Teri Aankhon Ka Yeh Kajal - Article No. 2775

Teri Aankhon Ka Yeh Kajal

تیری آنکھوں کا یہ کاجل - تحریر نمبر 2775

سرمہ لگانے کی روایت مشرق میں صدیوں پرانی ہے

جمعہ 31 دسمبر 2021

آمنہ ماہم
چہرے کے خدوخال میں آنکھیں مرکزی حیثیت رکھتی ہیں،کچھ سمجھدار لوگ کیا خوب کہتے ہیں کہ آنکھیں دل کا آئینہ ہوتی ہیں۔شاعروں نے آنکھوں کی تشبیہات دیتے ہوئے بڑی فراخدلی کا ثبوت دیا ہے،کبھی غزالاں سے ملایا تو انہیں چشم غزالی کہہ دیا،کبھی ستاروں سے مشابہہ قرار دیا تو ستارہ سی آنکھیں کہہ دیا۔اسی طرح کاجل بھری آنکھوں کے حسن پر بھی چشم سرمہ سا اور سرمگیں آنکھوں کا خطاب دیا۔
آنکھوں کو رعنائی بخشتا،جاذب نظر،دلکش،شفاف اور خوشنما بناتا کاجل اکیسویں صدی میں ہی نہیں بلکہ ہر زمانے میں خواتین کا انتخاب رہا ہے۔آنکھوں میں کاجل کے ذریعے موٹی دھاریاں یا لکیریں انہیں مزید نمایاں کرتی ہیں۔قدیم تہذیبوں میں اس کا ذکر ملنے کے باعث وہاں سے بھی کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)


بالی ووڈ ہو یا لالی ووڈ،ماضی ہو یا حال کاجل کا استعمال ہیروئنوں میں بھی دیکھا گیا ہے۔

اس کی اہمیت اس وقت زیادہ بڑھ جاتی ہے جب خواتین کے حسن کے لئے مختص سولہ سنگھار میں بھی آنکھ کا کاجل دیکھنے کو ملتا ہے یہی وجہ ہے کہ عرصہ دراز سے کاجل خواتین میں مقبول رہا ہے یہ آنکھوں کو شفاف رکھنے،جاذب نظر اور پُرکشش بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔کاجل نہ صرف قدرتی حسن یا آنکھوں کی خوبصورتی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے بلکہ مختلف امراض کے علاج کے لئے بھی ضروری سمجھا جاتا ہے۔

جہاں کاجل اتنا اہم ہے وہیں اکثر لوگ اس کے استعمال سے کتراتے نظر آتے ہیں ان کے مطابق کاجل کا زیادہ استعمال آنکھوں کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے۔لیکن یہ تاثر غلط ہے کیونکہ اگر آپ مارکیٹ میں موجود مختلف برانڈز میں سے معیاری کاجل کی پہچان رکھتے ہیں تو کاجل ضرور لگائیں۔غیر معیاری اور سستا کاجل قطعاً استعمال نہیں کرنا چاہئے کیونکہ اس سے آئی انفیکشن کا خطرہ رہتا ہے۔
ماہرین کاجل لگانے سے پہلے مختلف قسم کی ہدایات دیتے نظر آتے ہیں ان کا کہنا ہے کہ کاجل لگانے سے قبل آنکھوں کو ٹھنڈے پانی سے دھویا جائے تاکہ پلکوں اور آنکھوں کے اطراف گرد صاف ہو جائے گا آنکھوں کے اطراف جلد خشک ہے تو آپ موئسچرائزنگ لوشن لگائیں یا اس لوشن کا آنکھوں کے اطراف ہلکا مساج کریں۔اس کے برخلاف آپ کی جلد روغنی ہے تو اس شکایت کو دور کرنے کیلئے پاؤڈر بھی استعمال کر سکتی ہیں۔

دوسری جانب ماہرین چشم سستے کاجل کی خریداری سے بھی منع کرتے نظر آتے ہیں ان کے مطابق سستے کاجل عموماً لیڈ سلفائیڈ سے تیار کیے جاتے ہیں جو آپ کی آنکھوں کو کجرارا تو بنا سکتا ہے لیکن اس کا مستقل استعمال آنکھوں کے لئے سخت نقصان دہ بھی ثابت ہو سکتا ہے اس لئے ضروری ہے کہ کاجل ہمیشہ معیاری استعمال کریں اس کے ذریعے آنکھیں نرم تاثر دیں گی بلکہ چہرہ بھی خوشنما دکھائی دینے لگے گا تاہم اگر آپ کاجل سازی کے طریقہ سے واقف نہیں ہیں تو کاجل لگانے کا منصوبہ ترک کر دیں۔
ماضی میں گھر کی ضعیف العمر خواتین نیم‘لہسن سے کاجل تیار کرنے کا فن جانا کرتی تھیں جو آنکھوں کے لئے مناسب سمجھا جاتا تھا کیونکہ نیم کے پھولوں سے تیار کردہ کاجل آنکھوں کی صحت کیلئے فائدہ مند تسلیم کیا جاتا ہے۔اگر آپ کاجل سازی کے طریقہ سے واقف نہیں ہیں تو یہ خیال ترک کر دیں۔آج کل خواتین میں مختلف قسم کے آئی میک اپ کا استعمال بہت مقبول ہو رہا ہے اور ان کی خوبصورتی بڑھانے کے لئے نت نئے میک اپ ٹولز اور مصنوعات مارکیٹ میں موجود ہوتی ہیں جن کے باعث اکثر خواتین کی آنکھوں کی خوبصورتی ماند پڑتی جاتی ہے لیکن کیا آپ جانتی ہیں کاجل کے ذریعے بھی آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکتا ہے چونکہ آج کل لائٹ میک اپ کا رواج عام ہے۔
لڑکیاں لائٹ میک اپ کے ساتھ کاجل کو اس انداز سے لگاتی ہیں کہ ان کا میک اپ ایک دم نمایاں نظر آتا ہے۔آئیے پھر آج بات کرتے ہیں میک اپ کے ان اسٹائل پر جن کے ذریعے آنکھوں کی خوبصورتی میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
بیسک کاجل اسٹائل
کاجل کا وہ اسٹائل جس میں اوپر اور نیچے ایک ہی گولائی یا لکیر میں کاجل لگایا جائے تو اس اسٹائل کو بیسک کاجل اسٹائل کہا جاتا ہے۔
اگر آپ جلدی کسی تقریب میں جانا چاہتی ہیں تو بیسک کاجل اسٹائل لگائیں یہ باآسانی دو منٹ میں آپ کی آنکھوں کی خوبصورتی میں اضافہ کر دے گا۔
اپر لیش لائن کاجل اسٹائل
اگر آپ کسی عام تقریب میں جا رہی ہیں اپرلیش لائن کاجل اسٹائل آپ کے لئے بہترین ہے۔لیئن لائن کاجل استعمال کرنے کے لئے آنکھ کے اوپری حصے پر کاجل لگائیں اور نچلے حصے کو یونہی چھوڑ دیں یہ اسٹائل آپ کی آنکھوں کی انفرادیت میں اضافہ کرے گا۔

لوئر لیش اسٹائل کاجل
اگر آپ زیادہ میک اپ نہیں کرنا چاہتیں تو اس اسٹائل کے ساتھ آپ اپنی یہ خواہش بخوبی پوری کر سکتی ہیں۔لوئر لیش اسٹائل میں آنکھ کے صرف نچلے حصے پر کاجل لگایا جاتا ہے اور پپوٹوں کو خالی چھوڑا جاتا ہے یہ شوخ اسٹائل اس وقت اپنایا جاتا ہے جب آپ بھرپور میک اپ نہیں کرنا چاہتیں آپ اس اسٹائل کے لائنر کو رات کی تقریب میں لگا کر جائیں تو لوگ داد دیئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔

اسموکی آئی اسٹائل کاجل
اگر آپ اسموکی آئی اسٹائل کاجل لگانا چاہتے ہیں تو آنکھوں کی لیش لائن پر کاجل لگائیں کچھ دیر تھوڑی سی مقدار میں پٹرولیم جیلی لے کر آنکھوں کو ہلکے ہاتھ سے رگڑیں جس سے کاجل اسموکی اسٹائل کا لُک دے گا۔
قدیم مصری اسٹائل
مصری کہتے تھے کہ کاجل ان کی آنکھوں کو سورج کی شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے لہٰذا وہ بڑے اہتمام کے ساتھ کاجل تیار کرتے۔
اسے لگانے کا طریقہ کچھ یوں ہے۔آنکھوں پر کوئی آئی شیڈو،پلکوں کی جڑوں سے لے کر بھنوؤں کی ہڈی تک لگائیں۔اس کے بعد بلیک آئی لائنر سے پپوٹے کے اوپر نفاست کے ساتھ ایک موٹی لائن بنائیں۔اب آنکھ کے نچلے سرے پر اسی طرح موٹی لائن بنائیں۔لائن کا آغاز اپنی آنکھ کے بیرونی کنارے سے کریں۔
قدیم اسموکی اسٹائل
اس قدرے جدید انداز سے آپ کی آنکھیں مزید کشادہ واضح اور متاثر کن دکھائی دیں گی۔
جدت ہی اس اسٹائل کا خاصہ ہے لہٰذا آپ بغیر ہچکچاہٹ کے اسے کسی بھی موقع پر آزما سکتی ہیں۔اس کے لگانے کا طریقہ کچھ یوں ہے۔پپوٹے کے اوپر سیاہ سرمئی آئی شیڈو اچھی طرح پھیلا لیں۔پھر آنکھ کے نچلے حصے پر اسموکی تاثر پیدا کرنے کے لئے آئی پنسل کی مدد سے نفاست کے ساتھ ایک باریک سی لائن بنائیں۔ اس کے بعد کسی گہرے رنگ کا آئی شیڈو کے نیچے بلینڈ کر دیں۔
اس تاثر کی فنشنگ سیاہ مسکارے کے دو کوٹس یا تہیں لگا کر کریں۔دراصل کاجل اور سرمہ لگانے کی روایت مشرق میں صدیوں سے چلی آ رہی ہے۔اہل مغرب تو بہت بعد میں اس فن سے متعارف ہوئے۔ کہا جاتا ہے کہ قدیم مصریوں نے سب سے پہلے کاجل اور سرمہ ایجاد کیا۔ان کا یہ سرمہ مختلف دھاتوں کا مرکب ہوا کرتا تھا۔مصر کی قلوپطرہ کے حسن اور اس کے سنگھار کی شہرت برسوں گزر جانے کے بعد بھی آج سارے عالم میں ہے۔قلوپطرہ کے سنگھار میں اس کا کاجل سب سے نمایاں تھا جسے ایک مخصوص انداز سے لگایا جاتا تھا۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Teri Aankhon Ka Yeh Kajal" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.