گوانتاناموبے اور بگرام جیلوں سے قیدیوں کی رہائی وفاقی حکومت کا کارنامہ ہے۔ سکندر شیرپاؤ

منگل 17 اکتوبر 2006 16:23

پشاور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین17اکتوبر2006) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سکندرحیات خان شیرپاؤایم پی اے نے گوانتاموبے اور بگرام جیلوں سے پاکستانی قیدیوں کی رہائی وفاقی حکومت کی کامیاب پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا اور کہا کہ اس سے عرصہ سے قید شہری اپنے خاندان کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوں گے۔وہ پیپلز ہاؤس پشاور میں پارٹی کے مختلف وفود سے بات کر رہے تھے اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنماء نے کہا کہ ان قیدیوں کی رہائی کا سہرا آفتاب شیرپاؤ کو جاتا ہے جنھوں نے اس مقصد کے حصول کے لئے عملی کردار ادا کیا ہے انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہر فورم پر مفلوک الحال اور ستم زدہ افراد اور طبقات کے مسائل کے حل کے لئے ہرفورم پر آواز اٹھائی ہے اور بیرونی ممالک کی جیلوں میں قید افراد کے رشتہ داروں کے مطالبات اور خواہشات کو مدنظر رکھتے ہوئے پارٹی نے آفتاب شیرپاؤ کی قیادت میں اس کاز کے لئے اپنا کردار ادا کیا جو رنگ لایا اور مختلف اوقات میں بہت سے لوگ افغانستان اور گوانتاموبے کی جیلوں سے رہائی پانے میں کامیاب ہو گئے انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور پختونوں کے حقوق پر منتج ہے اور ہم نے ہمیشہ اس کاز کے لئے جدوجہد کی ہے جبکہ دیگر جماعتیں صرف نعروں کا سہارا لے کر عوام کے جذبات کے ساتھ کھیل رہے ہیں اور حقیقی طور پر ان عناصر نے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ افغانستان پر اتحادی افواج کے حملوں کے دوران بعض عناصر نے اپنی سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے نوجوانوں کو ورغلاکر افغانستان بھیجا اور جب وہ مصائب و مشکلات سے دوچار ہوئے تو ان کو بے یارومددگار چھوڑ دیا گیااس میں متعدد افراد کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا جبکہ متعدد افراد کو جیل کی ہوا کھانی پڑی۔انھوں نے کہا کہ اس شکل موقع پر صرف پیپلز پارٹی نے ان کا ساتھ دیا اور ہر فورم پر ان کے حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :