Munasib Makeup Ka Jadu - Article No. 2755

Munasib Makeup Ka Jadu

مناسب میک اپ کا جادو - تحریر نمبر 2755

انتہائی مناسب میک اپ ہی خوبصورتی اور دلکشی عطا کرتا ہے

بدھ 8 دسمبر 2021

نسرین شاہین
یہ حقیقت ہے کہ خواتین کو سجنے اور بننے سنورنے کا پیدائشی حق حاصل ہے اور وہ ہر موقع پر اپنا یہ حق استعمال کرکے تعریف اور تحسین کی صورت میں داد وصول کرنا بھی جانتی ہیں۔یہ بھی درست ہے کہ دنیا کی ہر عورت خوبصورت،جاذب نظر،پُرکشش اور منفرد دکھائی دینا چاہتی ہے۔ خواتین کی یہ خواہش تو ہمیشہ سے ہے،جس کے لئے وہ لاکھ جتن کرتی نظر آتی ہیں۔

خوبصورتی و رعنائی کے حصول میں کوشاں خواتین کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ فطری خوبصورتی بہت اہم ہوتی ہے اور اصل بھی۔خوش قسمتی سے ہمارے یہاں کی زیادہ تر خواتین فطری طور پر خوبصورت ہوتی ہیں،لیکن جو خواتین اپنی فطری خوبصورتی سے مطمئن نہیں ہوتی یا جو یہ سمجھتی ہیں کہ ان کی خوبصورتی میں ایسی دلکشی و جاذبیت نہیں ہے،جیسی ہونی چاہیے تھی تو پھر وہ میک اپ یا سنگار کا سہارا لیتی ہیں اور اس میں کوئی حرج بھی نہیں ہے کہ خود کو بنایا سنوارا جائے اور اپنے عام حسن کو رعنائی،دلکشی،جاذبیت اور انفرادیت بخشی جائے۔

(جاری ہے)


میک اپ خواتین کو نہ صرف خوبصورت بناتا ہے،بلکہ وہ پہلے سے زیادہ جاذب نظر دکھائی دینے لگتی ہیں،جب کہ دوسری جانب ایسی خواتین بھی ہیں،جو قدرتی حسن کی قائل ہیں۔یہ درست ہے کہ جو حسن سادگی میں ہے،وہ میک اپ کیے ہوئے چہروں کی مصنوعی خوبصورتی میں نہیں ہے،لہٰذا اس سے اجتناب برتیں۔بہت زیادہ میک اپ کیے ہوئے چہرے پُرکشش نہیں ہوتے اور شاید ہی کوئی انھیں پسند کرتا ہو۔
اس نکتے کو دھیان میں رکھتے ہوئے خواتین میک اپ کریں۔
دوسری بات یہ ہے کہ اپنی سنگار میز پر سجی بناؤ سنگار والی اشیاء میں ردو بدل کرتی رہا کریں۔اس کے علاوہ خود اپنا جائزہ بھی لیں کہ آپ میک اپ کے معاملے میں کتنی فضول خرچ واقع ہوئی ہیں۔بعض خواتین کے میک اپ کا سامان نہ صرف غیر معیاری ہوتا ہے،بلکہ بہت زیادہ ہونے کی وجہ سے طویل عرصے تک استعمال ہوتا رہتا ہے۔
اس میں آئی لائنر،پنسل،مسکارا،بلش آن،فاؤنڈیشن اور گہرے اور ہلکے شیڈز کی لپ اسٹکس شامل ہوتی ہیں،جو بہت زیادہ پرانی ہو جائیں تو خراب ہو جاتی ہیں،لہٰذا اپنی سنگار میز پر رکھی سنگار کی اشیاء کا جائزہ لیں،کم مگر معیاری اور صرف ضرورت کی اشیاء رکھیں،باقی ہٹا دیں۔
دفتر میں کام کرنے والی خواتین کو یقینا صبح تیار ہونا پڑتا ہے اور اس تیاری میں میک اپ بھی شامل ہے۔
چند گھنٹوں بعد انھیں دوبارہ میک اپ کرنا پڑتا ہے۔آپ کو اپنے میک اپ کو اُجالنے کا عمل بہت احتیاط سے کرنا چاہیے،یعنی پہلے سے کیے ہوئے میک اپ کو سنوارنے کا عمل،لیکن اگر آپ کو ہر ایک دو گھنٹے بعد اپنے میک اپ کو تازہ کرنے کی ضرورت پیش آتی رہے تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ آپ میک اپ کا استعمال بہت زیادہ کرنے لگی ہیں،خاص طور پر آنکھوں کے اردگرد مسکارے کا استعمال وغیر۔

اکثر خواتین صبح میک اپ کرنے کے بعد دن بھر میں صرف ایک یا دو بار میک اپ کو تازہ کرتی ہیں،یعنی انھیں میک اپ کرنے کی زیادہ ضرورت نہیں پڑتی،اس لئے آپ اپنا جائزہ لیں کہ آپ کتنا میک اپ کرتی ہیں۔آپ اپنی انگلیوں کے پوروں سے اپنے چہرے کو چھوتی ہیں تو پوروں پر میک اپ کے نشانات آ جاتے ہیں تو یہ میک اپ کی زیادتی کی علامت ہے۔فاؤنڈیشن لگانے کا یہ مطلب نہیں ہے کہ اس کے نشانات جگہ جگہ دکھائی دیں۔
اسی طرح آپ جب اپنے گالوں اور اپنی آنکھوں کو چھوتی ہیں تو آپ کی انگلیوں سے اندازہ ہو جاتا ہے کہ آپ نے بہت زیادہ مسکارا استعمال کر لیا ہے۔کہنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے چہرے پر میک اپ زیادہ نہیں تھوپیں،بلکہ اسے اعتدال سے استعمال کریں۔اگر ایسا ہے تو یہ صورتِ حال مناسب ہے۔اسے جانچنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ چہرے کو چھونے سے اگر ہلکی سی چکنائی کا احساس ہو تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کا میک اپ بالکل مناسب ہے۔

دراصل میک اپ چہرے کے خدوخال کو نمایاں اور خوبصورت بنانے کے لئے ہوتا ہے،نہ کہ اس لئے کہ وہ آپ کے چہرے پر منفی اثرات مرتب کرکے چہرے کو بے رونق اور بھدا بنا دے۔ضرورت سے زیادہ میک اپ کا یہی اثر پڑتا ہے،جس کے باعث چہرے کی فطری کشش و دلکشی ختم ہو کر رہ جاتی ہے۔اس کے لئے ضروری ہے کہ کسی بھی مصنوعات کو بہت زیادہ استعمال نہ کیا جائے،جیسے مسکارا وغیرہ۔
اگر آپ نے اسے ضرورت سے زیادہ استعمال کر لیا تو یہ آپ کے باقی میک اپ کو بھی برباد کرکے رکھ دے گا۔بہت زیادہ مسکارا چہرے کو مصنوعی تاثر دیتا ہے اور یہ اس وقت اور زیادہ خراب لگتا ہے،جب آپ باریک آئی لائنر یا بلیو آئی شیڈز کا استعمال کرتی ہیں۔فاؤنڈیشن بھی جلد کی مناسبت سے ہونا چاہیے،فاؤنڈیشن کا مطلب جلد کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اسے ہموار کرنا بھی ہے۔

اگر آپ اپنے ہونٹوں کے کناروں کو واضح کرنے کے لئے لپ لائنر استعمال کر رہی ہیں تو آپ کو چاہیے کہ اسے پورے ہونٹوں پر استعمال کریں۔آؤٹ لائن بنانے کے بعد جب آپ لپ اسٹک لگائیں گی تو یہ بہت دیر تک آپ کے ہونٹوں پر برقرار رہے گی اور یہ بھی خیال رکھیں کہ لپ لائنر واضح دکھائی نہ دے۔اس کے ساتھ ہی ہونٹوں کا رنگ بھی بقیہ جلد کی رنگت کے ساتھ میل کھاتا ہوا ہو۔
اگر آپ کی جلد کی رنگت ہلکی ہے تو ہلکے رنگ استعمال کریں اور اگر گہری ہے تو گہرا رنگ استعمال کریں۔اپنے ہونٹوں کو چھوٹا دکھانے کے لئے لپ لائنر کا استعمال اوپری ہونٹوں پر نہیں،بلکہ اندر کے حصے پر کریں۔یہ طریقہ فطری معلوم ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ میک اپ کو موقع،موسم اور تقریب وغیرہ کی مناسبت سے کرنا چاہیے۔اسی طرح میک اپ کے لئے اوقات کی اہمیت بھی ہے، جیسے دن کے وقت چونکہ تیز روشنی ہوتی ہے،اس لئے ہلکے قسم کا میک اپ کرنا چاہیے،جب کہ شام کے وقت جب آپ باہر جا رہی ہوں تو اس وقت میک اپ قدرے گہرا ہونا چاہیے۔
میک اپ کی ابتداء آپ فاؤنڈیشن سے کر سکتی ہیں،اس کے بعد مسکارا اور آئی لائنر،پھر بلش آن اور لپ اسٹک لگائیں۔میک اپ آہستہ آہستہ شروع کریں۔میک اپ مکمل کرنے کے بعد آئینے کے سامنے کھڑی ہو کر اپنا جائزہ لیں۔ آپ کو اپنا میک اپ فطری نظر آنا چاہیے۔میک اپ میں ایسے رنگوں کے استعمال سے اجتناب کریں،جو ایک دوسرے کی ضد ہوں۔میک اپ کا اصل مقصد تو یہ ہے کہ آپ بہت سادہ،باوقار مگر دلکش و جاذب نظر دکھائی دیں۔

اگر آپ کی جلد گہرے رنگ کی ہے اور آپ کے بالوں کا رنگ بھی ویسا ہی ہے تو بہتر یہی ہے کہ آپ گہرے شیڈز استعمال کریں،مثلاً براؤن اور میرون (Maroon) رنگ کے شیڈز،کیونکہ ہلکے رنگ سے آپ کا مجموعی تاثر زائل ہو جائے گا۔اسی طرح اگر آپ کے بال اور جلد ہلکے رنگ کے ہیں تو اسی مناسبت سے ہلکے رنگ استعمال کریں۔گہرے رنگ سے آپ کا چہرہ سخت اور عمر رسیدہ دکھائی دے سکتا ہے۔
آپ کے بالوں اور جلد کی رنگت میں مماثلت ہونی چاہیے۔آپ کے بال اگر سیاہ ہیں تو پھر آپ ایسے رنگ استعمال کریں،جو ان سے مطابقت رکھتے ہوں۔کہنے کا مطلب یہ ہے کہ آپ اپنے چہرے پر میک اپ اس طرح کریں کہ وہ آپ کی جلد کا حصہ معلوم ہو،یہ احساس نہ ہو کہ آپ نے میک اپ تھوپا ہوا ہے۔انتہائی مناسب میک اپ ہی خوبصورتی اور دلکشی عطا کرتا ہے۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Munasib Makeup Ka Jadu" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.