حافظ آباد، سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی مثبت تبدیلی آئی ہے، محمد علی رندھاوا

مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں کمی نہیں آنے دی جائیگی،ڈپٹی کمشنر

جمعہ 20 جنوری 2017 20:04

حافظ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء)ڈپٹی کمشنر حافظ آباد محمد علی رندھاوا نے کہا ہے کہ سر کاری ہسپتالوں با لخصوص ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ز ہسپتال حافظ آباد اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پنڈی بھٹیاں میں مریضوں کو علاج معالجہ کی تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی ،انفراسٹرکچر اور طبی آلات کی بہتری اور ڈاکٹروں ،سٹاف کی حاضری کے حوالہ سے صورتحال میں خوشگوار اور مثبت تبدیلی آئی ہے اور اس سلسلہ میں عوامی فیڈ بیک بھی بٹری حوصلہ افزاہے تا ہم ابھی بھی بہت کچھ کرنا باقی ہے اور خلوص نیت سے شروع کیا جانے والا عوامی خدمت کا یہ سفر مطلوبہ نتائج حاصل کرنے تک جاری رہے گاانہوں نے کہا کہ سماجی مسائل کے حل کے لئے کئے جانے والے ٹھوس اقدامات اور متعلقہ افسروں کی اچھی کارکردگی سے کسی بھی طرح کی صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے اور اسی جذبے کے تحت انکی پوری ٹیم ہمہ وقت صحت ،تعلیم ،کمپیوٹرائزاڈ لینڈ ریکارڈ اور دیگر سماجی سہولیات کے شعبوں کو عوام دوست بنانے اور ان میں نمایاں بہتری لانے کے لئے کوشاں ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈی ایچ کیو ،ٹی ایچ کیو ہسپتالوں ،لینڈ ریکارڈ سنٹر پنڈی بھٹیاں ،گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول سکھیکی اور دیہی مرکز صحت سکھیکی کے دورہ کے موقع پر متعلقہ افسران سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اے ڈی سی (آر) اللہ دتہ وڑائچ ،اے ڈی سی (فنانس)فخرالسلام ڈوگر ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر حامد رفیق،ایکسئن بلڈنگز عبدالغفور ،ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ شاہد بھٹی اور دیگر افسران بھی انکے ہمراہ تھے ۔ڈی سی نے ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو میں ابتک کئے گئے ترقیاتی اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے دونوں ایم ایس اور ڈاکٹروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ بہتری کے اس سلسلہ کو برقرار رکھتے ہوئے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں آنے دی جائیگی ۔

انہوں نے کہا کہ بلاشبہ غریب مریضوں کی فلاح وبہبود حکومت پنجاب کی اہم ترین ترجیحات میں سے ہے اور تمام ممکنہ افرادی اور مالی وسائل کی فراہمی کے بعد کسی سستی اور کوتاہی کو برداشت کرنا اپنے فرائض سے ناانصافی کے مترادف ہوگا۔انہوں نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مین میڈیسن سٹور کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور مختلف ادویات کی سٹاک پوزیشن کو چیک کیا ۔

انہوں نے مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کی غرض سے موجودہ انتظار گاہ کو ایمر جنسی میں تبدیل کرنے کے سلسلہ میں شروع کئے جانے والے اقدامات کو تیز کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ مریضوں کو ہمہ وقت ایمرجنسی کی بہترین سہولت دستیاب ہو سکے ۔انہوں نے دیہی مرکز صحت سکھیکی کی بہتری کے لئے ہدایات جاری کرتے ہوئے واضح کیا کہ تمام فنڈز کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے اور طبی سہولیات کو بہتر بنایا جائے ۔

انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول سکھیکی اور لینڈ ریکارڈ سنٹر پنڈی بھٹیاں کا بھی اچانک دورہ کیا ۔اور وہاں پر فراہم کی جانے والی تدریس اور محکمانہ سہولیات کے معیار کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے سکول کی مجموعی صورتحال پر پرنسپل اور تدریسی عملہ کی کار کردگی کو سراہا جبکہ لینڈ ریکارڈ سنٹر پر عوامی فیڈبیک اور شکایات کے ازالہ کے لئے شکایت بکس لگانے کی ہدایت کی ۔

حافظ آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں