نگران وزیرصحت بلوچستان کی چیئرمین پی آئی ٹی بی سے ملاقات

بدھ 11 جولائی 2018 23:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) نگران وزیر صحت بلوچستان فیض کاکڑ نے خصوصی سیکرٹری صحت بلوچستان جاوید اختر محمود کے ہمراہ گزشتہ روز پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف سے ملاقات کی اور بلوچستان میں صحت کے شعبے کو پنجاب کے ہسپتال انفارمیشن مینجمنٹ نظام کی طرز پر استوار کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔

اس سے قبل فیض کاکڑ نگران وزیراعلیٰ پنجاب حسن عسکری سے بھی ملے اور بلوچستان میں شعبہ صحت کو پنجاب کی طرح ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کیلئے پنجاب کی معاونت کی خواہش کا اظہار کیا۔اس موقع پر ڈاکٹر عمر سیف نے وزیرصحت کو پنجاب میںانفارمیشن اور کمیونیکیشن ٹیکنالوجی کے تحت جاری صحت کے مختلف منصوبوں سے آگاہ کیا جن کی وجہ سے پنجاب میں ای ویکسی نیشن کوریج اور سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹرز اور دیگر عملے کی حاضری میں غیرمعمولی بہتری آئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں کو خودکار انداز میں چلانے کے لئے بلوچستان حکومت کی بھرپور معاونت کرے گی۔عمر سیف نے بتایا کہ بلوچستان میں پہلے سے وضع کردہ ای ویکس نظام کے تحت صرف دس ماہ میں ویکسی نیشن عملے کی حاضری 23سے 61فیصد ہو گئی ہے۔بلوچستان میں 377ویکسی نیٹرز پی آئی ٹی بی کی موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے ساڑھے سترہ ہزار بچوں کا اندراج مکمل کر چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ تراسی ہزار حفاظتی ٹیکے اور قطرے پلائے جا چکے ہیں۔عمر سیف نے بتایا کہ پنجاب میںاڑسٹھ لاکھ رجسٹر ہونے والے بچوں کو اڑتیس سو ویکسی نیٹرز پونے پانچ کروڑ حفاظتی ٹیکے اور قطرے پلا چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں