مجلس عمل کو توڑ پھوڑ اور عوام کو سڑکوں پر لانے کی سیاست نہیں کرنے دیں گے ۔شیرافگن نیازی،آئندہ عام انتخابات فروری 2008ء میں مکمل ہوں گے‘ بے نظیر بھٹو خود ساختہ جلا وطنی اختیار کئے ہوئے ہیں‘ نواز شریف دس سال تک ایک معاہدے کے تحت پاکستان نہیں آ سکتے ۔پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 3 دسمبر 2006 12:52

مجلس عمل کو توڑ پھوڑ اور عوام کو سڑکوں پر لانے کی سیاست نہیں کرنے دیں ..
خوشاب (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین03دسمبر2006 ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر شیرافگن نیازی نے کہا ہے کہ 15 دسمبر کو پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا جائے گا اور اس سے قبل جنرل پرویز مشرف مہنگائی کے خاتمہ‘ کالا باغ ڈیم کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی بہت جلد اعلان کریں گے مجلس عمل کو توڑ پھوڑ اور عوام کو سڑکوں پر لانے کی سیاست نہیں کرنے دیں گے- تحفظ حقوق نسواں بل کا گزٹ نوٹیفکیشن آج جاری کر دیا جائے گا آئندہ عام انتخابات فروری 2008ء میں مکمل ہوں گے بے نظیر بھٹو خود ساختہ جلا وطنی اختیار کئے ہوئے ہیں جبکہ میاں نواز شریف دس سال تک ایک معاہدے کے تحت پاکستان نہیں آ سکتے-ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب نیشنل پریس کلب‘ ایڈیٹر کونسل اور پریس کلب خوشاب کے عہدیداروں اور اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کیا- انہوں نے کہاکہ جنرل پرویز مشرف نے ملک کو بچانے کیلئے اقتدار سنبھالا متحدہ مجلس عمل اب اسلامی نظریاتی کونسل‘ قومی اسمبلی اور پارلیمنٹ کی طرف سے منظور کئے جانے والے تحفظ حقوق نسواں بل کی مخالفت چھوڑ دے حکومت اگر تحفظ حقوق نسواں بل پر ایم ایم اے کی چودھراہٹ تسلیم کر لیتی تو آج یہی علماء بل کی حمایت میں نعرے لگاتے- وفاقی وزیر ڈاکٹر شیرافگن نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ صدر پرویز مشرف کی صدارت میں اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں گی جن کی معیاد 15 نومبر 2007ء ہے جس کے بعد 60 دن کیلئے نگران حکومت تشکیل دی جائے گی اور چودہ روز میں انتخابات مکمل کرائے جائیں گے اس سے قبل نہ نگران حکومت بنائی جا رہی ہے اور نہ ہی قبل از وقت انتخابات کرانے کی کوئی تجویز ہے پیپلزپارٹی سے ڈیل جیالوں کی خوش فہمی ہے بے نظیر بھٹو عدالتوں کا سامنا کرنے سے ڈرتی ہیں اس لیے انہوں نے خود ساختہ جلا وطنی اختیار کررکھی ہے انہوں نے کہاکہ ملک میں سب سے پہلا مارشل لاء ایوب خان نے لگایا اور منعم خان اور امیر محمد خان کو گورنر بنا کر جمہوریت کو قتل کیا عوام کے حقوق سلب کر لیے اور محترمہ فاطمہ جناح جیسی شخصیت کو دھاندلی سے شکست دیکر اقتدار کے مزے لوٹے جس کے بعد یحیی خان نے عوام کی طاقت تسلیم نہ کی اور ملک دو لخت ہو گیا ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف نظام مصطفے تحریک اسلامی نظام کا مقصد اسلام نہیں بلکہ بھٹو کو اقتدار سے علیحدہ کرنا تھا بالآخرسیاستدانوں کی فرمائش پر ضیاء الحق نے شب خون مارا انہوں نے کہاکہ جنرل مشرف کا دور سنہری حروف سے لکھا جائے گا جس میں نہ تو کسی کو کوڑے لگائے گئے نہ کسی مخالف سے اتنقامی کاروائی کی گئی -شیرافگن نیازی نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل متعدد گروہوں میں بٹ چکی ہے فضل الرحمان سرحد اور بلوچستان میں اقتدار کو نہیں چھوڑ سکتے جماعت اسلامی کو اقتدار میں نہ آنے کا دکھ ہے اسی ایم ایم اے نے سترھویں ترمیم کے ذریعہ جنرل مشرف کے ہاتھ مضبوط کئے اور اب بھی یہ مستعفی نہیں ہوں گے صرف اخباری بیانات تک استعفوں کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں اگر واقعی متحدہ مجلس عمل والے مخلص ہیں تو وہ اپنے استعفے قومی اسمبلی کے سپیکر چیئرمین سینٹ کو پیش کریں منظور کر کے ضمنی انتخابات کا اعلان کر دیا جائے گا ڈاکٹر شیرافگن نے کہاکہ 15 دسمبر کو پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا جائے گا اور اس سے قبل جنرل پرویز مشرف مہنگائی کے خاتمہ‘ کالا باغ ڈیم کی تعمیر اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کا بھی بہت جلد اعلان کریں گے مجلس عمل کو توڑ پھوڑ اور عوام کو سڑکوں پر لانے کی سیاست نہیں کرنے دیں گے وہ جمہوری طریقہ سے اپنے دلائل پیش کریں اور کسی بھی فیصلہ کو اکثریت سے تبدیل کرائیں یہی جمہوریت کا حصہ ہے ایم ایم اے عوام کو دھوکہ میں رکھ کر انہیں سڑکوں پر لاناچاہتی ہے تاہم عوام ان کے ہتھکنڈوں میں نہیں آئیں گے اور آئندہ انتخابات میں ایسے نمائندوں کا چناؤ کریں گے جو دھرنا اور لانگ مارچوں کی بجائے اسمبلی اور پارلیمنٹ میں عوام کے مسائل کے حل کے لیے قانون سازی میں حصہ لیں-

متعلقہ عنوان :