Ankhain Husn Ka Istaara Kab Banti Hain - Article No. 2749

Ankhain Husn Ka Istaara Kab Banti Hain

آنکھیں حسن کا استعارہ کب بنتی ہیں - تحریر نمبر 2749

جب آپ دکھائیں کاجل کے کرشمے

بدھ 1 دسمبر 2021

چہرے کے خدوخال میں آنکھیں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں۔کچھ سمجھدار لوگ کیا خوب کہتے ہیں کہ آنکھیں دل کا آئینہ ہوتی ہیں۔شاعروں نے آنکھوں کی تشبیہات دیتے ہوئے بڑی فراخدلی کا ثبوت دیا ہے کبھی غزالاں سے ملایا تو انہیں چشم غزالی کہہ دیا کبھی ستاروں سے مشابہہ قرار دیا تو ستارہ سی آنکھیں کہہ دیا۔اسی طرح کاجل بھری آنکھوں کے حسن پر بھی چشم سرمہ سا اور سرمگیں آنکھوں کا خطاب دیا۔

کاجل اور سرمہ لگانے کی روایت مشرق میں صدیوں سے چلی آ رہی ہے۔اہل مغرب تو بہت بعد میں اس فن سے متعارف ہوئے۔کہا جاتا ہے کہ قدیم مصریوں نے سب سے پہلے کاجل اور سرمہ ایجاد کیا۔ان کا یہ سرمہ مختلف دھاتوں کا مرکب ہوا کرتا تھا۔مصر کی ملکہ قلوپطرہ کے حسن اور اس کے سنگھار کی شہرت برسوں گزر جانے کے بعد بھی آج سارے عالم میں ہے۔

(جاری ہے)


قلوپطرہ کے سنگھار میں اس کا کاجل سب سے نمایاں تھا جسے ایک مخصوص انداز سے لگایا جاتا تھا۔


آج کل آنکھوں کے سنگار کے لئے متعدد لوازمات رائج ہیں جن میں آئی پینسل اور آئی لائنر کے علاوہ جل،پاؤڈر اور لیکوئڈ شکل میں کاجل شامل ہے۔زیرِ نظر مضمون میں دیکھئے کاجل لگانے کے دو انداز جنہیں اپنا کر آپ اپنی آنکھوں کی دلکشی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔شرط صرف نفاست اور توجہ کی ہے۔
قدیم اسموکی انداز
اس قدرے جدید انداز سے آپ کی آنکھیں مزید کشادہ واضح اور متاثر کن دکھائی دیں گی۔
جدت ہی اس اسٹائل کا خاصہ ہے لہٰذا آپ بغیر ہچکچاہٹ کے اسے کسی بھی موقع پر آزما سکتی ہیں۔
اسے لگانے کا طریقہ:
پپوٹے کے اوپر سیاہ،سرمئی آئی شیڈو اچھی طرح پھیلا لیں۔
آنکھ کے نچلے حصے پر اسموکی تاثر پیدا کرنے کے لئے آئی پینسل کی مدد سے نفاست کے ساتھ ایک باریک لائن بنائیں۔اس کے بعد کسی گہرے رنگ کا آئی شیڈو اس کے نیچے بلینڈ کر دیں۔

اس تاثر کی فنیشنگ سیاہ مسکارے کے دو کوٹس یا تہیں لگا کر کریں۔
قدیم مصری انداز
مصری کہتے تھے کہ کاجل ان کی آنکھوں کو سورج کی شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے لہٰذا وہ بڑے اہتمام کے ساتھ کاجل تیار کرتے۔
اسے لگانے کا طریقہ یہ ہے:
پپوٹوں پر کوئی میٹلک آئی شیڈو،پلکوں کی جڑوں سے لے کر بھنوؤں کی ہڈی تک لگائیں۔

اس کے بعد بلیک آئی لائنر سے پپوٹے کے اوپر نفاست کے ساتھ ایک موٹی لائن بنائیں۔
اب آنکھ کے نچلے سرے پر اسی طرح موٹی لائن بنائیں۔لائن کا آغاز اپنی آنکھ کے بیرونی کنارے سے کریں۔
خاص چٹکلے
موزوں میک اپ کا انتخاب بھی کسی مشکل مرحلے سے کم نہیں۔اگر آپ اپنے لئے نیا آئی لائنر خریدنے کا ارادہ رکھتی ہیں تو واٹر پروف آئی لائنر ہی خریدیئے کیونکہ یہ بہت جلد خراب نہیں ہوتا۔

جب آنکھوں کو نمایاں کرنا مقصود ہو تو لپ کلر کے انتخاب میں احتیاط ضروری ہے۔اس صورت میں بہتر یہی ہو گا کہ نیوڈ،لائٹ براؤن یا لائٹ پنک لپ اسٹک استعمال کریں تاکہ میک اپ میں توازن برقرار رہ سکے۔
اگر آپ کو آئی لائن بنانے میں مہارت حاصل نہیں تو پریشان نہ ہوں۔آپ چھوٹے چھوٹے نقطے لگا کر انہیں لائن کی صورت میں ملا لیں۔ سب سے پہلے آنکھ کے اندرونی کنارے پر نقطہ ڈالیں۔اس کے بعد درمیان میں اور پھر آنکھ کے بیرونی سرے پر ان نقطوں کو ملا کر سیدھی اور صفائی سے خط بنانا آسان ہوتا ہے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Ankhain Husn Ka Istaara Kab Banti Hain" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.