Makeup Kareen Magar Ehtiyat Ke Sath - Article No. 2908

Makeup Kareen Magar Ehtiyat Ke Sath

میک اپ کریں مگر احتیاط کے ساتھ - تحریر نمبر 2908

کچھ خواتین تو میک اپ کرنے میں اتنی ماہر ہو جاتی ہیں کہ انہیں کسی تربیت کی ضرورت نہیں رہتی

پیر 20 جون 2022

راحیلہ مغل
میک اپ کرنا ایک غیر معمولی فن ہے اور زیادہ تر خواتین میک اپ کی دلدادہ ہوتی ہیں چنانچہ فیشن کی مناسبت سے نت نئے تجربات بھی کرتی رہتی ہیں۔کچھ خواتین تو میک اپ کرنے میں اتنی ماہر ہو جاتی ہیں کہ انہیں کسی تربیت کی ضرورت نہیں رہتی۔اسی طرح کچھ خواتین کی معلومات میک اپ کے بارے میں نہ ہونے کے برابر ہوتی ہیں اور وہ میک اپ کرتے وقت توازن نہیں رکھ پاتیں جس سے وہ خوبصورت لگنے کی بجائے بہت بھدی نظر آتی ہیں۔
اس لئے انہیں چاہئے کہ وہ میک اپ کرتے وقت توازن سے کام لیں اور چہرے کے کسی بھی ایک خدوخال کو نمایاں کرنے کی بجائے کوشش میں لگی رہتی ہیں۔
میک اپ کا آغاز فاؤنڈیشن سے کیا جاتا ہے اور اسی پر پورے میک اپ کا انحصار ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رکھیں فاؤنڈیشن کا مقصد آپ کو گورا کرنا نہیں بلکہ یہ آپ کے چہرے کی قدرتی رنگت کو یکساں کرتا ہے اور داغ دھبوں کو چھپاتا ہے لہٰذا اپنی جلد اور رنگت کو مدنظر رکھ کر صحیح فاؤنڈیشن کا انتخاب کریں۔

بعض خواتین فاؤنڈیشن کے بغیر میک اپ کو مکمل تصور نہیں کرتی ہیں،کچھ خواتین آئی میک اپ سے مطمئن ہوتی ہیں اور بعض لپ کلر کے استعمال سے ہی مطمئن نظر آتی ہیں۔ایسی خواتین جو میک اپ کو اپنی شخصیت کو لازمی جز قرار دیتی ہیں اُنہیں علم ہونا چاہئے کہ میک اپ کی اشیاء کو لمبے عرصے تک محفوظ رکھنے کیلئے اور جراثیم سے بچانے کیلئے کیمیائی مادے استعمال کئے جاتے یہ مادے میک اپ کو محفوظ تو رکھتے ہیں لیکن خواتین میں کینسر کے پھیلاؤ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس کے علاوہ خواتین کو ذہنی اور جسمانی بیماریوں میں بھی مبتلا کرتے ہیں۔اس طرح میک اپ کی وجہ سے درد سر،بلند فشار خون،الرجی اور مختلف غیر متوازن رویے سامنے آتے ہیں۔
اس لئے خواتین کو چاہئے کہ بلا ضرورت میک اپ استعمال نہ کریں کیونکہ لپ کلرز میں سیسہ جیسی دھات بھاری مقدار میں استعمال ہوتی ہیں جو اعصابی نظام میں بگاڑ پیدا کرنے کا سبب بنتی ہے۔
اس کے علاوہ لپ کلرز کا استعمال گردوں میں ٹیومر کا سبب بھی بنتا ہے۔
خواتین کو چاہئے کہ میک اپ کو اپنی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنے کے لئے استعمال کریں اور ہر مرتبہ گھر سے نکلتے ہوئے میک اپ کرنے کی بجائے اپنے چہرے کو اتنا صاف ستھرا رکھیں کہ میک اپ کی ضرورت محسوس نہ ہو آج کل مارکیٹ میں معیاری فیس واش،ٹونرز اور کلینرز وغیرہ دستیاب ہیں،انہیں جلد کی حفاظت کیلئے استعمال کریں اور اگر چہرے پہ داغ دھبے ہیں تو ان کا علاج کروائیں،نہ کہ انہیں میک اپ میں چھپائیں اور مہینے میں ایک بار فیشل ضرور کروائیں۔
جہاں تک آنکھوں کے میک اپ کی بات ہے تو آنکھوں کے میک اپ کو مدنظر رکھتے ہوئے کچھ بنیادی چیزوں کو ضرور اپنے ذہن میں رکھیں۔
ایسے شیڈز جن میں بہت زیادہ چمک ہوتی ہے وہ لگانے سے آنکھیں چھوٹی نظر آتی ہیں اور دن کی روشنی میں نیچرل بھی لگتی ہیں۔یاد رکھیں کہ میک اپ رات کو اُتار کر سوئیں۔اکثر دیکھنے میں آتا ہے کہ خواتین کسی پارٹی یا فنکشن سے واپسی پر اپنے چہرے پر کئے ہوئے میک اپ کو صاف نہیں کرتیں جو بعد میں ان کی جلد کیلئے مسائل کا باعث بن جاتا ہے۔
جلد کی قدرتی چمک خراب ہو جاتی ہے اور پھر خواتین معالج کا رُخ کرتی ہیں۔اگر جلد کی دیکھ بھال پہلے ہی کر لی جائے تو جلد کو نقصان پہنچنے سے بچایا جا سکتا ہے۔
جلد کو موسم کے اثرات سے بچانے کے لئے مدافعتی تدابیر کریں اگر جلد خشک ہے تو اس کے لئے معیاری لوشن یا کریم کا انتخاب کریں تاکہ جلد پر جھریاں نہ پڑیں،جلد جواں اور صحت مند رہے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Makeup Kareen Magar Ehtiyat Ke Sath" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.