پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ سٹریٹجک تعلقات کو وسعت دینے کی ضرورت ہے، ہوجن تاؤ،پاک چین دوستی ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی قائم رہے گی، صدر مشرف،پاکستان چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا،چین کو پاکستان کی دوستی پر فخر ہے، پاکستانی عوام نے صدر جنرل پرویز مشرف کی قیادت میں سماجی استحکام، اقتصادی ترقی اور قومی ہم آہنگی میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، صدر مشرف کی طرف سے دیئے گئے عشایئے سے پاک،چائنہ صدور کا خطاب

جمعرات 23 نومبر 2006 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23نومبر۔2006ء) صدر جنرل پرویزمشرف نے کہا ہے کہ دنیا کے بدلتے ہوئے حالات میں لازوال پاک چین دوستی قائم رہی اورآئندہ بھی رہے گی، پاکستان ہمسایہ ہونے کے ناطے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا اور باہمی معاشی تعاون دونوں ممالک کیلئے بہتر ثابت ہوگا، پاکستان مسئلہ کشمیر کا اقوام متحدہ کے چارٹر کے ذریعے حل چاہتا ہے، پاکستان عراق اورافغانستان سمیت دنیا بھرمیں امن کا خواہاں ہے، سارک میں چین کی بطور مبصرملک شمولیت سے سارک کو زیادہ فائدہ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ا پنے چینی ہم منصب ہوجن تاؤ کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے کی تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا میں امن چاہتا ہے چین نے عالمی امن ا ور ترقی کیلئے منفرد کردار ادا کیا ہے۔

(جاری ہے)

صدر مشرف نے کہا کہ چین کی بڑھتی ہوئی معیشت پورے ایشیاء کیلئے ایک خوش آئند بات ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کا ہمسایہ ہونے کے ناطے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائے گا اوردونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون دونوں کیلئے بہتر ثابت ہوگا۔

صدر مشرف نے کہا کہ پاکستان اور چین پہلے بھی عالمی امن کیلئے کام کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کیلئے بہت کام کیا ہے جس میں شاہراہ قراقرم، چشمہ پاور پلانٹ و گوادر پورٹ اوردیگر منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سارک کے اندر چین کو جو آبزرور کا درجہ ملا ہے اس سے ہمیں زیادہ فائدہ پہنچے گا اور سارک کو زیادہ مدد ملے گی۔

صدر مشرف نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ جموں و کشمیر کا مسئلہ پرامن طریقے سے حل ہو اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے ذریعے اسے حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان اور خطے کے دیگر ممالک کیلئے بہت ضروری ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتاہے کہ عراق میں امن ہو۔ عشایئے میں وزیر اعظم شوکت عزیز اور کابینہ کے دیگر ارکان جبکہ پاکستان چائینز بزنس کونسل کے ممبران بھی موجود تھے۔

چین کے صدر ہوجن تاؤ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک پارٹنر شپ کو وسعت دینے کی ضرورت ہے، چین کو پاکستان کی دوستی پر فخر ہے، پاکستانی عوام نے صدر مشرف کی قیادت میں سماجی استحکام، اقتصادی ترقی اور قومی ہم آہنگی میں اہم کامیابی حاصل کی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر مملکت جنرل پرویزمشرف کی جانب سے ان کے اعزاز میں دیئے گئے عشایئے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس دوران چینی صدر ہوجن تاؤ نے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور پاک چین سٹریٹجک پارٹنر شپ کو وسعت دینے پر زور دیا۔ انہوں نے صدر جنرل پرویز مشرف کی معتبرانہ قیادت میں پاکستانی عوام کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام نے صدر جنرل پرویز مشرف کی قیادت میں سماجی استحکام، اقتصادی ترقی اور قوم ہم آہنگی میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

چینی صدر نے کہا کہ پاکستان چین کا مخلص اور سچا دوست ہے اور چین کو پاکستان کے ساتھ دوستی پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین تعلقات پرامن بقائے باہمی اور دوطرفہ تعاون کی روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین اچھے ہمسائے، قریبی دوست پارٹنر اور پیارے بھائی ہیں جبکہ اس دوران صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ چین کے ساتھ دوطرفہ تعاون کو مضبوط کیا جائے۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اپنے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے اور ترقی کی خاطر خطے میں پرامن ماحول چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے پاکستان بھارت کے ساتھ جموں و کشمیر کے تنازعہ سمیت تمام تصفیہ طلب مسائل کا پرامن حل چاہتا ہے صدر مشرف نے عالمی امن اور ترقی میں چین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ بین الاقوامی امور میں چین کی اصولوں پر مبنی آزاد اور انصاف و مساوات کے اصولوں کی پاسداری ترقی پذیر ملکوں کیلئے تقویت کا باعث ہے۔ صدر نے چین کی طرف سے مختلف شعبوں میں پاکستان کو دی جانے والی امداد اور تعاون پر چینی صادت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔