہے جو جلد کو نرم و ملائم اور صاف رکھتا ہے۔
چکناہٹ کم کرنے کے لئے
عرق گلاب میں ایک چمچ ملتانی مٹی شامل کر لیں۔اس آمیزے کو چہرے پر لگائیں۔جب خشک ہو جائے تو دھو لیں۔
ٹھنڈک کے لئے
کھیرے کے جوس کو دہی میں شامل کر لیں۔اسے جلد پر روزانہ لگائیں بیس منٹ بعد اسے دھو لیں۔

پیروں کی ٹھنڈک اور صفائی کے لئے
ٹھنڈے پانی میں آدھا کپ لیموں کا رس شامل کر لیں اور اپنے پیروں کو کچھ دیر کے لئے اس میں ڈپ کر دیں۔اس سے پیروں کو ٹھنڈک اور سکون ملے گا اور یہ صاف بھی ہو جائیں گے۔
بالوں کے لئے
ایک کپ شہد میں آدھا کپ آلیو یا تل کا تیل اور دو چمچ لیموں کا رس شامل کریں۔تینوں کو اچھی طرح ملا لیں اور رات بھر کے لئے گلاس کے جار میں رکھ دیں۔
شیمپو کرنے سے قبل اس کا مساج بالوں پر کریں ایک گھنٹے تک اسے لگا رہنے دیں۔اس کے بعد بال دھو لیں۔
بے جان بالوں کے لئے
ایک ایک چمچ سرکہ اور شہد کو ایک انڈے میں اچھی طرح ملا لیں۔بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح مساج کریں پھر بالوں کو بیس منٹ تک نیم گرم تولیے میں لپیٹ لیں اس کے بعد بالوں کو دھوئیں بال خوش نما،چمک دار اور گہرے دکھائی دے گے۔

بالوں کو دھونا
بالوں میں چمک کے لئے لیموں کے رس میں چائے کا پانی شامل کر لیں۔شیمپو کرنے کے بعد اس پانی سے بالوں کو دھوئیں۔
گلاب کا پانی
ایک کپ پانی میں ایک چمچ لیموں کا رس اور آدھا کپ عرق گلاب ملا لیں۔اس سے سب سے آخر میں بال دھوئیں یعنی شیمپو وغیرہ سے فارغ ہو کر!یہ بالوں سے خشکی کو دور کرنے کے ساتھ ساتھ سر میں ٹھنڈک کا احساس بھی دیتا ہے۔

Browse More Skin Care

Special Skin Care article for women, read "Zara Si Koshish Se Jild Aur Balon Ko Dilkash Banaye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.