Working Women Ke Liye MakeUp Tricks - Article No. 2616

Working Women Ke Liye MakeUp Tricks

ورکنگ ویمن کے لئے میک اپ ٹرکس - تحریر نمبر 2616

میک اپ کرنے کے بعد آفس چلے جانا،عام طور پر یہ سب ورکنگ ویمن کے لئے یہ ایک خواب کی مانند ہی ہوتا ہے

پیر 14 جون 2021

راحیلہ مغل
صبح الارم بجنے سے پہلے ہی اُٹھ جانا،میگزین ہاتھ میں لیے پُرسکون انداز میں چائے سے لطف اندوز ہونا اور کم از کم آدھا سے ایک گھنٹہ ماہرانہ انداز میں میک اپ کرنے کے بعد آفس چلے جانا،عام طور پر یہ سب ورکنگ ویمن کے لئے یہ ایک خواب کی مانند ہی ہوتا ہے۔ روزمرہ مصروفیات میں اگر نیند پوری نہ ہو تو ورکنگ ویمن کے لئے صبح کا اتنا خوبصورت اور پُرسکون آغاز مشکل ہی نظر آتا ہے، کیونکہ حقیقت میں ورکنگ ویمن کی صبح الارم کی پہلی یا دوسری نہیں بلکہ تیسری،چوتھی یا بعض اوقات پانچویں بیل پر ہوتی ہے۔
دیر سے اُٹھنے کے باعث ہڑبڑاہٹ میں کیا گیا میک اپ اور چائے یا کافی کے چند گھونٹ پی کر دفتر جانا ورکنگ ویمن کی اکثریت کا معمول ہوتا ہے۔خواتین دفتر جاتے ہوئے گاڑی میں بیٹھ کر میک اپ درست کرتی ہیں اور انھیں ہر بار یہی بات ستاتی ہے کہ اگر جلدی اُٹھتی تو اچھے طریقے سے تیاری کر پاتی۔

(جاری ہے)

وقت کی قدر و قیمت کے بجائے آج ہم بات کریں گے ان میک اپ ٹرکس کی،جو آپ کو میک اپ کا ٹائم نہ ہوتے ہوئے بھی خوبصورت دکھا سکتی ہیں،تو آئیے جانتے ہیں کہ یہ کیسے ممکن ہے۔


جلد کو تیار کریں
ایک پرفیکٹ لُک کے لئے جو چیز سب سے زیادہ اہمیت رکھتی ہے،وہ یہ کہ آپ اپنی جلد کو میک اپ کے لئے کیسے تیار کرتی ہیں۔اگر آپ کی جلد چکنی ہے اور آپ کے پاس صبح کلینزنگ کرنے کا وقت نہیں تو صبح گھر سے نکلنے سے پہلے پرائمر کی تھوڑی سی مقدار چہرے پر لگا لیں اور کلینزنگ وائپس اپنے پرس میں رکھیں۔پھر چاہے آپ فلائٹ میں ہوں یا دفتر میں،یہ پرائمر آپ کی جلد کو صاف ستھرا اور جراثیم سے پاک رکھنے میں مدد فراہم کرے گا۔
بازار میں موئسچرائزر اور لوشن کی بھرمار ہے مگر آپ معیاری موئسچرائزر کا انتخاب کریں۔موئسچرائزر کا کام چہرے کی جلد کو نرم اور ملائم رکھنا ہوتا ہے،جسے فاؤنڈیشن اور بیس سے قبل لگایا جاتا ہے۔گویا یہ جلد اور باہر کے گرد و غبار کے درمیان ایک دیوار کی طرح کام کرتا ہے۔
اسفنج یا فاؤنڈیشن برش
آپ کے ڈریسنگ روم میں یا ڈریسنگ ٹیبل پر فاؤنڈیشن اپلائی کرنے کے لئے بیشتر برش موجود ہوں گے یا پھر ہو سکتا ہے آپ ہاتھوں سے فاؤنڈیشن لگانے کے ماہرانہ انداز سے بھی واقف ہوں لیکن اگر وقت کم ہو تو فاؤنڈیشن برش یا انگلیوں سے لگانے کے بجائے فاؤنڈیشن اسفنج کا استعمال کریں۔

فاؤنڈیشن،کنسیلر اور ہائی لائٹر
آپ کی ہینڈ بیگ میک اپ کٹ آپ کی ڈریسنگ ٹیبل کٹ سے قدرے مختلف کومبو اسٹائل میں ہونی چاہیے۔خواتین عام طور پر پرس میں رکھنے کے لئے فاؤنڈیشن اور کنسیلر کے کومبو کا انتخاب کرتی ہیں،تاہم اس کے ساتھ آپ ہائی لائٹر کا انتخاب لازمی کریں۔ہائی لائٹر سے سیکنڈوں میں بھنوؤں کی ہڈی،رخساروں اور آنکھوں کے اندرونی گوشوں کو ہائی لائٹ یا نمایاں کیا جاتا ہے،پھر کوئی وجہ نہیں کہ آپ کی آنکھیں بڑی نہ دکھائی دیں۔
ہینڈ بیگ کٹ کے لئے ہائی لائٹر برش کا استعمال مناسب نہیں،پاؤڈر ہائی لائٹر ہاتھ کی انگلیوں سے بھی خوبصورت انداز میں اپلائی کیا جا سکتا ہے۔
کنٹو رنگ
صبح سے لے کر ایک طویل دن کے اختتام تک فریش اور ایکٹو نظر آنے کے لئے کنٹو رنگ پر بھی توجہ دیں۔اس سے چہرہ پُرکشش بن جاتا ہے۔ریڈ کارپیٹ کی تقریبات میں بہت سی مشہور شخصیات کی خوبصورتی کا بھی یہی راز ہوتا ہے۔
کنٹو رنگ کیلئے کنٹو رنگ اسٹک اور پاؤڈر کا استعمال کیا جاتا ہے۔ہینڈ بیگ میک اپ کٹ کے لئے چونکہ فاؤنڈیشن اسٹک ایک یا دو گہرے یا ہلکے شیڈ کے ساتھ ہی استعمال کی جاتی ہے،اس لئے ان شیڈز کو آپ کی اسکن ٹون کی مناسبت سے منتخب کی گئی کنٹو رنگ اسٹک کے ساتھ بلینڈ کیا جا سکتا ہے۔چہرے کو پتلا اور لمبا ظاہر کرنے کیلئے رخساروں سے لے کر Line Jaw کی طرف دو لائنیں لگائیں،پھر اسے اس طرح جذب کریں کہ فیس بیس کے ساتھ مکس بھی نہ ہو اور زیادہ نمایاں بھی نہ لگے۔
اگر کسی کی ناک موٹی ہو تو وہ کنٹو رنگ لازمی کرے تاکہ ناک پتلی اور لمبی نظر آئے ،کنٹو رنگ کے ذریعے ڈبل چن کو بھی چھپایا جا سکتا ہے۔
کیا آپ کے پاس میک اپ کا وقت نہیں؟
آخری مرحلہ میں ہائی لائٹر کے ساتھ لپ اسٹک کے لئے بولڈ کلر کا انتخاب کیجیے۔ہائی لائٹر کا ہلکا سا ٹچ گالوں کے اوپری حصے پر لگائیں۔لیجیے آپ ایک طویل دن کا مقابلہ ماہرانہ میک اپ اور فریشنس کے ساتھ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

Browse More Makeup Tips, Suggestions & Tutorials

Special Makeup Tips, Suggestions & Tutorials article for women, read "Working Women Ke Liye MakeUp Tricks" and dozens of other articles for women in Urdu to change the way they live life. Read interesting tips & Suggestions in UrduPoint women section.