قبائلی علاقو ں،بلوچستان، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں اور پسماندہ حصوں میں تعمیر نو زون قائم کیے جارہے ہیں، وزیراعظم شوکت عزیز

بدھ 29 نومبر 2006 20:54

ا سلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29نومبر۔2006ء) وزیر اعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ قبائلی علاقو ں،بلوچستان، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں اور پسماندہ حصوں میں تعمیر نو زون قائم کیے جارہے ہیں جس سے غربت کے خاتمے، معیار زندگی میں بہتر ی اور ان علاقوں کی مجموعی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی، تعمیر نو زونز پروگرام کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہاکہ اس پروگرام سے کم ترقی یافتہ علاقوں میں ڈھانچہ مستحکم، اقتصادی سرگرمیاں تیز اور روز گار کے مواقع پیدا ہونگے اور عوام کو زندگی کی بہتر سہولتیں ملیں گی انہوں نے کہا کہ ان زونز میں تیار ہونے والی اشیاء امریکی مارکیٹوں میں ترجیحی بنیادوں پر برآمد کی جائیں گی ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ان علاقوں کے لوگوں کو تربیت دی جانی چاہیے تاکہ وہ رو ز گار حاصل کر سکیں ان علاقوں میں ڈھانچہ بہتر بنانے انہیں ٹرانسپورٹس ملانے اورضرروری سروسز کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ وہاں تیزی سے سر مایہ کاری ہو ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں سیکرٹری وزارت تجارت نے وزیر اعظم کو اس پروگرام میں پیش رفت کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ امریکی حکام کے ساتھ ان زونز کے قیام میں تیزی سے پیش رفت ہورہی ہے ۔

اور جلد ہی پاکستانی اورامریکی حکام ان زونز کے مقامات اوروہاں تیار ہونے والی مصنوعات کے بارے میں قانون کو حتمی شکل دیں گے ۔ ملاقات میں وزیر تجارت ہمایوں اختر خان، وزیر صنعت و پیداوار جہانگیر خان ترین، وزیر ثقافت غازی گلاب جمال اور دیگر حکام موجود تھے ۔