Make Up Apni Shakhsiyat Ke Mutabiq Kijye - Article No. 2596

Make Up Apni Shakhsiyat Ke Mutabiq Kijye

میک اپ اپنی شخصیت کے مطابق کیجیے - تحریر نمبر 2596

میک اپ کا بنیادی مقصد خوبصورت نظر آنا اور اپنی شخصیت کو نمایاں کرنا ہوتا ہے

بدھ 19 مئی 2021

عورتوں میں میک اپ (چہرے کی آرائش) کا رواج صدیوں سے تقریباً ہر علاقے میں رہا ہے۔ہر دور کی عورتوں نے اپنے اپنے روایتی طریقوں اور دستیاب اشیاء کی مدد سے میک اپ کیا ہے۔میک اپ کا بنیادی مقصد خوبصورت نظر آنا اور اپنی شخصیت کو نمایاں کرنا ہوتا ہے، لیکن اگر یہی میک اپ بھونڈے پن سے کیا جائے تو شخصیت سنورنے کے بجائے بگڑ جاتی ہے۔یاد رکھیے!ایک خاص قسم کی لپ اسٹک کسی خاتون پر جچ رہی ہے تو ضروری نہیں کہ وہ آپ کے لئے بھی موزوں ہو،بلکہ ہو سکتا ہے وہ لپ اسٹک آپ کے بھونڈے پن کو ظاہر کر رہی ہو، اس لئے یہ ضروری ہے کہ میک اپ کو خوب سمجھ کر اور اپنی شخصیت کے پہلوؤں کا ناقدانہ جائزہ لے کر کیا جائے۔

اپنا جائزہ لیجیے
کیا آپ میک اپ کے لئے ایک ہی طرح کی اشیاء کا استعمال کرتی ہیں اور ہمیشہ ایک ہی طرح کے میک اپ کی خواہش مند ہوتی ہیں؟
کیا آپ میک اپ کے لئے مختلف رنگوں اور طریقوں کے تجربے کرتی ہیں؟
کیا آپ کسی اشیائے حسن بنانے والے ادارے کی کسی ترجمان خاتون کو ڈپارٹمنٹ اسٹور میں اپنا میک اپ کرنے کی اجازت دے دیں گی؟
کیا آپ ایک ہفتے میں تین سے زیادہ مرتبہ بغیر کسی میک اپ کے گھر سے باہر نکلتی ہیں؟
کیا آپ گاہے بگاہے میک اپ سے متعلق مضامین پڑھتی ہیں؟
کیا آپ کاسمیٹکس(آرائش حسن کرنے والی اشیاء)کے اشتہارات سے متاثر ہو کر وہ چیزیں خریدتی ہیں؟
کیا آپ کوئی چیز محض اس کی ظاہری بناوٹ سے متاثر ہو کر خریدتی ہیں یا اس کے بارے میں جانتی ہیں کہ یہ کیسی ہے؟
کیا آپ دن اور رات کے لئے مختلف طرح کے میک اپ کرتی ہیں؟
کیا آپ نے کبھی میک اپ پر ایک وقت میں ہزار روپے سے زیادہ رقم خرچ کی ہے؟
کیا آپ اپنے پرس میں لپ اسٹک کے علاوہ میک اپ کے لئے دوسری اشیاء بھی رکھتی ہیں؟
کیا آپ تقریبات میں یا محفلوں میں بیٹھ کر اپنا میک اپ درست کرتی ہیں؟
کیا آپ تیز سرخ رنگ کی لپ اسٹک یا کوئی اور شوخ رنگ میک اپ میں استعمال کرتی ہیں؟
کیا آپ اپنی سہیلیوں پر میک اپ کے تجربات کرتی ہیں؟
کیا آپ روزانہ مجموعی طور پر اپنے میک اپ پر اوسطاً آدھا گھنٹہ صرف کرتی ہیں۔

(جاری ہے)


کیا آپ نے کبھی ایک وقت میں آنکھوں پر ایک سے زیادہ رنگوں(EYE-SHADOW) کا استعمال کیا ہے؟
کیا آپ ہمیشہ سنگار کی کریم(فاؤنڈیشن)کا استعمال کرتی ہیں؟
کیا آپ اپنے میک اپ کا خیال رکھتی ہیں اور اگر میک اپ خراب ہو جائے تو اس کی جگہ نیا میک اپ کرتی ہیں؟
کیا آپ میک اپ کی اشیاء کو ڈریسنگ ٹیبل پر اور مخصوص برشوں کو گلاسوں میں سجا کر رکھتی ہیں؟
اگر آپ کا شوہر ایسی صورت میں آپ سے ملاقات کرے کہ جب آپ میک اپ نہ کیے ہوئے ہوں تو کیا آپ اس بات کو اپنی تذلیل خیال کریں گی؟
ہو سکتا ہے ان میں سے بہت سے سوالات کے جوابات آپ”ہاں“میں دیں اور کئی ایک کا جواب”نہیں“میں ہو۔
اس کے علاوہ کچھ سوالات غیر متعلق بھی ہو سکتے ہیں،تاہم آپ کو اس سوال نامے سے اس بات کا اندازہ ہو سکتا ہے کہ آپ کس قسم کا میک اپ کرتی ہیں اور اس کے لئے کس قسم کے میک اپ کا سامان خریدتی ہیں۔
اگر دوسرے،پانچویں،نویں اور انیسویں سوال کا جواب”ہاں“میں ہے تو اس کا مطلب ہے کہ آپ ایک مہم جو طبیعت کی مالک ہیں۔ان سوالوں کے جوابات میک اپ میں آپ کی دلچسپی اور اپنی صلاحیت کے اظہار کی خواہش کو ظاہر کرتے ہیں۔

اگر آپ نے پہلے،پانچویں،پندرہویں اور (غالباً) سترہویں سوال کا جواب”ہاں“میں دیا ہے تو آپ کی طبیعت میں کچھ شرمیلا پن ہے۔
اگر آپ پہلے،گیارہویں اوربارہویں اور بیسویں سوال کا جواب”ہاں“میں دیتی ہیں تو گویا آپ میک اپ کے ذریعے اپنے ذاتی پہلوؤں کو لوگوں سے چھپانا چاہ رہی ہیں۔ایسا میک اپ کرنے والی خواتین یہ نہیں جانتیں کہ میک اپ شخصیت کو نمایاں کرتا ہے،نہ کہ اس کے گوشوں کو خفیہ رکھتا ہے۔

اگر آپ کے دوسرے،آٹھویں،چودہویں اور اٹھارہویں سوالوں کا جواب”ہاں“میں دیا ہے تو آپ ان خواتین میں سے ہیں،جو اپنے میک اپ کے ذریعے اپنی ہم جولیوں کو متاثر کرتی ہیں۔ایسی خواتین بااعتماد شخصیت کی مالک ہوتی ہیں۔ایسی بااعتماد شخصیت کی مالک خواتین پر سرخ رنگ کی لپ اسٹک جچتی ہے۔
ایک ماہر حسن خاتون کا کہنا ہے کہ اکثر عورتیں مختلف چیزوں سے متاثر ہوتی ہیں،تاہم جو خواتین میک اپ کرنے کا ذوق رکھتی ہیں،بہت سے رنگ ان کا انتظار کر رہے ہیں۔
بلاشبہ یہ تو آپ کی تخلیقی صلاحیت ہے کہ آپ میک اپ میں نئے تجربے کریں اور بہت سی خواتین ایسی ہیں،جو نئی نئی حسن افزاء اشیاء کی بازار میں آمد پر احتیاط کے ساتھ ان کو آزماتی ہیں۔
لیکن اس بات کا انحصار آپ کے مزاج اور تجربے پر ہے کہ آپ میک اپ کتنی دیر میں اور کس قدر درست اور متوازن کرتی ہیں۔یہی ماہر حسن اپنا تجربہ بیان کرتے ہوئے بتاتی ہیں کہ جب ان کے مزاج میں مہم جوئی شامل ہو تو وہ تیز رنگ استعمال کرتی ہیں اور معتدل مزاج میں سیاہ یا سرمئی رنگ استعمال کرتی ہیں،جب کہ خوشی کی صورت میں وہ نیلے شیڈز کو ترجیح دیتی ہیں۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Make Up Apni Shakhsiyat Ke Mutabiq Kijye" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.