نوازشریف کاپانچ نکاتی ایجنڈا پاکستان میں تحریک بحالی جمہوریت کیلئے خوش آئند ہے،جاوید ہاشمی ،لندن اے پی سی کے انعقاد سے اپوزیشن کے یونائٹیڈ فرنٹ بنانے کاراستہ ہموار ہوگا،صحافیوں سے گفتگو

منگل 26 دسمبر 2006 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26دسمبر۔2006ء ) اے آر ڈی کے مرکزی صدر اورپاکستان مسلم لیگ (ن) کے قا ئم مقام صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ جمہوری مقاصد کے حصول کیلئے اپوزیشن قوتوں کااتحاد ناگزیر ہے ۔ اپوزیشن کیلئے متحد ہونے کااس سے بہترین وقت کوئی نہیں ۔ اپوزیشن اس سے پہلے بھی کافی مواقع ضائع کرچکی ہے اگراب بھی متحد نہ ہوئی تو اپوزیشن یہ موقع پرگنوا بیٹھے گی۔

میاں نوازشریف کاپانچ نکاتی ایجنڈا پاکستان میں تحریک بحالی جمہوریت کیلئے خوش آئند ہے۔لندن اے پی سی کے انعقاد سے اپوزیشن کے یونائٹیڈ فرنٹ بنانے کاراستہ ہموار ہوگا۔میاں نوازشریف کاصحیح وقت میں صحیح فیصلہ ہے میں ان کی تجاویزاوران کے بے لچک سیاسی موقف کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔اپوزیشن کو5نکاتی ایجنڈے کی روشنی میں ملک وقوم کوفوجی آمریت کے چنگل سے نجات دلانے کیلئے پیشرفت کرناہوگی۔

(جاری ہے)

وہ گذشتہ روزبیٹی کی شادی میں شرکت کے بعد ملتان سے واپسی پرلاہور ائیرپورٹ پر صحافیوں سے بات چیت کررہے تھے۔سیّد زعیم حسین قادری ،محمد ناصراقبال خان ،خواجہ عمران نذیر،رمضان صدیق بھٹی،میاں ذوالفقارراٹھور،شیخ کبیر تاج ،چوہدری محمداسلم اورمتعدد کارکنوں نے مخدوم جاوید ہاشمی کااستقبال کیا اورانہیں پھولوں کاگلدستہ پیش کیا ۔مخدوم جاوید ہاشمی نے مزید کہا کہ فوجی حکمرانوں کی بدعنوانیوں اوربداعمالیوں کی نشاندہی کرنا جرم ہے تومیں یہ جرم باربار کروں گا۔

میں اپنی اورقوم کی آزادی کی بھیک نہیں مانگوں گا۔2007ء فوجی آمریت کاانجام طے ہے ۔ مخدوم جاوید ہاشمی کوپولیس کی تحویل میں ملتان سے ہوائی جہاز کے ذریعے لاہور منتقل کیا گیا۔لاہورائیرپورٹ پرپولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔بعدازاں پولیس فورس سخت پہرے میں مخدوم جاوید ہاشمی کوائیرپورٹ سے کوٹ لکھپت جیل لے گئی۔