یکم دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کر کے لوگوں کو چور اور چوکیدار کا فرق بتاؤں گا، شیخ رشید،نواز شریف بینظیر کے ساتھ مل کر دیکھ لیں انہیں مسلم لیگ کی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا، امریکہ کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی، وفاقی وزیر ریلوے کا افطار ڈنر سے خطاب

اتوار 22 اکتوبر 2006 20:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22اکتوبر۔2006ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اعلان کیا ہے کہ وہ یکم دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں جس دوران وہ عوام کو گرینڈ الائنس تشکیل دینے اور استعفے دینے والوں کے بایر میں بتائیں گے اور چور اور چوکیدار کا فرق واضح کریں گے، نواز شریف بینظیر کے ساتھ مل کر دیکھ لیں انہیں مسلم لیگ کی طاقت کا اندازہ ہوجائے گا، امریکہ کو اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرنا ہوگی، آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اورنواز لیگ فرنٹ فٹ پر نہیں ہو سکتیں۔

اتوار کے روز یہاں سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی حاجی محمد نواز کھوکھر کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ وہ یکم دسمبر سے عوامی رابطہ مہم شروع کر رہے ہیں جو کہ 30 دسمبر تک جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران وہ عوام کو گھر گھر جا کر گرینڈ الائنس تشکیل دینے اور استعفے دینے والوں کے بارے میں آگاہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں باخبر وزیر ہوں اور دوسرے لوگوں کی طرح بے خبر نہیں ہوں مجھے ملکی سیاست کے حوالے سے مکمل طور پر معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کو ڈرائنگ روم کی سیاست سے باہرنکالنے کیلئے جلسے کرنا ہوں گے۔ شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف یہ یاد رکھیں کہ اگر انہوں نے بینظیر کو تحریری طور پر یہ لکھ کر دیا کہ اس پر جو کیسز بنائے گئے تھے وہ جھوٹ پر مبنی تھے تو اس سے نواز شریف کی سیاست صفر ہو جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات ملکی سیاست کے حوالے سے انتہائی اہم ہوں گے اور مسلم لیگ کامیابی حاصل کرے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مسلم لیگ کا نظریہ اس کے اپنے پاس ہے اور نوازشریف بینظیر بھٹو کے ساتھ مل کر دیکھ لیں تو انہیں پتہ چل جائے گا کہ مسلم لیگ کتنی مضبوط ہے اور اس کانظریہ کتنا مستحکم ہے اور اسے مسلم لیگ کے ووٹ کا بھی پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) ہر گز فرنٹ فٹ پر نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال پہلے حکومت اور بینظیر کے درمیان آنکھ مٹکا رہتا تھا تاہم میں نے اس کی تردید نہیں تھی۔ شیخ رشید نے کہا کہ دسمبر میں قومی رابطہ مہم کے دوران میں عوام کو چور اور چوکیدار کا فرق بتاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف کی قیادت نے ملکی سیاست کو ایک نیا موڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں موجود پٹھانوں کو گلے لگانا ہوگا اور وہاں جرگے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھی گرینڈ جرگہ ہونا چاہیے۔ شیخ رشید نے کہا کہ امریکہ کو خبر نہیں لیکن وہ طاقت کے گھمنڈ میں اپنا معیار کھو چکا ہے اسے اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔