افغانستان میں بم دھماکے اور خود کش حملے میں نیٹو کے دو فوجیوں سمیت تین افراد ہلاک دو زخمی، جرمنی کے تین فوجیو ں نے انسانی کھوپڑی کے ساتھ تصاویر بنانے کا اعتراف کرلیا

منگل 31 اکتوبر 2006 13:51

کابل (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31اکتوبر۔2006ء) مشرقی افغانستان میں سڑک کے کنارے بم دھماکے اور خود کش حملے میں نیٹو کے دو فوجیوں سمیت تین افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے،جبکہ جرمنی کے تین فوجیوں نے انسانی کھوپڑیوں کے ساتھ تصویر بنانے کی تحقیقات کے دوران اس میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا ہے۔نیٹو کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق افغانستان کے صوبہ نورستان میں نیٹو کے قافلے میں شامل ایک گاڑی کے نزدیک سڑک کے کنارے نصب بم پھٹنے سے دو فوجی ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

زخمیوں اسد آباد میں امریکی اسپتال میں متقل کردیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

نیٹو نے ہلاک اور زخمی ہونے والے فوجیوں کی قومیت کے بارے میں نہیں بتایا ، تاہم مشرقی افغانستان میں سیکیورٹی کی ذمہ داری امریکی فوج کے پاس ہے۔ادھر غزنی کے پولیس سربراہ جنرل عبدلالغفار نے تبایا کہ ایک خود کش حملہ آور نے ضلعی پولیس مرکز پر خود کو دھماکے سے اڑادیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب جرمنی میں جاری تحقیقات کے دوران تین جرمن فوجیوں نے انسانی کھوپڑی کے ساتھ تصاویر کے کیس میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا۔جرمن وزارت دفاع اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے اور اس میں ملوث فوجیوں سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔