Live Updates

مسلم امہ اسلام کیخلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحدہو جائے ، اللہ کا دین غالب ہونے کیلئے آیا ہے ،آج مسلمانوں کو اپنے اندر جذبہ ابراہیمی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے ،نادارا اور غریب مسلمانوں کو بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے،حکومت خود قربانی دینے کی بجائے عوام سے قربانی لے رہے ہیں ،عید کے روز غریب آدمی خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں ،عید الاضحی کے موقع پر قاضی حسین احمد ، مولانا فضل الرحمن ، لیاقت بلوچ ، عمران خان ، حافظ سعید و دیگر کا قوم کے نام پیغام

اتوار 31 دسمبر 2006 16:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔31دسمبر۔2006ء ) مذہبی و سیاسی جماعتوں کے قائدین نے پوری قوم کو عید الاضحی کی مبارکباد دی ہے ۔ قوم کے نام اپنے پیغام قائدین نے کہا ہے کہ یہ عید ہم ایسے حالات میں منا رہے ہیں کہ جب امت مسلمہ پر کڑا وقت ہے ۔ چاروں طرف سے دشمن نے اسے گھیر رکھا ہے ۔آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم امہ اسلام کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحدہو جائے اللہ کا دین غالب ہونے کیلئے آیا ہے ۔

متحدہ مجلس عمل کے سربراہ و امیر جماعت اسلامی پاکستان قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ حج کے موقع پر لاکھوں مسلمان ایک ہی لباس میں جب یک زبان ہو کر لبیک اللھم لبیک کی صدا بلند کر تے ہیں تو دنیا کی فضا اللہ کی کبریائی کی گواہی دینے لگتی ہے اور رنگ و نسل اور علاقے و زبان کے بت پا ش پاش ہو جاتے ہیں ۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہا کہ یہ عید ہم ایسے حالات میں منا رہے ہیں کہ جب امت مسلمہ پر کڑا وقت ہے ۔

چاروں طرف سے دشمن نے اسے گھیر رکھا ہے اور وہ ظلم و جبر کا شکار ہے ۔ 56اسلامی ممالک اور تقریبا ڈیڑھ ارب مسلمان ہونے کے باوجود ان کا کوئی وزن نہیں ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ ان پر ایسے حکمران مسلط ہیں جن کی اکثریت دشمن سے مرعوب ہے اور ان کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے ۔ کہیں بھی حقیقی جمہوریت نہیں ہے خود پاکستان میں فوجی آمریت نے پنجے گاڑ رکھے ہیں ۔

جنرل مشرف کے اقدامات اور غلط پالیسیوں سے ملک میں انتشار ہے ۔ فوج اپنے ہی لوگوں پر گولیاں برسا رہی ہے ۔ جنرل مشرف روشن خیالی اور لبرل ازم کا نعرہ لگا کر قوم کو گمراہ کر رہے ہیں ۔ ایسے نظریات اسلام کی روح کے سراسر خلاف ہیں ۔ قاضی حسین احمد نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم امہ اسلام کے خلاف سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لئے متحدہو جائے اللہ کا دین غالب ہونے کیلئے آیا ہے ۔

مسلمان فساد اور تفرقہ بازی سے بچتے ہوئے طاغوتی طاقتوں کا مقابلہ کرنے کیلئے متحد اور یک زبان ہو جائیں ۔ آج مسلمانوں کو اپنے اندر جذبہ ابراہیمی پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے ۔ قاضی حسین احمد نے قوم سے کہا کہ وہ عید کی خوشیوں میں اپنے کشمیری ،افغانی ،فلسطینی اور مظلوم عراقی بھائیوں کو بھی یاد رکھے ۔ جمعیت علماء اسلام کی طرف سے جاری کردہ ریلیز میں مرکزی امیر مولانا فضل الرحمن کی طرف سے پیغام میں کہا گیا ہے کہ کہ آج کا دن ہمیں جذبہ ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے ان لمحات میں ہمیں شریعت کے مطابق معاشرے کے غریبوں کو نہیں بھولنا چاہیے اور ان کی ضرور مدد کرنی چاہیے ۔

حکمرانوں نے اتنی مہنگائی کی ہے کہ غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے آج کے دن ہمیں حکمرانوں کے خلاف بھی یہ عہد کرنا ہو گا کہ ان سے چھٹکارے کیلئے ہم سب میدان میں آئیں ۔ جماعت الدعوة کے امیر پروفیسر حافظ محمد سعید نے اپنے پیغام میں کہا کہ قربانی سنت ابراہیمی  ہے اور یہ سنت دعوت دے رہی ہے کہ امت مسلمہ متحدہو کر اللہ کا دین دنیا پر غالب کرنے کیلئے قربانیاں پیش کرنے کیلئے تیار ہو جائے ۔

حکومت اور عوام اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مفادات اور پارٹی بازی کی سیاست چھوڑ دیں اور اسلام کیلئے کوششیں کریں ۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ قوم عید کے موقع پر اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے ہر حکم پر سر تسلیم خم کرنے کا عہد کرے اور معاشرے کے غریب نادار ،بیوگان اور یتیموں کو نہ بھولے اور عید کی خوشیوں میں انہیں ساتھ رکھے ۔

عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ قوم جہاں آج سنت ابراہمی  ادا کریگی وہاں یہ بھی عہد کرے کہ موجودہ حکمرانوں سے چھٹکارے اور ملک کو بچانے کیلئے ضروری ہے کہ ہر پاکستانی اپنا کردار ادا کرنے کیلئے میدان میں نکلے ۔ حکمرانوں نے عید کے موقع پر مہنگائی میں اضافہ کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ حکومت خود قربانی دینے کی بجائے عوام سے قربانی لے رہے ہیں ۔

متحد ہ مجلس عمل کے قائمقام سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے عید الاضحی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ عید الاضحی کا دن ہمیں قربانی ، ایثار اور اخوت و بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سنت ابراہیمی کا یہی پیغام ہے کہ امت مسلمہ کو دین کی خاطر ہر قسم کی قربانی کیلئے تیار رہنا چاہیے ۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر ہمیں کشمیر ،ا فغانستان اور عراق و فلسطین کے مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہیے ۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج عید کے روز غریب آدمی خود کشیاں کرنے پر مجبور ہیں کیونکہ حکمرانوں نے شروع دن سے ہی عوام کو کوئی ریلیف دینے کی بجائے اس پر مہنگائی کے بم برسائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابراہیم  کی سنت کو زندہ کرتے ہوئے ہمیں بڑی سے بڑی قربانی دینے کا عزم کرنا ہو گا ۔ پاکستانی عوا م کو پیپلز پارٹی کی طرف سے عید کی خوشیاں مبارکبا ہوں آج کے روز مخیر حضرات غریب نادار لوگوں کو بھی یاد رکھیں ۔

متحدہ قومی موومنٹ پنجاب کے صوبائی آرگنائزر افتخار رندھاوا نے عید الاضحی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اسلام مکمل ضابطہ حیات ہے اور عید امت مسلمہ کیلئے ایثار و قربانی اتحاد و یگانگت اور محبت و خلوص او ربھائی چارے و اخوت کا درس دیتی ہے ۔ انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ مخالفین کی باتوں کی پراہ کئے بغیر عوام میں حق کے شعور کا پیغام دیتے رہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات