Chemical Makeup Remover Ki Jagah Qudrati Remover Istemal Kijiye - Article No. 3244

Chemical Makeup Remover Ki Jagah Qudrati Remover Istemal Kijiye

کیمیاوی میک اپ ریموور کی جگہ قدرتی ریموور استعمال کیجیے - تحریر نمبر 3244

یہ اشیاء نہ صرف میک اپ صاف کرتی ہیں بلکہ آپ کی جلد کی صحت بھی بہتر بناتی ہیں

منگل 13 فروری 2024

سونے سے قبل چہرے کو میک اپ سے صاف کرنا جلد کی دیکھ بھال کا نہایت اہم اصول ہے۔میک اپ کرنے والی خواتین اکثر میک اپ صاف کرنے کے لئے کیمیاوی ریموور کا استعمال کرتی ہیں جو جلد کی نرمی اور شادابی چوس لیتا ہے اس کے علاوہ اگر آپ اب تک میک اپ ریموور کا انتخاب نہیں کر پائیں تو باورچی خانے میں موجود اشیاء کا جائزہ لیں۔وہاں آپ کو میک اپ صاف کرنے کی مختلف اشیاء مل جائیں گی یہ اشیاء نہ صرف میک اپ صاف کرتی ہیں بلکہ آپ کی جلد کی صحت بھی بہتر بناتی ہیں۔

ناریل کا تیل
یوں تو ناریل کے تیل کے فوائد پر گفتگو کی جا سکتی ہے لیکن ناریل کا تیل بطور ریموور بھی نہایت اہم ہے یہ کاسمیٹکس میں موجود رد مائع عناصر کو ختم کرتا ہے اور جلد کی سطح سے صاف کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ناریل کا تیل خاص طور پر خشک جلد والوں کیلئے بہترین ہے۔میک اپ صاف کرنے کے علاوہ یہ جلد کو نمی بھی پہنچاتا ہے۔میک اپ صاف کرنے کے لئے روئی یا میک اپ پیڈ لے کر اس میں ذرا سا ناریل کا تیل ملا کر آنکھوں کے ارد گرد کی جلد پر پھیریں یہاں تک کہ وہ صاف ہو جائیں تھوڑی دیر بعد چہرہ پانی سے دھو لیں۔

جلد بچوں کی جلد جیسی نرم ہو جائے گی۔
دودھ
میک اپ کی دودھ سے صفائی کا خیال آپ نے پہلے بھی سنا ہو گا۔دودھ میں لیکٹک ایسڈ موجود ہوتا ہے جو جلد کی بہترین صفائی کرتا ہے اور چہرے پر موجود مردہ خلیات کو بھی ہٹا دیتا ہے ساتھ ہی اس کے استعمال سے جلد شاداب اور نرم و ملائم بھی ہو جاتی ہے۔دودھ میں روئی بھگو کر نچوڑ لیں اور اس روئی سے میک اپ صاف کر لیں۔
اگر آپ کی جلد روغنی ہے تو بالائی نکلا دودھ استعمال کریں۔
بھاپ
جی ہاں بھاپ بھی میک اپ کی صفائی کا بہترین اور موٴثر ذریعہ ہے بھاپ سے مساموں کی میل کچیل بھی دور ہوتی ہے اور زہریلے مادے جلد سے باہر نکل جاتے ہیں ایک برتن میں گرم پانی بھر لیں اور چند منٹ کے لئے اپنا چہرہ اس کے اُوپر جھکائیے جیسے ہی چہرے پر پسینہ آ جائے تو روئی کی مدد سے میک اپ صاف کر دیں۔
اس طرح جلد کا میل کچیل بھی صاف ہو جائے گا۔
شہد اور بیکنگ سوڈے کا جادو
انگنت غذائی خوبیوں سے بھرپور شہد جلد کی رونق و تابناکی میں اضافہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے اور بیکنگ سوڈے کے ساتھ یہ جلد کی گہرائی سے صفائی کرنے میں بھی معاونت کرتا ہے۔شہد چہرے کو نمی بخشتا ہے اور اس میں شامل رد جراثیم عناصر جلد کو زہریلے مرکبات سے نجات دلاتے ہیں بیکنگ سوڈا صفائی‘چمک اور جراثیم کش ہونے کی بناء پر نہایت مفید ہے اور اسے مختلف کاسمیٹکس میں استعمال کیا جا رہا ہے۔
شہد اور بیکنگ سوڈے کو ملا کر بہترین میک اپ ریموور تیار ہوتا ہے۔ایک کھانے کا چمچہ شہد اور ایک کھانے کا چمچہ بیکنگ سوڈا لے لیں۔چند قطرے پانی شامل کر کے مرکب بنا لیں۔اس میں روئی ڈبو کر چہرے پر موجود میک اپ صاف کر لیں۔یہ بطور ایکسفو لیٹر کام دے گا۔بعد ازاں پانی سے منہ دھو لیں۔
کھیرے کا رس
کھیرا سوجی ہوئی آنکھوں کے لئے تو مفید ہے ہی لیکن میک اپ صاف کرنے کا بہترین نسخہ بھی ہے کھیرے کا رس جلد کے لئے بہترین ٹانک ہے۔
اس میں رد سوزش اجزاء پائے جاتے ہیں اور یہ جلد پر پھیلا فالتو روغن بھی صاف کرتا ہے اسی لئے کھیرے سے تیار کردہ ٹونر بھی بہت مقبول ہیں۔کھیرا کاٹ کر اس کا رس نکالیے اس میں ذرا سا پانی شامل کر لیں لیجیے قدرتی کلینزر تیار ہے اس میں روئی بھگو کر چہرہ صاف کر لیں۔گرد و غبار بھی صاف ہو جائے گا۔یہ آپ کی جلد کے لئے بھی بہترین ہے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Chemical Makeup Remover Ki Jagah Qudrati Remover Istemal Kijiye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.