Mustaqil Make Up Har Roz Barwaqat Khubsorat Nazar Anay Ka Tasawur - Article No. 2013

Mustaqil Make Up Har Roz Barwaqat Khubsorat Nazar Anay Ka Tasawur

مستقل میک اپ․․․ہر روز ،بروقت خوبصورت نظر آنے کا تصور - تحریر نمبر 2013

میک اپ کی جدید تکمیل جسے پاکستان میں بھی مقبولیت مل رہی ہے ایک مستند اور پیشہ ورانہ بنیادوں پر مستقل میک اپ کی ماہر ثمینہ ،بلگرامی نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ” خواتین اس تکنیک کو کثیر تعداد میں اپنا رہی ہیں کیونکہ

بدھ 20 مارچ 2019

میک اپ کی جدید تکمیل جسے پاکستان میں بھی مقبولیت مل رہی ہے
ایک مستند اور پیشہ ورانہ بنیادوں پر مستقل میک اپ کی ماہر ثمینہ ،بلگرامی نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ”
خواتین اس تکنیک کو کثیر تعداد میں اپنا رہی ہیں کیونکہ یہ طریقہ نہایت سہل ہے ۔میک اپ کا یہ انداز دن بدن مقبولیت پاتا جارہا ہے اور ہر عمر کی خواتین کی جانب سے اسے پذیرائی مل رہی ہے ۔

ہم میں سے اکثر خواتین مصروف زندگی گزار رہی ہیں جن کے لئے گھنٹوں آئینے کے سامنے کھڑے ہو کر میک اپ کرنا ممکن نہیں ۔ایسی صورتحال میں اگر صبح بیدار ہوتے ہی آپ کا چہرہ آفس یا یونیورسٹی جانے کے لئے تیار ملے تو اس سے بہتر اور کیا بات ہو گی ۔اس سے آپ کا چہرہ ہر دم تروتازہ اور دلکش نظر آتا ہے ۔“
Amethyst Spaکی روح رواں اور مستقل میک اپ کی ماہر روہی سعید نے بتایا کہ ”گزشتہ دو سالوں میں Tattooing Cosmeticانتہائی مقبول ہوتی جارہی ہے اور زیادہ تر کلائنٹس 40سے 50سال تک کی عمر کے درمیان ہوتی ہیں ۔

(جاری ہے)

مستقل میک اپ کا نام سنتے ذہن میں پہلا خیال یہی آتا ہے کہ کہیں چہرہ بدنمانہ لگے ۔تاہم 90'sاور2000'sکی دہائی میں Cosmetic Tattooing کے شعبے میں بھی خاصی جدت اور بہتری دیکھنے میں آئی ہے ۔
کاربن پر مشتمل رنگوں کا استعمال اب نہیں کیا جارہا ہے ۔اس کے لئے ایسے وقتی رنگوں کا استعمال کرتے ہیں جو خصوصاً چہرے کے لئے تشکیل دےئے گئے ہیں ۔یہ رنگ خاصی وسیع رینج میں دستیاب ہیں جس کی بدولت آرٹسٹس مختلف رنگوں کو ملا کر کلائنٹس کی مرضی کے مطابق رنگ تیار کرتے ہیں۔
ان رنگوں کو سوئیوں یا ٹیٹو مشین کی مدد سے استعمال کیا جاتا ہے ۔بھنوں کے لئے Microbladingکا طریقہ کار بھی استعمال کیا جاتا ہے جس میں آلے کی مدد سے چھوٹے چھوٹے اسٹروکس کے ذریعے یہ کام سر انجام دیا جاتا ہے ۔Tattoingمیں روایتی ٹیٹو سے مختلف سیاہی استعمال کی جاتی ہے جو کے تین سے چار سال کے عرصے بعد مدھم ہو جاتی ہے ۔
یہ تکنیک ان خواتین کے لئے مثالی ہے جن کے ہونٹ اور بھنویں کی رنگت خود بخود قدرتی طور پر پھیکی پڑگئی ہے یا بڑھتی عمر ،جلدی مرض Alopeciaیا کسی اور بیماری(کینسر کے دوران ہونے والی ٹریٹمنٹ )
کے سبب کسی مسئلے سے دو چار ہوں اور اس کے حل کے لئے حقیقت سے قریب تر طریقہ اپنا نا چاہتی ہوں ۔
ماہر حسن ثمینہ بلگرامی کے مطابق”Cosmetic Tattooingمیں سب سے زیادہ بھنوؤں اور ہونٹوں کی رنگت گہری کروانے کے لئے خواتین آتی ہیں ۔کیونکہ یہ اینٹی ایجنگ کے طور پر بھی انتہائی موٴثر ہے ۔مثال کے طور پر ایسے افراد جنہیں گرتے بالوں کا مسئلہ درپیش ہو وہ بھنوؤں کی سیاہی کے ذریعے اپنی لک کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
تحقیقی حوالہ
گوکہ یہ کاسمیٹک کی دنیا میں ابھرتا ہورجحان ہے تاہم مستقل میک اپ کا نظریہ 1920ء کی دہائی سے موجود ہے جس میں رخساروں اور ہونٹوں کو مستقل رنگ کے ذریعے مزید پر کشش بنانے کا فیشن زور پکڑتا گیا جس کی مقبولیت لندن اور امریکہ تک جا پہنچی۔
یہ سیلونز روایتی ٹیٹو کے معاوضے میں مستقل میک اپ کے ذریعے رخساروں اور ہونٹوں کو گلابی رنگت دیتے تھے۔25جنوری1920ء کے واشنگٹن پوسٹ میں مستقل میک اپ سے متعلق شائع ہونے والے آرٹیکل کے مطابق مستقل میک اپ بجلی کے ذریعے حسن وزیبائش کا نیا اور منفرد طریقہ ہے۔
ٹیٹو ئنگ مشین کے ذریعے مختلف رنگ جلد کے اندر شامل کئے جاتے ہیں جس سے آپ کے رخساروں کو گلابی رنگت ملتی ہے جو نہ منہ دھونے سے صاف ہوتی ہے اور نہ ماند پڑتی ہے ۔
تقریباً ایک صدی کے بعد مستقل میک اپ کا رجحان ایک بار پھر عروج پر ہے جس میں نت نئی تکنیکیں متعارف کروائی جاتی رہتی ہیں جس کی بدولت چہرہ ہر پل دلکش نظر آتا ہے پھر خواہ آپ گھر یلو خاتون ہوں یا بر سر روز گار ۔تاہم ہونٹوں کی گلابی رنگت یا گہرے رنگ کی بھنوؤں کا حصول کم قیمت ہر گز نہیں ۔ثمینہ کے مطابق بھنوؤں پر تقریباً45000سے 65000روپے جبکہ ہونٹوں پر 60000سے 65000 روپے تک کی لاگت آتی ہے ۔
تاہم اس میک اپ کو ہر تین سے چار سال کے عرصے کے بعد درست کروانا پڑتا ہے ۔البتہ اکثر خواتین کی رائے میں یہ گھاٹے کا سودا نہیں ۔
حقائق اور احتیاطی تدابیر
اس کا طریقہ انتہائی آسان ہے ۔مستقل میک اپ آرٹسٹ آپ کی رنگت کے مطابق رنگوں کا انتخاب کرتے ہیں ۔مثال کے طور پر اگر بھنوؤں کی بات کی جائے توا ن کا رنگ آپ کے بالوں کی رنگت سے مطابقت رکھتا ہو ۔
اس کے بعد جلد کو سن کر دیا جاتا ہے اور سوئیوں کی مدد سے میک اپ کیا جاتا ہے ۔اس کے لئے میک اپ آرٹسٹ سے پہلی ملاقات ہی کافی نہیں ہوتی۔بلکہ چار سے چھ ہفتوں کے وقفے سے آپ کو ایک بار پھر سیلون جانا ہو گا تاکہ پہلی بار میں رہ جانے والی جگہوں کو ہموار انداز سے مکمل پر کیا جا سکے تو اگر پہلی مرتبہ کے کام سے آپ مطمئن نہیں تو پریشانی کی کوئی بات نہیں کیونکہ آپ کے تمام تر تحفظات کو دوسری مرتبہ کی نشست میں دور کر دیا جائے گا۔

میک اپ سے قبل جلد کو سن کرنے کے لئے مخصوص کریموں کا استعمال کیا جاتا ہے تا کہ سوئیوں کے استعمال سے کسی بھی قسم کی تکلیف اور جلن سے بچا جا سکے۔سیلون کا انتخاب کرتے وقت اچھی طرح جانچ پڑتال کرلیں کہ آیا کاسمیٹک آرٹسٹ مستند ہے یا نہیں ؟سیلون کلینک میں صفائی ستھرائی کا کس حد تک خیال رکھا جاتا ہے ؟ثمینہ نے مزید بتایا کہ ”میں کبھی بھی اس کام کے لئے سیلون اس وقت تک تجویز نہیں کرتی جبکہ مجھے اس سیلون کی صفائی ستھرائی کے معیار پر اعتمادنہ ہویہی وجہ ہے کہ اس کام کے لئے میں ہمیشہ کلینک کا ہی انتخاب کرتی ہوں ۔
“انفیکشن کے خطرے کو ہر گز نظر انداز نہ کریں ۔بعض اوقات رنگوں میں ایسے اجزاء موجود ہوتے ہیں جو الرجی یا انفیکشن کا باعث ہو سکتے ہیں اس لئے بہتر ہے میک اپ سے قبل اچھی طرح چھان بین کرلی جائے ۔
ٹیٹو کی جگہ اور اطراف کے ماحول کی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھیں ۔اس بات کو بھی یقینی بنائیں کہ آپ اور آپ کے آرٹسٹ متفقہ رائے رکھتے ہوں ۔
کیا آپ اپنی بھنوؤں کے شیپ سے مطمئن ہیں ؟کیا آپ اپنے ہونٹوں کے لئے اسی رنگ کی خواہاں تھیں کیونکہ اگلے چند سالوں کے لئے یہ رنگت اور شیپ نہ ہی ختم ہو گا اور نہ ہی مدھم ہو گا اس لئے احتیاط لازم ہے ۔ا س عمل کے بعد ممکن ہے کہ آپ کو کچھ عرصہ ہلکی پھلکی تکلیف کا سامنا کرنا پڑے ۔آپ کی جلد کی اوپری پرت بھی زائل ہو گی ۔دو سے تین دن تک خیال رہے کہ آپ کے چہرے پر نہ تو پانی کا کوئی استعمال ہو اور نہ ہی پسینہ آئے ۔آپ کی جلد کو روٹین پہ آنے میں تھوڑا وقت درکار ہو گا اس لئے بہترہے اس دوران کوئی بیرونی کام یا دعوت وغیرہ نہ رکھیں۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Mustaqil Make Up Har Roz Barwaqat Khubsorat Nazar Anay Ka Tasawur" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.