آمریت کے خاتمے کیلئے جمہوری قوتوں کے گرینڈ الائنس کے قیام کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔ قاضی حسین احمد۔۔امریکہ ‘ اسرائیل او ربھارت کا بلاک پاکستان اورپاکستانی تہذیب و تمدن کیخلا ف سازشوں میں مصروف ہے۔ طلباء کے وفد سے گفتگو

جمعرات 11 جنوری 2007 18:00

لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین11جنوری2007 ) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ و جماعت اسلامی پاکستان کے امیر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ اگر ایک لاکھ لوگ مکمل یکسوئی کیساتھ اپنے جمہوری حقوق کی بحالی کیلئے اسلام آباد میں پر امن دھرنا دیدیں تو ملک سے فوجی آمریت کا خاتمہ ہو سکتا ہے ۔ایم ایم اے آمریت کے خاتمے کیلئے تمام محب وطن اور جمہوری قوتوں کے ایک گرینڈ الائنس کے قیام کے لئے جدوجہد کر رہی ہے ۔

اسمبلیوں سے استعفوں کا حتمی فیصلہ متحدہ مجلس عمل کی سپریم کونسل کرے گی ۔امریکہ جنرل مشرف کے ذریعے روشن خیالی کے نام پر پاکستان کے نصاب او رمخلوط میرا تھن کے نام پر قوم کی بچیوں کو مردوں کے ساتھ دوڑا کر ہمارے معاشرے کو ایک لا دین معاشرہ بنانا چاہتا ہے ۔وہ گزشتہ رو زمنصورہ میں جہانزیب پوسٹ ڈگری کالج سید و شریف مینگورہ کے طلباء کے وفد سے ملاقات کے وران گفتگو کر رہے تھے ۔

(جاری ہے)

قاضی حسین احمد نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے قوم کے نوجوانوں میں فحاشی پھیلائی جارہی ہے لیکن ہم ایسی سازشوں کو ناکام بنا دیں گے ۔ امریکہ اسرائیل او ربھارت کا بلاک پاکستان اورپاکستانی تہذیب و تمدن کے خلا ف سازشوں میں مصروف ہے جبکہ حکمران بھی اسی بلاک کا حصہ بنتے جارہے ہیں ملک کی اساس اور نظریے پر حملے کئے جارہے ہیں ۔ ملک میں آئین و عدلیہ کے کردار کو محدود کر کے فوجی آمریت کو تقویت دینے کوششیں ہو رہی ہیں ۔

پاکستانی آئین کی رو سے فوج سیاست میں مداخلت نہیں کر سکتی لیکن جنرل مشرف نے آئین توڑ کر ملک پر فوجی آمریت مسلط کر رکھی ہے ہم اس آمریت کے خاتمے کیلئے تمام محب وطن اور جمہوری قوتوں کے ایک گرینڈ الائنس کے قیام کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں ۔ طلباء کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہا کہ ایم ایم اے متحد اور ایک با برکت اتحاد ہے ہم اسے قائم رکھتے ہوئے اپنی آئینی و جمہوری جدوجہد کو آگے بڑھاتے رہیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد تحفظ حقوق نسواں بل خواتین کے حقوق کا نہیں بلکہ فحاشی و عریانیت کو عام کرنے کا بل ہے ۔ جنرل مشرف نے امریکہ او ریورپ کو خوش کرنے کیلئے اسے زبردستی اسمبلی سے منظور کروایا ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں قاضی حسین احمد نے کہا کہ نوشہرہ میں احتجاجی جلسے میں بم دھماکے مرکزی حکومت نے کروائے تاکہ عوام کو ہراساں کر کے انہیں اپوزیشن کے جلسوں سے دور رکھا جا سکے حکومت کا یہ اقدام ملک ملک مستحکم جمہوری روایات کی بجائے انتہا پسندی اور تشدد کو جنم دے گا ۔

ان اقدامات سے حکومت کی اعتدال پسندی اورروشن خیالی کی قلعی کھل گئی ہے ہم ایسے ہتھکنڈوں سے مایوس نہیں ہونگے بلکہ ہماری تحریک آگے بڑھتی جائے گی اور انشا اللہ بہت جلد کامیاب ہو گی ۔ قاضی حسین احمد نے طلباء پر زور دیا کہ وہ قرآن و سنت کے بتائے ہوئے طریقوں کے مطابق اپنی زندگیوں کو ڈھالیں نبی پاک کو اپنا رہبر و رہنما بنا کر معاشرے کا قیمتی اثاثہ ثابت ہوں ۔