Hontoon Ki Hifazat Kijye - Article No. 2430

Hontoon Ki Hifazat Kijye

ہونٹوں کی حفاظت کیجئے - تحریر نمبر 2430

پنکھڑی اک گلاب کی سی ہے

منگل 29 ستمبر 2020

ہماء بلوچ
ہونٹوں کو شاعر کبھی گلاب کی پنکھڑیوں سے تشبیہ دیتے ہیں تو کبھی جام سے اور کبھی ہونٹوں کے خم کو قاتل خم کہا جاتا ہے ۔دراصل ہونٹ جسم کا وہ حصہ ہیں جہاں چکنائی پیدا کرنے والے غدود نہ ہونے کی بناء پر جلد بہت خشک ہو کر پھٹنے لگتی ہے ۔پھر ہونٹ کاٹنے اور ہونٹوں پر بار بار زبان پھیرنے کی عادت بھی ہونٹوں کی قدرتی چکنائی ختم کرنے کا باعث بنتی ہے۔
اس کے علاوہ تیز دھوپ سے جلد کے ساتھ ہونٹ بھی متاثر ہوتے ہیں۔ وٹامن بی آئرن اور غذا میں فیٹی ایسڈز کی کمی کی وجہ سے بھی ہونٹ خشک ہو کر پھٹنے لگتے ہیں ۔خشک موسم والے علاقوں میں رہنے والوں کے ہونٹ بھی نمی کی کمی کا شکار ہو کر پھٹنے لگتے ہیں۔مردوں میں تمباکو نوشی کے باعث ہونٹوں کا قدرتی تیل ختم ہونے سے ہونٹ پھٹتے ہیں۔

(جاری ہے)


ہونٹوں کی مناسب دیکھ بھال بے حد ضروری ہے پھٹے ہوئے ہونٹ شخصیت کا پورا تاثر خراب کر دیتے ہیں۔

ہونٹوں کو خشکی سے بچانے کے لئے خاص توجہ درکار ہوتی ہے ۔غذا میں وٹامن اے اور بی وافر مقدار میں شامل ہونے چاہئیں۔پانی کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہئے ۔لپ بام اور موئسچرائزر ایسے استعمال کرنے چاہئیں جو ایلوویرا اور وٹامن سے بھرپور ہوں۔سن بلاک والے لپ بام کا استعمال بھی اچھے نتائج دیتا ہے۔
ہونٹوں کو نرم گلابی بنانے کے لئے چند تجاویز:
ہونٹوں کے کنارے اگر کالے پڑ جائیں تو چار حصے ناریل کا تیل اور ایک حصہ لیموں ملا کر باقاعدگی سے ہونٹوں پر لگائیں اس سے ہونٹ نرم گلابی ہو جاتے ہیں۔

شہد میں چینی ملا کر ہونٹوں پر ملیں اور پانچ منٹ بعد دھولیں ۔ہونٹوں کی کھوئی ہوئی شادابی لوٹ سکتی ہے۔
ایک چمچ بالائی میں دو قطرے گلیسرین ملا کر ہونٹوں پر لگانے سے ہونٹ تروتازہ اور چمکدار ہو جاتے ہیں ۔ایک چمچ زیتون کے تیل میں چند قطرے لیموں کا رس ملا کر ہونٹوں پر لگانے سے بھی ہونٹوں کی خشکی دور ہوتی ہے۔
کیلے کے گودے میں شہد ملا کر ہونٹوں پر لگانے سے بھی ہونٹوں کی خشکی زائل ہو جاتی ہے۔

پکے ہوئے پپیتے کا گودا ہونٹوں پر ملنے سے ہونٹوں کے مردہ خلیات ختم ہوتے ہیں اور ان میں قدرتی نمی اور چمک آجاتی ہے۔
ہمیشہ اچھی اور عمدہ معیار کی لپ اسٹک استعمال کریں،لپ اسٹک ہونٹوں کے خم اور بناوٹ کو اجاگر کرکے انہیں مزید پرکشش بناتی ہے۔
لپ اسٹک لگانے سے پہلے ہونٹوں پر تھوڑا سا پاؤڈر یا فاؤنڈیشن لگا لیں پھر لپ پینسل سے آؤٹ لائن بنا کر لپ اسٹک لگائیں اسے ٹشو سے صاف کر دیں اورایک کوٹ اور لگائیں اس سے لپ اسٹک دیر تک برقرار رہے گی۔

لپ اسٹک کے شیڈ کا ہمیشہ جلد کے مطابق انتخاب کریں۔مثلاً جن خواتین کا رنگ پھیکا ہے وہ گلابیPaleرنگوں کی لپ اسٹک لگانے سے دلکش نہیں لگ سکتیں کھلی ہوئی رنگت پر آتشی گلابی شیڈ انتہائی دلکش معلوم ہوتا ہے۔
غلط شیڈ کا استعمال بعض اوقات مسائل پیدا کر دیتا ہے اس کا درست حل یہ ہے کہ جب آپ لپ اسٹک خریدیں تو ہونٹوں پر لگا کر آئینے میں چیک کریں کہ منتخب شیڈ آپ کی جلد سے مطابقت رکھتا ہے کہ نہیں۔دن کے لئے ہمیشہ نیچرل شیڈز کا استعمال کریں۔
میک اپ کرتے ہوئے اگر آنکھیں بھاری میک اپ سے سجی ہوں تو ہونٹ سوفٹ لگنے چاہئیں۔بصورت دیگر گہر ے شیڈ سے سجے ہونٹوں کے ساتھ آنکھوں کا میک اپ ہلکا ہونا چاہئے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Hontoon Ki Hifazat Kijye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.