ڈپٹی کمشنر عمارہ خان کے زیر صدارت ہیلتھ کونسل برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اجلاس

ہسپتال کے تمام واڈز کا دورہ ‘صفائی ستھرائی پر اطمینان کا اظہار ‘زیر تکمیل کام جلد نمٹایا جائے ‘حکومت صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے ‘ڈاکٹرزاور پیرا میڈیکل سٹاف دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سمجھ کر کریں ‘ڈپٹی کمشنر عمارہ خان

جمعہ 17 فروری 2017 20:16

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 فروری2017ء)ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان کے زیر صدارت ہیلتھ کونسل برائے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا اجلاس گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال میں منعقد ہوا۔ جس میں اراکین صوبائی اسمبلی حاجی نعیم صفدر انصاری ، یعقوب ندیم سیٹھی ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام عارف ‘چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید ،اسسٹنٹ کمشنر قصور امتیاز احمد کھچی، میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید اقبال ‘ ڈی ایم او سید محمد رضا ‘ایکسئین بلڈنگ محمد سلیم ‘چیف آفیسر بلدیہ رائے محمد منشاء اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اس موقع پر ہیلتھ کونسل کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور ہسپتال کی تزئین و آرائش اور متوقع اخراجات اور ڈیمانڈ ز کا جائزہ لیکر منظوری دی گئی ۔

(جاری ہے)

بعدازاں ڈپٹی کمشنر قصور عمارہ خان نے ممبران ہیلتھ کونسل کے ہمراہ ہسپتال کے مختلف شعبوں سرجیکل وارڈ ‘میڈیکل وارڈ ‘آپریشن تھیٹر ، ٹی بی وارڈ ‘ایمرجنسی وارڈ اورمیڈیسن سٹورزکا دورہ کیا ور وہاں پر عوام الناس کو دی جانیوالی سہولیات کا جائزہ لیا ۔

ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے دورہ کے موقع پر ہسپتال میں صفائی ستھرائی کا تفصیلا ًجائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ہسپتال میں مزید بہتری کیلئے ایمانداری اور دلجمی کے ساتھ کام کیا جائے۔ انہوں نے ہسپتال کے لانز میں جاری کام کو جلد ازجلد نمٹانے کی ہدایت کی ۔ڈپٹی کمشنر عمارہ خان نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے اربوں روپے خرچ کر رہی ہے تا کہ عوام الناس کو صحت کی بنیادی سہولیات انکی دہلیز پر مہیا کی جا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سمجھ کر کریں اور یہاں آنیوالے مریضوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے ۔

قصور میں شائع ہونے والی مزید خبریں