ماضی کے لیڈروں کا دور واپس نہیں آئے گا‘افغانستان میں امن اور مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل چاہتے ہیں‘ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام ہے‘شوکت عزیز

بدھ 3 جنوری 2007 12:37

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین۔ 3جنوری2007ء ) وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ اب پاکستان میں ماضی کے لیڈروں کا دور واپس نہیں آئے گا کیونکہ عوام ان کی کرپشن اور خزانہ لوٹنے سے آگاہ ہیں افغانستان میں امن چاہتے ہیں بھارت کے ساتھ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل نکالنے کیلئے بات چیت کو آگے بڑھا رہے ہیں حکومت کی کامیاب پالیسیوں کے نتیجے میں ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام آیاہے-انہوں نے یہ بات عیدالضحی کے دن وزیراعظم ہاؤس میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی وزیراعظم شوکت عزیز نے کہاکہ 2006ء کا سال ملک کے لیے اچھا رہا ہے ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام قائم ہوا-حکومت کی پالیسیوں کی تسلسل جاری رہا اور 2007 ء بھی ملک کیلئے خوش آئند ہو گا انہوں نے کہاکہ میگا پراجیکٹس کی تکمیل سے غربت کا خاتمہ ہو گا انہوں نے کہاکہ عالمی دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوا سیاسی اور جمہوری عمل کامیابی سے آگے بڑھا ہے اور گزشتہ سال ریکارڈ قانون سازی ہوئی خواتین کو حقوق دینے کیلے بل پاس کیا گیا پڑوسی ممالک سے تعلقات میں بہتری آئی بھارت کے ساتھ جامع مذاکرات کا عمل جاری ہے پاکستان کشمیر کے حل کیلئے بھارت سے مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانا چاہتا ہے اور ہم کشمیر کا ایسا حل چاہتے ہیں جو کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق ہو- افغانستان کے بارے میں ایک سوال پر وزیراعظم نے کہاکہ ہم افغانستان میں امن اور ترقی چاہتے ہیں اور مستحکم افغانستان سب کے مفاد میں ہے انہوں نے کہاکہ افغان مہاجرین کو اپنے وطن واپس جانا چاہئے ایک اور سوال پر وزیراعظم نے کہاکہ ماضی کے لیڈروں نے قومی خزانہ لوٹا اور اپنی جیبیں بھریں جبکہ ہم نے قومی خزانہ بھرا ہے اب ماضی کے لیڈروں کا دور واپس نہیں آنا چاہئے-