کمشنر ہائوس سکھر میں پی ایس3پنوعاقل کی ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے جائزہ اجلاس

منگل 21 فروری 2017 03:10

سکھر۔ 20فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2017ء) پی ایس3-پنوعاقل کی ترقیاتی اسکیموں کے سلسلے میں ایک جائزہ اجلاس کمشنر ہائوس سکھر میں ہوا، جس میں حلقہ کے ایم پی اے اور صوبائی وزیر برائے کوآپریٹو سوسائٹیزجام اکرام اللہ دھاریجو، کمشنر سکھر/لاڑکانہ ڈویژن محمد عباس بلوچ، ڈپٹی کمشنر سکھر وحید اصغر بھٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے کوآپریٹو سوسائٹیزجام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ پنوعاقل کی ترقیاتی اسکیموں کی تقسیم شفاف طریقے سے یکساںبنیاد پر کی جائے، کیونکہ پنوعاقل کی سڑکیں اور سرکاری عمارتوں کی حالت ابتر ہوتی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنوعاقل شہر کی 32مختلف ترقیاتی اسکیمز نئی اے ڈی پی 2016-17 کیلئے رکھی گئی ہیں، جن پر 141ملین خرچ ہونگے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر سکھر وحید اصغر بھٹی نے بتایا کہ پنوعاقل کی 8ڈسپینسریاں تیار ہوچکی ہیں جو محکمہ بلڈنگس سے ٹیک اوور کرکے پی پی ایچ آئی کو دی جائینگی، تاکہ وہ بہتر طریقے سے چل سکیں۔ صوبائی وزیر برائے کوآپریٹو سوسائٹیزجام اکرام اللہ دھاریجو نے تمام انجنیئرز کو ہدایت کی کہ سرکاری عمارتوں اور روڈز کے کام میں معیار پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے۔

جام اکرام اللہ دھاریجو نے نشاندہی کی کہ پنوعاقل میں غیرقانونی بلڈ بینکس چل رہی ہیں اور اکثر سرکاری ڈاکٹرز اسپتالوں میں نہیں آرہے، جس پر کمشنر سکھر ڈویژن محمد عباس بلوچ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ غیرقانونی بلڈ بینکس کو ختم کروائے اور ڈاکٹرز کی حاضری یقینی بنائے، جبکہ غیرحاضر ڈاکٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں