افغان پولیس کیساتھ جھڑپ ‘ سابق گورنر بامیان و طالبان کمانڈر ملا ابراہیم صباوون ساتھی سمیت ہلاک

قندھار میں بم دھماکے و طالبان کے گھات حملے میں ایک نیٹو اہلکار ہلاک،افغانستان میں صورتحال انتہائی مشکل ہوگئی ہے‘ ہر قسم کی امداد کرینگے‘ ٹونی بلیئر

ہفتہ 7 اکتوبر 2006 16:24

کابل+ غزنی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین07اکتوبر2006) افغانستان کے جنوبی صوبہ قندھار میں بم دھماکے اور طالبان کے گھات حملے میں ایک نیٹو اہلکار ہلاک اور دو گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ افغان پولیس نے خونریز جھڑپ کے دوران سابق گورنر بامیان اور طالبان کمانڈر ملا ابراہیم سباوون کو ان کے ساتھی سمیت ہلاک کردیا جبکہ برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر نے افغانستان میں صورتحال کو انتہائی مشکل قرار دیتے ہوئے اتحادی افواج کو ہر قسم کی امداد کی فراہمی کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ہفتہ کو مشتبہ طالبان نے جنوبی صوبے قندھار میں نیٹو کے فوجی قافلے پر گھات لگا کر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک نیٹو اہلکار ہلاک ہوگیا جبکہ دو گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔

(جاری ہے)

ایساف کے ترجمان نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نیٹو فورسز کا قافلہ قندھار میں جارہا تھا کہ اس دوران مشتبہ طالبان نے ریموٹ کنٹرول بم کا دھماکہ کردیا اور اس کے فوری بعد قافلے پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک فوجی شدید زخمی ہوگیا جو تھوڑی دیر بعد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تاہم فوری طور پر ہلاک ہونے والے فوجی کے ب ارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں کہ اس کا تعلق کس ملک سے تھا جبکہ ادھر پولیس نے طالبان دور میں صوبہ بامیان کے گورنر اور کمانڈر کو ساتھی سمیت ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے صوبہ غزنی کے ضلع گیلان کے پولیس سربراہ میر احمد نے بتایا کہ انہیں اطلاع ملی تھی کہ طالبان دور کے گورنر اور کمانڈر ملا ابراہیم صباوون گیلان کے علاقے میں موجود ہیں اس دوران ہم نے علاقے میں ایک پولیس یونٹ بھیجا جس نے ان کے مکان کا محاصرہ کرلیا اور ان سے کافی دیر تک جھڑپ ہوئی انہیں کہا گیا کہ وہ ہتھیار ڈال دیں لیکن انہوں نے انکار کردیا اور موٹر سائیکل پر فرار ہونے کی کوشش کی لیکن پولیس نے ان کی کوشش ناکام بنا دی اور ضلع گیلان کو کابل سے ملانے والی شاہراہ پر ان کو ہلاک کردیا انہوں نے کہا کہ دونوں کی لاشیں قبضے میں لے لی گئی ہیں۔

جبکہ دوسری جانب برطانیہ نے افغانستان میں صورتحال کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے فورسز کو ہر قسم کی امداد فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر نے ایک انٹرویو میں اس بات کا اعتراف کیا کہ افغانستان میں اتحادی افواج کو انتہائی مشکل اور خطرناک صورتحال کا سامنا ہے اور اس سلسلے میں برطانوی حکومت سینکڑوں جنگجوؤں سے نمٹنے کے لئے فورسز کو ہر قسم کی امداد اور فوجی سامان فراہم کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ افغآنستان میں صورتحال مزید مشکل سے مشکل ہوتی جارہی ہے اور اگر افغانستان میں لڑنے والے کمانڈرز کو ہتھیاروں بکتر بند گاڑیوں اور ہیلی کاپٹرز وغیرہ کی ضرورت ہے تو انہیں فراہم کئے جاسکتے ہیں۔